برسبین ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد ہندوستانی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں کس طرح پہنچے گی؟

اس وقت ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس ٹیبل میں جنوبی افریقہ سب سے زیادہ 63.33 فیصد کے ساتھ پہلے مقام پر ہے، دوسرا مقام آسٹریلیا کو حاصل ہے جس کے 58.89 فیصد ہے، ہندوستان 55.89 فیصد کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ہندوستانی ٹیم، تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>

ہندوستانی ٹیم، تصویر@BCCI

user

قومی آواز بیورو

بارڈر-گواسکر ٹرافی میں ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان برسبین کے گابا میں کھیلا جا رہا تیسرا ٹیسٹ میچ آج ڈرا ہو گیا۔ اس کے ساتھ ہی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) ایک دلچسپ مرحلہ میں شامل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے لیے آسٹریلیا کے خلاف ہونے والے آئندہ 2 ٹیسٹ میچ انتہائی اہم ثابت ہونے والے ہیں، کیونکہ اس کے فائنل میں پہنچنے کی راہ بہت حد تک ان 2 ٹیسٹ میچوں پر ہی منحصر ہے۔ ہندوستان کے لیے آگے کی راہ بہت آسان دکھائی نہیں دے رہی، لیکن ایسا بھی نہیں ہے کہ راستہ بند ہو چکا ہے۔

ڈبلیو ٹی سی کا پوائنٹس ٹیبل دیکھیں تو اس وقت جنوبی فریقہ 63.33 فیصد پوائنٹس کے ساتھ پہلے مقام پر قابض ہے۔ آسٹریلیا اور ہندوستان کے پوائنٹس میں تھوڑی تبدیلی ہوئی ہے، لیکن یہ دونوں ہی دوسرے اور تیسرے مقام پر ہیں۔ آسٹریلیا 58.89 فیصد پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور ہندوستان 55.88 فیصد پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ چوتھے نمبر پر نیوزی لینڈ کا قبضہ ہے جس کے 48.21 فیصد پوائنٹس ہیں، اور پانچواں مقام 45.45 فیصد پوائنٹس کے ساتھ سری لنکا کو حاصل ہے۔ اصل مقابلہ اوپری 3 ٹیموں کے درمیان ہی ہے، ان کے علاوہ باقی ٹیمیں ڈبلیو ٹی سی فائنل کی دوڑ سے باہر ہی ہو چکی ہیں۔


جہاں تک ہندوستانی ٹیم کے لیے ڈبلیو ٹی سی فائنل میں پہنچنے کے امکانات کا سوال ہے، تو ہندوستان کو یقینی ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے آسٹریلیا کے خلاف ہونے والے آئندہ دونوں ٹیسٹ میچوں میں جیت حاصل کرنی ہوگی۔ اس سے آسٹریلیا کے پوائنٹس کافی کم ہو جائیں گے اور ہندوستان کے پوائنٹس بڑھیں گے۔ دونوں ٹیسٹ میچ اگر ہندوستان جیت جاتا ہے تو اس کے 60.52 فیصد پوائنٹس ہو جائیں گے اور آسٹریلیا کے پوائنٹس اس سے کم رہیں گے، چاہے وہ سری لنکا کے خلاف ہونے والے 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جیت ہی حاصل کیوں نہ کر لے۔ جنوبی افریقہ پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا ایک بھی میچ جیتتی ہے تو وہ فائنل میں جگہ بنا لے گی، ورنہ آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان فائنل میچ ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ جنوبی افریقہ کی ایک فتح اسے فائنل میں پہنچا دے گی اور پھر دوسری ٹیم کا انتظار کرنا ہوگا جو ہندوستان یا آسٹریلیا ہو سکتی ہے۔

اس کے علاوہ بھی کچھ ایسے حالات ہیں کہ ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا سے ایک ٹیسٹ میچ جیت کر بھی ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میں پہنچ سکتی ہے۔ ہندوستانی ٹیم اگر بارڈر-گواسکر ٹرافی کے باقی بچے 2 میچوں سے اگر ایک میں جیت حاصل کرتی ہے اور ایک ڈرا کراتی ہے تو پھر اسے سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف ہونے والے ٹیسٹ میچ کا نتیجہ دیکھنا ہوگا۔ اس صورت میں ہندوستانی ٹیم امید کرے گی کہ 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا سری لنکا سے شکست کھا جائے۔ اگر ایسا ہوا تو پھر ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان فائنل مقابلہ کھیلا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔