آئی سی سی ایوارڈ: وراٹ کوہلی نے رقم کی تاریخ، تینوں انعام جیتنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بنے

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے سر گارفیلڈ سوبرس ٹرافی کےعلاوہ ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر اور ون ڈے پلیئر آف دی ایئر کا بھی ایوارڈ حاصل کیا، تینوں انعام حاصل کرنے والے وہ دنیا کے پہلے کھلاڑی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے منگل کو سال 2018 کی مردوں کی بہترین ٹیسٹ اور ونڈے ٹیم کا اعلان کیا۔ ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کو دونوں ٹیموں کا کپتان بنایا گیا ہے۔ جبکہ ٹیموں میں کل 4 ہندوستانی کرکٹروں کو جگہ ملی ہے۔ آئی سی سی کی طرف سے سال 2018-19 کے لئے دیئے جانے والے ایوارڈوں کا بھی اعلان کیا گیا۔

ریکارڈوں کا انبار لگانے والے وراٹ کوہلی کو لگاتار دوسری مرتبہ سر گارفیلڈ سوبرس ایواڈ حاصل ہوا ہے، اس کے علاوہ انہیں آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر بھی چنا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کوہلی کو آئی سی سی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کا کپتان بھی بنایا گیا ہے۔ وراٹ کی یہ کامیابی اور بھی خاص اس لئے بن جاتی ہے کیونکہ وہ اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر چنے گئے ہیں۔

وراٹ کوہلی نے گزشتہ سال کھیلے گئے 13 ٹیسٹ میچوں میں 55.08 کی اوسط سے 1322 رن بنائے جبکہ 14 ون ڈے میچوں میں انہوں نے 133.55 کی اوسط سے 1202 رن اسکور کیے ہیں۔ کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ میں گزشتہ سال 5 سنچریاں لگائیں جبکہ ونڈے میں ان کے نام 6 سنچریاں رہیں۔ کوہلی نے جنوبی افریقہ، انگلینڈ، ہندوستان اور آسٹریلیا میں کم از کم ایک ایک سنچری لگانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

آئی سی سی نے اپنے ایک بیان میں کہا، ’’وراٹ کوہلی کی 2018 میں بطور بلے باز اور کپتان بہترین کارکردگی کے لئے انہیں دونوں ٹیموں (ٹیسٹ اور ونڈے) کا کپتان چنا گیا ہے۔‘‘ ٹیسٹ ٹیم میں ہندوستان کی طرف سے رشبھ پنت اور تیز گیندباز جسپریت بمراہ بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ وہیں ون ڈے ٹیم میں کوہلی اور بمراہ کے علاوہ روہت شرما اور کلدیپ یادو نے جگہ بنائی ہے۔ وہیں ہندوستانی وکٹ کیپر-بلے باز رشبھ پنت کو اس سال کا ابھرتا ہوا کرکٹر قرار دیا گیا۔

یہ اعزاز حاصل ہونے کے بعد کوہلی نے کہا، ’’میں شکر گزار ہوں، بہت خوش ہوں کہ ٹیم بہت اچھا کام کر رہی ہے اور ساتھ ہی میری کارکردگی بھی بہتر رہی۔ عالمی سطح پر ایک کرکٹر کے طور پر آئی سی سی سے اعزاز ملنا فخر کی بات ہے۔‘‘

آئی سی سی کی 2018 کی ٹیسٹ ٹیم:

وراٹ کوہلی (کپتان)، ٹام لیتھم (نیو زیلینڈ)، دیمتھ کرورا رتنے (سری لنکا)، کین ولیمسن (نیو زیلینڈ)، ہینری نکولس (نیوزیلینڈ)، رشبھ پنت (ہندوستان) (وکٹ کیپر)، جیسن ہولڈر (ویسٹ انڈیز)، کگیسو رباڈا (جنوبی افریقہ)، ناتھن لیون (آسٹریلیا)، جسپریت بمراہ (ہندوستان)، محمد عباس (پاکستان)۔

آئی سی سی کی 2018 کی ون ڈے ٹیم:

وراٹ کوہلی (کپتان)، روہت شرما (ہندوستان)، جانی بیئرسٹا (انگلینڈ)، جو روٹ (انگلینڈ)، راس ٹیلر (نیوزیلینڈ)، جوس بٹلر (انگلینڈ) (وکٹ کیپر)، بین اسٹوکس (انگلینڈ)، مستفیض الرحمن (بنگلہ دیش)، راشد خان (افغانستان)، کلدیپ یادو (ہندوستان)، جسپریت بمراہ (ہندوستان)۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔