’میں ایشیا کپ کا بائیکاٹ کر رہا ہوں، اسے دیکھنا نہیں چاہوں گا‘، سابق کرکٹر منوج تیواری کا ہند-پاک مقابلہ پر ردعمل
ٹی ایم سی لیڈر منوج تیواری نے کہا کہ ’’میری سمجھ سے بالاتر ہے کہ پہلگام جیسے واقعہ کے بعد کوئی کھیل کا مزہ کیسے لے سکتا ہے۔ بی سی سی آئی کو اس پر غور کرنا چاہیے۔‘‘
پہلگام حملہ کے بعد سے ہی ہند-پاک رشتے میں کافی کشیدگی آ گئی ہے، جس کا اثر کھیل پر بھی پڑا ہے۔ ایسے میں پہلے یہ قیاس آرائیاں لگائی جا رہی تھیں کہ ایشیا کپ میں ہند-پاک کا مقابلہ نہیں ہوگا۔ لیکن وزارت کھیل نے اس مقابلہ کو ہری جھنڈی دے دی ہے، اب 14 ستمبر کو ہند-پاک میچ ہوگا۔ حکومت کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد بھی سیاسی لیڈران کے بیانات سامنے آ رہے ہیں۔ اسی درمیان سابق ہندوستانی کرکٹر اور بنگال حکومت میں وزیر منوج تیواری کا ایشیا کپ پر ردعمل آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں ایشیا کپ کا بائیکاٹ کر رہا ہوں، میں اسے دیکھنے نہیں چاہوں گا۔‘‘
ایشیا کپ 2025 کے حوالے سے مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے منوج تیواری نے کہا کہ ’’یہ میری سمجھ سے بالاتر ہے کہ پہلگام جیسے واقعہ کے بعد کوئی کھیل کا مزہ کیسے لے سکتا ہے۔ بی سی سی آئی کو اس پر غور کرنا چاہیے۔ کھیل کا جذبہ ایک طرف ہے اور جو صحیح ہے وہ دوسری طرف ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جب ہم جانتے ہیں کہ دہشت گرد پاکستان سے آ رہے ہیں اور ان کی حکومت اسے روکنے کی کوشش نہیں کرتی۔ پہلگام حملے میں اتنے بے قصور لوگ مارے گئے۔ اس کے بعد جنگ کی سی صورت حال ہو گئی اور سب کہہ رہے تھے اب منہ توڑ جواب دیں گے، لیکن کچھ ماہ میں سب بھول کر میچ کی تیاری ہو رہی ہے۔
سابق کرکٹر نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کھیل کر ہم کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں؟ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کھیل سے زیادہ اہم زندگی کی حفاظت ہے، ایسے حالات میں اس طرح کا میچ ہونا صحیح پیغام نہیں دیتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ایشیا کپ کی شروعات 9 ستمبر سے ہونے والی ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے، 14 ستمبر کو ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گی۔ گروپ اے میں ہندوستان پاکستان کے علاوہ یو اے ای اور عمان کی ٹیمیں بھی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔