کولکاتہ کو 65 رنوں سے شکست دے کر حیدرآباد نے کھولا جیت کا کھاتہ، کے کے آر کی مسلسل دوسری ہار
کے کے آر کی جانب سے انگکرش رگھوونشی نے 29 گیندوں پر 52 رن اور نائب کپتان رنکو سنگھ نے 25 گیندوں پر 35 رن نے مزاحمت کی لیکن ٹیم کو جیت دلانے میں ناکام رہے۔
سن رائزرس حیدرآباد (ایس آر ایچ) نے کولکاتہ نائٹ رائیڈرس کو 65 رنوں سے شکست دے دی ہے۔ آئی پی ایل 2026 میں حیدرآباد کی ٹیم کی یہ پہلی جیت ہے اور کولکاتہ کی مسلسل دوسری شکست۔ کولکاتہ کے ایڈن گارڈنس میں کھیلے گئے اس مقابلے میں کے کے آر نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا۔ حیدرآباد کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورس میں 8 وکٹ کے نقصان پر 226 رنوں کا مشکل ہدف کھڑا کر دیا تھا۔ اس پہاڑ جیسے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کولکاتہ کی ٹیم 20 اوورس بھی نہیں کھیل پائی اور محض 16 اوورس میں 161 رنوں پر ڈھیر ہو گئی۔
حیدرآباد کے لیے سلامی بلے باز ابھیشیک شرما اور ٹریوس ہیڈ نے کہرام مچا دیا۔ دونوں نے مل کر صرف 34 گیندوں پر 82 رنوں کی اوپننگ شراکت قائم کی۔ ابھیشیک نے 48 اور ٹریوس ہیڈ نے 46 رنوں کی طوفانی اننگ کھیلی۔ دوسری جانب ہینرک کلاسن نے 52 رن کی شاندار اننگ کھیل کر ایس آر ایچ کو 226 رنوں کے مجموعی اسکور تک پہنچا دیا۔ اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے آل راؤنڈر نتیش کمار کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ انہوں نے بلے بازی میں 24 گیندوں میں 39 رن کی اننگ کھیلی اور گیند بازی میں 2 اوورس میں 17 رن دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے اتری کولکاتہ نائٹ رائیڈرس کی ٹیم کا آغاز ہی انتہائی خراب رہا۔ ٹی-20 ورلڈ کپ میں محض 33 گیندوں پر سنچری بنانے والے فن ایلن نے جارحانہ بیٹنگ کی اور پہلے ہی اوور میں 3 چوکے اور 2 چھکے لگا دیے تھے۔ مگر وہ 7 گیندوں پر 28 رن بنا کر ہرش دوبے کو کیچ تھما بیٹھے۔ کپتان اجنکیا رہانے بھی صرف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ انگکرش رگھوونشی نے 29 گیندوں پر 52 رن اور نائب کپتان رنکو سنگھ نے 25 گیندوں پر 35 رن نے مزاحمت کی لیکن ٹیم کو جیت دلانے میں ناکام رہے۔ دوسری جانب 25.2 کروڑ میں فروخت ہونے والے کیمرون گرین مسلسل دوسرے میچ میں ناکام رہے اور محض 2 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
واضح رہے کہ ایک وقت تو ایسا لگ رہا تھا کہ کے کے آر اس میچ کو آسانی سے جیت جائے گی، کیونکہ ٹیم نے 10.5 اوورس میں 3 وکٹ کے نقصان پر 120 رن بنا لیے تھے۔ اسی وقت 11ویں اوور کی آخری گیند پر انگکرش رگھوونشی رن آؤٹ ہو گئے۔ یہیں سے کے کے آر کی ٹیم سنبھل نہ سکی، اور اس کے بعد محض 41 رنوں کے اندر پوری ٹیم 16 اوورس میں 161 رنوں پر آل آؤٹ ہو گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔