لاک ڈاؤن میں دھونی کے ساتھ وقت گزارنا پسند کروں گا: انمکت

انمکت سے کرکبز کے ڈیجیٹل اسپورٹس پلیٹ فارم اسپورٹس او کلاک پر چیٹ شو چمپئنز میں جب پوچھا گیا کہ وہ لاک ڈاؤن میں کس کھلاڑی کے ساتھ وقت گزارنا چاہیں گے؟ تو اس کے جواب میں انہوں نے دھونی کا نام لیا۔

تصویر ٹوئٹر انکت و بی سی سی آئی
تصویر ٹوئٹر انکت و بی سی سی آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: ہندوستانی بلے باز انمکت چند کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں وہ ہندوستان کے وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھونی کے ساتھ وقت گزارنا پسند کریں گے۔ اپنی کپتانی میں انڈیا کو انڈر 19 ورلڈ کپ جتانے والے انمکت سے کرکبز کے ڈیجیٹل اسپورٹس پلیٹ فارم اسپورٹس او کلاک پر چیٹ شو چمپئنز میں جب پوچھا گیا کہ وہ لاک ڈاؤن میں کس کھلاڑی کے ساتھ وقت گزارنا چاہیں گے؟ اس کے جواب میں انہوں نے دھونی کا نام لیا۔ انمکت نے کہا کہ دھونی چیزوں کو آسان بنانے میں مدد کرتے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ کیا کرنا ہے۔

آئی پی ایل میں راجستھان رائلز، دہلی ڈیر ڈیولز اور ممبئی انڈینز کی نمائندگی کرچکے انمکت نے ایک واقعے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کس طرح دھونی چار سے پانچ ماہ فوج میں گزارنے کے بعد بیٹنگ کرنے آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دھونی صاف ذہن سازی کے ساتھ اترے اور انہوں نے نیٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دھونی ہر چیز کو آسان اور آرام سے رکھتے ہیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے لاگو لاک ڈاؤن کے دوران کرکٹ سرگرمیاں موقوف ہیں اور انمکت اس دوران کتابیں پڑھ رہے ہیں۔ وہ بہت چھوٹی عمر سے ہی ڈائری لکھتے رہے ہیں اور یہ اب بھی ان کا شوق ہے۔ انہوں نے ایک کتاب "اسکائی از دی لمٹ" کے نام سے لکھی ہے۔


دہلی ڈیئر ڈیولز (اب دہلی کیپٹلس) کے لگاتار میچ ہارنے پر انمکت نے کہا کہ آئی پی ایل ایک مختلف کھیل ہے۔ یہ مناسب امتزاج کا کھیل ہے۔ کبھی کبھی آپ مقابلہ مسلسل جیت جاتے ہیں اور کبھی آپ مسلسل ہار جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ایک ایسی شکل ہے جہاں رفتار کا فرق پڑتا ہے۔ آپ کو تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملتا ہے جس سے آپ بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ اپنے کیریئر میں اتار چڑھاؤ کے بارے میں انمکت نے کہا کہ جب کوئی کرکٹر بیٹ اٹھاتا ہے تو اسے کیریئر کے اتار چڑھاؤ سے گزرنا پڑتا ہے۔ وہ انڈر 15 میں کھیلے جانے والے مقامی میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے پھر بھی انہیں ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا۔

انمکت نے کہا کہ یہ ان کے لئے انتباہ تھا۔ لیکن اس دوران اس نے مثبت ہونا سکھایا۔ انہوں نے اپنے تمام کوچز کا شکریہ ادا کیا جن کی وجہ سے وہ آج اس مقام پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوچ وہی ہیں جنہوں نے مجھے کھیل کی بنیادی باتیں سکھائیں۔ مجھے اچھے کھلاڑی بنانے میں میرے کوچ سنجے بھاردواج نے کلیدی کردار ادا کیا۔ تندرستی کے لئے تیراکی کو لازمی قرار دیتے ہوئے انمکت نے کہا کہ تیراکی آپ کو کسی بھی کھیل میں طاقت اور برداشت حاصل کرنے میں مدد دیتی ہے۔ وہ بہت چھوٹی عمر سے ہی تیراکی کر رہے ہیں۔ انہوں نے قومی سطح کے ٹورنامنٹس میں بھی حصہ لیا ہے۔


سینئر کھلاڑیوں کے مشورے پر انمکت نے کہا کہ سچن تندولکر ہمیشہ انھیں مشورہ دیتے ہیں کہ وہ اپنے کھیل کے ذہنی پہلو پر توجہ دیں۔ اس کے علاوہ جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین نے انہیں فٹ رہنے کا مشورہ دیا۔ سابق ہندوستانی کپتان راہل دراوڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں انمکت نے کہا کہ یہ بہت ہی خاص بات ہے کیونکہ جب میں اپنی کتاب لکھ رہا تھا تو میں نے ان سے اپنی کتاب کی رسم اجرا تقریب میں آنے کو کہا اور وہ اس کے لئے راضی ہوگئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔