’وہ میرا نیا فیوریٹ پلیئر‘، ویبھو سوریہ ونشی کی آتشی بلے بازی کے مرید ہوئے پیٹ کمنس
پیٹ کمنس نے میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’’وہ (ویبھو) اب میرے پسندیدہ کھلاڑی ہیں۔ وہ گیند کو بہت زور سے مارتے ہیں، اسے کھیلتے ہوئے دیکھنا بہت شاندار ہے۔‘‘
آئی پی ایل 2026 میں ہفتہ (25 اپریل) کو سن رائزرس حیدرآباد اور راجستھان رائلس کے درمیان مقابلہ کھیلا گیا۔ اس میچ میں حیدرآباد نے 5 وکٹوں سے شاندار جیت حاصل کی۔ لیکن اس سے قبل میدان میں راجستھان رائلس کے نوجوان سلامی بلے باز ویبھو سوریہ ونشی کا طوفان دیکھنے کو ملا، انہوں نے محض 36 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کر لی۔ ویبھو کی یہ بلے بازی دیکھ کر آسٹریلیا کے تجربہ کار گیند باز اور حیدرآباد کے کپتان پیٹ کمنس دنگ رہ گئے۔
سن رائزرس حیدرآباد کے کپتان پیٹ کمنس نے 15 سالہ سوریہ ونشی کی جم کر تعریف کی اور انہیں اپنا نیا پسندیدہ کھلاڑی تک قرار دے دیا۔ پیٹ کمنس نے میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’’وہ (ویبھو) اب میرے پسندیدہ کھلاڑی ہیں۔ وہ گیند کو بہت زور سے مارتے ہیں، اسے کھیلتے ہوئے دیکھنا بہت شاندار ہے۔ گیند بازوں کو بالکل درست جگہ پر گیند کرنی پڑتی ہے، ورنہ گیند بہت دور جاتی ہے۔ وہ بے حد متاثر کن ہیں اور انہوں نے اپنے کیریئر کا شاندار آغاز کیا ہے۔‘‘
پیٹ کمنس سے قبل آر سی بی کے خلاف کھیلی گئی 26 گیندوں پر 78 رنوں کی دھماکے دار اننگ دیکھ کر وراٹ کوہلی بھی کافی متاثر ہوئے تھے۔ اس میچ میں ویبھو سوریہ ونشی نے بھونیشور کمار اور ہیزل ووڈ جیسے گیند بازوں کو بھی نہیں بخشا تھا۔ میچ کے بعد وراٹ کوہلی نے ویبھو سوریہ ونشی کی کیپ پر ایک خاص میسج لکھا تھا جو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کافی وائرل ہو رہا تھا۔ انہوں نے لکھا تھا کہ ’’ڈیئر ویبھو، ویل ڈن‘‘۔ راجستھان رائلس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر کیپ کی ویڈیو شیئر کی تھی۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے تیز گیند باز پیٹ کمنس آئی پی ایل 2026 میں اپنا پہلا میچ کھیل رہے تھے، جہاں ان کا سامنا ویبھو سوریہ ونشی سے ہوا۔ ویبھو نے حیدرآباد کی گیند بازی پر جم کر حملہ بولا۔ کپتان کمنس نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا تھا، لیکن 15 سالہ بلے باز نے پہلے ہی اوور میں مسلسل چار چھکے لگا کر میچ کا رخ موڑ دیا۔ اس کے بعد انہوں نے دوسرے اوور میں کمنس کی پہلی ہی گیند پر بھی چھکا جڑ دیا۔
ویبھو سوریہ ونشی نے اپنی 103 رنوں کی آتشی اننگ میں 12 چھکے اور 5 چوکے لگائے۔ اس شاندار اننگ کی بدولت راجستھان نے 228 رن بنائے تھے۔ حالانکہ حیدرآباد کی ٹیم نے ابھیشیک شرما اور ایشان کشن کی طوفانی نصف سنچریوں کی بدولت یہ ہدف حاصل کر لیا اور 5 وکٹوں سے جیت درج کی۔ میچ کے بعد کمنس نے اسے بہت اچھی جیت قرار دیا اور کہا کہ واپسی کے لیے یہ ایک شاندار آغاز ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔