ہٹ مین روہت شرما کی سنچری، سیریز پر ہندوستان کا قبضہ

روہت نے 128 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 119 رن بنائے اور مین آف دی میچ بنے۔ روہت کی یہ 29 ویں سنچری تھی اور اپنی اننگز کا چوتھا رن بنانے کے ساتھ انہوں نے ون ڈے میں 9000 رن مکمل کر لئے.

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بنگلور: نائب کپتان اور سلامی بلے باز روہت شرما (119) کی 29 ویں سنچری اور کپتان وراٹ کوہلی (89) کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 137 رنوں کی بہترین شراکت کی بدولت ہندوستان نے آسٹریلیا کو تیسرے اور آخری ون ڈے میں اتوار کو سات وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔

ہندوستان نے پہلا ون ڈے 10 وکٹ سے ہارنے کے بعد شاندار واپسی کی۔ راجکوٹ اور بنگلور میں دو میچ جیت کر سیریز اپنے نام کی۔ آسٹریلیا نے بلے باز اسٹیون اسمتھ (131) کے نویں سنچری سے مقررہ 50 اوور میں نو وکٹ پر 286 رن کا مضبوط اسکور بنایا لیکن روہت کی سنچری اور وراٹ کی بہترین نصف سنچری نے اس اسکور کو چھوٹا ثابت کر دیا۔ ہندوستان نے 47.3 اوور میں تین وکٹ پر ۔289 رن بنا کر میچ آسانی سے جیت لیا۔


روہت نے 128 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 119 رن بنائے اور مین آف دی میچ بنے۔ روہت کی یہ 29 ویں سنچری تھی اور اپنی اننگز کا چوتھا رن بنانے کے ساتھ انہوں نے ون ڈے میں 9000 رن مکمل کر لئے. روہت یہ کامیابی حاصل کرنے والے دنیا کے 20 ویں بلے باز بن گئے ہیں۔

وراٹ اپنی 44 ویں سنچری بنانے سے صرف 11 رن دور رہ گئے لیکن انہوں نے ون ڈے میں ففٹی پلس اسکور کی سنچری مکمل کر لی اور ساتھ ہی کپتان کے طور پر سب سے تیز 5000 رن بنانے والے کھلاڑی بن گئے. وراٹ نے 91 گیندوں پر 89 رن میں آٹھ چوکے لگائے۔


ہندوستان نے اس طرح آسٹریلیا سے پچھلے ون ڈے سیریز میں ملی 2-3 کی شکست کا بدلہ چکا لیا۔ روہت کی سنچری اور وراٹ کی نصف سنچری کے علاوہ اوپنر لوکیش راہل نے 19، شريس ایئر نے( ناٹ آؤٹ) 44 اور منیش پانڈے نے ناٹ آؤٹ آٹھ رن بنائے. پانڈے نے جوش ہیزل وڈ پر ہندوستان کے لئے فاتح چوکا مارا۔

ہندوستان نے اس میچ میں شکھر دھون کے زخمی ہونے کی وجہ اوپننگ میں ان کی جگہ لوکیش راہل کو واپس اوپننگ میں اتارا. شیکھر نے گزشتہ میچ میں 96 رن بنائے تھے. گزشتہ دو میچوں میں سستے میں آؤٹ ہونے والے روہت نے اس بار اپنی شاندار کارکردگی پیش کی اور آسٹریلیا کے تیز اور سپن حملے کو تباہ کر دیا۔


روہت نے اپنی 29 ویں ون ڈے سنچری بنا کر ہندوستان کی جیت کا راستہ ہموار کر دیا. انہوں نے ون ڈے میں پہلے 9000 رن پورے کئے اور پھر 29 ویں سنچری کے ساتھ سب سے زیادہ ون ڈے سنچری بنانے میں چوتھے نمبر پر پہنچ گئے. روہت نے راہل کے ساتھ اوپننگ میں 69 رن جوڑے. راہل نے 27 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 19 رن بنائے۔

نائب کپتان نے پھر اپنے کپتان کے ساتھ سنچری شراکت کی اور ہندوستان کو فتح کی راہ پر ڈال دیا۔ روہت کا وکٹ 37 ویں اوور میں 206 کے اسکور پر گرا. روہت کو لیگ اسپنر آدم جمپا نے چوتھی بار اپنا شکار بنایا. وراٹ نے پھر ایر کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے 68 رن جوڑ کر ہندوستان کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا. وراٹ کو ہیزل وڈ نے بولڈ کیا جب وہ اپنی سنچری سے 11 رن دور تھے. وراٹ کا وکٹ ۔274 کے اسکور پر گرا. ایر اور پانڈے نے ہندوستان کو جیت کی منزل پر پہنچایا. ایئر نے فارم میں واپسی کرتے ہوئے 35 گیندوں پر ناٹ آوٹ 44 رن میں چھ چوکے اور ایک چھکا لگایا. پانڈے نے ناٹ آؤٹ آٹھ رن میں دو چوکے لگائے۔


ا س سے قبل آاسٹریلیائی بلے باز اسٹیون اسمتھ (131) نے تین سال کے طویل وقفے کے بعد ون ڈے میں سنچری بنائی ۔اسمتھ 132 گیندوں میں 14 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 131 رنز بنا کر 48 ویں اوور کی پہلی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اسمتھ راجکوٹ میں دوسرے ون ڈے میں محض دو رن سے سنچری سے چوک گئے تھے لیکن اس مقابلے میں انہوں نے شاندار سنچری بنائی۔ سابق کپتان اسمتھ کی ون ڈے میں یہ نویں سنچری ہے جبکہ ان کی آٹھویں سنچری 19 جنوری 2017 کو بنا ئی گئی تھی ۔ اس طرح انہوں نے ٹھیک تین سال کے طویل وقفے کے بعد جاکر ون ڈے میں سنچری بنائی۔

ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری آسٹریلیا نے اپنے دونوں اوپنروں کو جلدی گنوا دیا۔ پہلے ون ڈے کے سنچری میکر اوپنر ڈیوڈ وارنر مسلسل دوسرے میچ میں سستے میں آؤٹ ہو گئے۔ وارنر سات گیندوں میں تین رن ہی بنا سکے۔ انہیں محمد سمیع نے آؤٹ کیا۔ کپتان آرون فنچ 26 گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 19 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔دو وکٹ 46 رنز پر گر جانے کے بعد اسمتھ نے مارنس لابوشین کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے 127 رن کی شاندار شراکت کی۔ لابوشین نے 64 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 54 رن بنائے اور انہیں لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ نے 32 ویں اوور میں اپنا شکار بنایا۔ جڈیجہ نے اسی اوور کی آخری گیند پر مچل اسٹارک کو کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ کر دیا۔


اسمتھ نے پھر وکٹ کیپر ایلیکس کیری کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لئے 58 رن کی ساجھےداری کی۔ کیری کو چائنامین بولر کلدیپ یادو نے آؤٹ کیا۔ کیری نے 36 گیندوں پر 35 رن میں چھ چوکے لگائے۔ ایشٹن ٹرنر چار رنز بنا کر نوديپ سینی کا شکار بنے۔ہندوستانی گیند بازوں نے آخری پانچ اوورز میں آسٹریلیا پر لگام لگا کر اسے 300 کے اسکور تک نہیں پہنچنے دیا۔ سمیع نے اسمتھ اور پیٹ کمنز کو 48 ویں اوور میں اور ایڈم زمپا کو آخری اوور میں آؤٹ کیا۔ سمیع نے 10 اوور میں 63 رن دے کر چار وکٹ لئے جبکہ جڈیجہ کو 44 رن پر دو وکٹ ملے۔ کلدیپ نے 62 رن پر ایک وکٹ اور نوديپ سینی نے 65 رن پر ایک وکٹ لیا۔ جسپريت بمراه نے کسی ہوئی گیند بازی کرتے ہوئے 10 اوور میں صرف 38 رنز دیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔