پہلے ڈے نائٹ ٹیسٹ کو لے کر کافی پرجوش ہوں: روہت شرما

روہت شرما بنگلہ دیش کے خلاف کولکاتا کے ایڈن گارڈن میں ہونے جا رہے ملک کے پہلے ڈے نائٹ ٹیسٹ کو لے کر کافی پرجوش ہیں اور انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ٹیم انڈیا اس میچ میں بھی 60 پوائنٹس حاصل کرے گی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: ہندوستان کے سلامی بلے باز روہت شرما بنگلہ دیش کے خلاف کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں ہونے جا رہے ملک کے پہلے ڈے نائٹ ٹیسٹ کو لے کر کافی پرجوش ہیں اور انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ٹیم انڈیا اس میچ میں بھی 60 پوائنٹس حاصل کرے گی۔

روہت نے گلابی گیند سے 22 نومبر سے ہونے جا رہے اس دن رات ٹیسٹ کو لے کر پوچھے جانے پر جمعرات کو یہاں ایک پروگرام میں کہاکہ یہ پہلا موقع ہے جب ہم ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلیں گے ۔ ٹیم کے باقی کھلاڑیوں کا تو پتہ نہیں لیکن میں خود اس میچ کو لے کر بہت خوش ہوں۔ میں نے دليپ ٹرافی میں گلابی گیند سے ایک میچ کھیلا تھا اور میرا تجربہ بہت اچھا رہا تھا۔

زبردست فارم میں چل رہے اور جنوبی افریقہ کے خلاف گھریلو ٹیسٹ سیریز میں تین سنچری بنانے والے روہت اسپورٹس برانڈ ٹروسكس کے برانڈ ایمبیسڈر بنے ہیں۔ اس لانچ کے موقع پر روہت نے کہاکہ ہم کافی عرصے سے ڈے نائٹ ٹیسٹ کا انتظار کر رہے تھے۔ ہمارا یہ انتظار اب مکمل ہونے جا رہا ہے۔ امید ہے کہ ہم اس مقابلے میں بھی اچھا مظاہرہ کریں گے اور پورے 60 پوائنٹس حاصل کریں گے۔

ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بي سي بي) کے سامنے ایڈن گارڈن میں ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کی تجویز رکھی تھی جس پر بي سي بي نے رضامندی ظاہر کردی ہے۔ دونوں ہی ٹیموں کا یہ پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ ہوگا ۔ ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی بھی اس میچ کے لیے تیار ہیں اور بی سی سی آئی کے نئے صدر سورو گنگولی اس مقابلے کو لے کر کافی پرجوش ہیں۔ ٹیم کے ٹاپ بلے باز روہت نے بھی اس مقابلے کو لے کر اپنی بے چینی کا اظہار کیا ہے۔


بنگلہ دیش کے خلاف 3 نومبر سے شروع ہو نے والی تین میچوں کی ٹوئنٹی 20 سیریز میں کپتانی سنبھالنے جا رہے روہت نے کپتانی کے معاملے پر کہاکہ میرے لئے یہ معنی نہیں رکھتا ہے کہ مجھے ایک سیریز کے لئے یا ایک میچ کے لیے کپتانی ملی ہے ۔ میرے لئے یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ میں ہندستان کی ٹیم کی کپتانی کر رہا ہوں اور ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے اسے میدان میں لے جا رہا ہوں۔ پھر چاہے کپتانی ایک میچ کی ہو یا ایک سریز کی۔

محدود اوورز کے نائب کپتان اور اس ٹوئنٹی 20 سیریز کے کپتان روہت نے ساتھ ہی کہاکہ میں کبھی یہ نہیں سوچتا کہ مجھے ایک سیریز کے لئے کپتان بنایا گیا۔ مجھے جب بھی کپتانی دی جاتی ہے میں اس کے لیے تیار رہتا ہوں۔ ویسے بھی کپتانی کا مسئلہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہوتا ہے۔ جب ہم نے کھیلنا شروع کیا تھا تب ہم یہی سوچتے تھے کہ ملک کے لیے کھیلیں۔ ایسے میں آپ سمجھ سکتے ہیں کہ ملک کی کپتانی کرنا ایک کھلاڑی کے لئے کتنے فخر کی بات ہے۔

دارالحکومت کی آلودگی اور حریف ٹیم بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم کے فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں ماسک پہن کر پریکٹس کرنے کے بارے میں پوچھنے پر روہت نے کہاکہ میں کچھ دیر پہلے ہی پرواز سے اترا تھا اور یہاں آنے تک مجھے کوئی پریشانی محسوس نہیں ہوئی۔ گزشتہ سال بھی ہم نے ایسے ہی موسم میں ٹیسٹ کھیلا تھا اور پھر بھی کوئی پریشانی محسوس نہیں ہوئی تھی۔ ہمیں بتایا گیا ہے کہ تین نومبر کو میچ ہونا ہے اور ہمارے پاس میچ کو لے کر یہی جانکاری ہے۔


اپنی کارکردگی کو لے کر روہت نے کہاکہ میں جب بھی میدان میں اترتا ہوں تو میرا مقصد ٹیم کے لئے اچھی کارکردگی کرنا ہوتا ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں میں نے اچھا مظاہرہ کیا اور اسی کارکردگی کو میں بنگلہ دیش کے خلاف، ویسٹ انڈیز کے خلاف اور پھر نیوزی لینڈ کے دورے میں برقرار رکھنا چاہتا ہوں۔بی سی سی آئی کے نئے صدر سورو گنگولی کے لئے روہت نے کہاکہ میں انہیں برسوں سے جانتا ہوں اور جب میں نے کھیلنا شروع کیا تھا تب میں ان کے ساتھ کھیلا تھا۔ میری حال میں ان سے ملاقات ہوئی تھی اور اس دوران ہم نے ٹیم کے انتخاب پر بات کی تھی۔

اسی درمیان بنگلہ دیشی کرکٹر شکیب الحسن پر لگائے گئے آئی سی سی کی پابندی کے بارے میں پوچھنے پر روہت ناراض ہو گئے اور انہوں نے کہا کہ وہ آئی سی سی نہیں ہیں جو اس مسئلے پر کوئی جواب دیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔