کرکٹ عالمی کپ: بارش سے پریشان سری لنکا کے لیے آسٹریلیا بڑا خطرہ

سری لنکا کی ٹیم چار میچوں میں ایک جیت، ایک ہار اور دو منسوخ میچوں کے ساتھ ٹیبل میں پانچویں نمبر پر ہے۔ سری لنکا کے چار پوائنٹس ہیں اور ان میں سے دو پوائنٹس تو منسوخ میچوں ہی سے آئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لندن: گزشتہ چمپئن آسٹریلیا اپنے گزشتہ مقابلے میں پاکستان کے خلاف ملی شاندار جیت کی بدولت ہفتہ کو سری لنکا کے خلاف ہونے والے عالمی کپ میچ میں جیت کے مضبوط دعویدار کی حیثیت سے اترے گا۔ آسٹریلیا نے ٹورنامنٹ میں اب تک بہترین کارکردگی کی ہے اور بیٹ اور گیند سے اس کے کھلاڑی اپنی تال میں نظر آ رہے ہیں۔ آسٹریلیا چار میچوں میں تین جیت اور چھ پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے۔ اسے واحد شکست ہندستان کے ہاتھوں ملی ہے۔

دوسری طرف سری لنکا کی ٹیم چار میچوں میں ایک جیت، ایک ہار اور دو منسوخ میچوں کے ساتھ ٹیبل میں پانچویں نمبر پر ہے۔ سری لنکا کے چار پوائنٹس ہیں اور ان میں سے دو پوائنٹس تو منسوخ میچوں ہی سے آئے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے لئے یہ مقابلہ آگے بڑھنے کے لحاظ سے بہت اہم ہے۔


آسٹریلوی ٹیم اپنے اوپنر ڈیوڈ وارنر کی شاندار فارم سے کافی مضبوط دکھائی دے رہی ہے۔ وارنر ٹورنامنٹ میں اب تک ایک سنچری اور دو نصف سنچری بنا چکے ہیں۔ وارنر نے پاکستان کے خلاف گزشتہ میچ میں شاندار سنچری بنائی تھی۔ وارنر کے علاوہ سابق کپتان اسٹیون اسمتھ، کپتان آرون فنچ، عثمان خواجہ اور وکٹ کیپرا یلیکس کیری اچھی بلے بازی کر رہے ہیں۔

آسٹریلیا کے تیز گیند بازوں مشیل اسٹارک اور پیٹ کمنز نے حریف بلے بازوں کو راحت کی سانس نہیں لینے دی ہے۔ کمنز اور اسٹارک اب تک نو نو وکٹ لے چکے ہیں اور وہ سری لنکا کے لئے مصیبت کھڑی کر سکتے ہیں۔


سری لنکا کے لئے اس وقت پریشانی یہی ہے کہ دو میچ منسوخ ہو جانے سے اس ٹیم کو مکمل میچ پریکٹس نہیں مل پا رہی ہے۔ سری لنکا کی ٹیم نے چار جون کے بعد سے کوئی میچ نہیں کھیلا ہے اور طویل وقفے کے بعد عالمی چمپئن کے خلاف اترنا اس کے لئے پریشانی کا سبب بن سکتا ہے۔

اگرچہ اس دوران سری لنکا کے لئے راحت کی بات یہی ہے کہ اس کے تیز گیند باز نوان پردیپ مشق میں واپس آئے ہیں اور آسٹریلیا کے خلاف میچ میں شرکت کر سکتے ہیں۔ سری لنکا کے تیز گیند باز لست ملنگا بھی اس میچ میں ٹیم کے ساتھ جڑیں گے جو اپنی ساس کے انتقال کی وجہ سے وطن لوٹ گئے تھے۔


پردیپ نے نو دن پہلے کارڈف میں افغانستان کے خلاف میچ فاتح مظاہرہ کیا تھا لیکن برسٹل میں نیٹ پریکٹس میں وہ زخمی ہو گئے تھے اور بنگلہ دیش کے خلاف میچ سے باہر ہو گئے تھے۔ اگرچہ ٹیم کو اس کا کوئی نقصان نہیں ہوا کیونکہ اس کا پاکستان اور بنگلہ دیش کے خلاف میچ بارش سے دھل گیا تھا۔ آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان اب تک 96 مقابلے ہوئے ہیں جس میں آسٹریلیا نے 60 اور سری لنکا نے 32 میچ جیتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔