میلبورن میں تاریخ رقم، آسٹریلیا میں ایک ٹیسٹ میں سب سے زیادہ شائقین کے اسٹیڈیم پہنچنے کا نیا ریکارڈ قائم
میلبورن ٹیسٹ میچ میں پانچوں دن ملا کر کُل 350700 سے زائد لوگوں نے میچ کا لطف اٹھایا۔ اس سے قبل 1937ء میں 350374 لوگوں کے اسٹیڈیم پہنچنے کا ریکارڈ تھا۔

اسٹیڈیم میں کرکٹ فینس کی بھیڑ، تصویر 'ایکس'
میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جا رہا باکسنگ ڈے ٹیسٹ جہاں ایک طرف دلچسپ مرحلہ میں داخل ہو گیا ہے وہیں شائقین نے بھی میچ میں اپنی چھاپ چھوڑ دی ہے۔ دراصل اس ٹیسٹ کے پانچویں دن شائقین کی تعداد کا ایک نیا ریکارڈ بن گیا ہے۔ اس ٹیسٹ میں میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر باکسنگ ڈے کی تاریخ میں سب سے زیادہ شائقین میچ دیکھنے پہنچے ہیں۔
میلبورن ٹیسٹ میچ میں پانچوں دن ملا کر کُل 350700 سے زیادہ کرکٹ شائقین میچ کا لطف اٹھانے کے لیے اسٹیڈیم پہنچے۔ آسٹریلیا میں کرکٹ کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے جب اتنی بڑی تعداد میں لوگ ٹیسٹ میچ دیکھنے اسٹیڈیم پہنچے۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان چوتھے ٹیسٹ میچ کے دلچسپ مرحلے میں داخل ہونے کے بعد پانچویں دن کرکٹ شائقین میں غضب کا جوش دیکھنے کو مل رہا ہے اور وہ کثیر تعداد میں اسٹیڈیم میں اپنی حاضری دے رہے ہیں۔
آسٹریلیا میں آج سے پہلے کبھی ایک ٹیسٹ میچ کو دیکھنے کے لیے اتنے شائقین نہیں پہنچے تھے۔ اس سے قبل 1937ء میں عظیم کرکٹر سر ڈان بریڈ مَین نے جب اپنا سب سے بڑا اسکور 270 رن بنایا تھا، تو اس دوران 6 دن کے ٹسیٹ میچ میں کُل 350374 لوگ میچ دیکھنے آئے تھے۔ اس طرح ایم سی جی میں سب سے زیادہ کرکٹ شائقین کے پہنچنے کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ ساتھ ہی کسی اسٹیڈیم میں سب سے زیادہ شائقین کا یہ دوسرا ریکارڈ بن گیا۔
ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن کے کھیل کی بات کی جائے تو مقابلہ اپنے اہم موڑ پر پہنچ چکا ہے۔ دن کی شروعات میں ہی بمرہ نے ناتھن لیون کو بولڈ کرکے آسٹریلیائی اننگز کو 234 رنوں پر سمیٹ دیا۔ اس کے بعد ٹیم انڈیا کو 340 رنوں کا نشانہ ملا جس کے جواب میں ہندوستانی سلامی بلے باز کچھ دیر تک تو کریز پر ڈٹے رہے لیکن روہت کے آؤٹ ہونے کے بعد راہل اور کوہلی بھی پویلین پہنچ گئے اور صرف 33 رنوں پر ٹیم نے 3 وکٹ گنوا دیے۔ اس کے بعد رشبھ پنت اور یشسوی جیسوال نے پاری کو سنبھالا اور جب ٹیم بہتر پوزیشن میں پہنچ رہی تھی تو پنت غیر ذمہ دارانہ شاٹ لگا کر 30 رن پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد پھر جڈیجہ اور نتیش ریڈی بھی فوراً پویلین چلتے بنے۔ آخر خبر لکھے جانے تک ٹیم انڈیا نے چائے کے ایک گھنٹے بعد تک 6 وکٹ پر 138 رن بنا لیے تھے جس میں یشسوی جیسوال 82 رن بناکر اور واشنگٹن سندر 2 رن بناکر کریز پر ڈٹے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔