ہنوما اور پنت کی شاندار سنچریوں سے ہندوستان کا آسٹریلیا اے کے خلاف 386 رن کا مضبوط اسکور

ہندوستان کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے دوسرے دن کے آخری اوور میں مسلسل پانچ گیندوں پر 4،4،6،4،4 لگاتے ہوئے اپنی سنچری صرف 73 گیندوں میں مکمل کی۔

رشبھ پنت، تصویر ٹوئٹر @BCCI
رشبھ پنت، تصویر ٹوئٹر @BCCI
user

یو این آئی

سڈنی: ہنوما وہاری (ناٹ آؤٹ 104)، وکٹ کیپر رشبھ پنت (ناٹ آؤٹ 103) کی شاندار سنچریوں اور مینک اگروال (61) و شبھمن گل (65) کی نصف سنچریوں کی بدولت ہندوستان نے آسٹریلیا ’اے‘ کے خلاف گلابی گیند سے ڈے-نائٹ پریکٹس میچ کے دوسرے دن ہفتہ کے روز اپنی دوسری اننگز میں بلے بازی کی شاندار مشق کرتے ہوئے چار وکٹ پر 386 رن کا مضبوط اسکور بنالیا۔ ہندوستان کے پاس اب مجموعی طور پر 472 رن کی سبقت ہوگئی ہے۔

ہندوستان نے 17 دسمبر سے ایڈیلیڈ میں ہونے والے پہلے دن - رات ٹسٹ سے قبل اس پریکٹس میچ کے پہلے دن اپنی اننگز میں 194 رن بنائے تھے جس میں تیز گیندباز جسپریت بمراہ نے ناٹ آوٹ 55 رن بناکر کیریر کی کسی بھی فارمیٹ میں پہلی نصف سنچری مکمل کی۔ آسٹریلیا اے کی ٹیم 108 رن پر سمٹ گئی تھی۔


دوسرے دن کے کھیل میں ہندوستانی بلے بازوں نے شاندار پریکٹس کی۔ سلامی بلے باز پرتھوی شا کے علاوہ سبھی چوٹی کے بلے بازوں نے جم کر رن بنائے اور پہلی اننگز کی ناکامی کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ہنوما نے بہترین بلے بازی کرتے ہوئے 194 گیندوں میں ناٹ آوٹ 104 رن میں 13 چوکے لگائے جبکہ پنت نے دن کے آخری اوور میں مسلسل پانچ گیندوں پر 4،4،6،4،4 لگاتے ہوئے اپنی سنچری صرف 73 گیندوں میں مکمل کی۔ پنت 73 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 103 رن میں نوچوکے اور چھ چھکے لگا چکے ہیں اور وکٹ کیپر کی جگہ کے لئے اپنی دعویداری مضبوطی سے پیش کی ہے۔

پرتھوی آٹھ گیندوں میں صرف تین رن بناکر آوٹ ہوئے جس سے پہلے ٹسٹ میں اوپننگ کے لئے ان کا دعویٰ کافی کمزور پڑگیا ہے۔ پرتھوی نے دو پریکٹس میچوں کی چار اننگز میں 0, 19, 40 اور تین رن بنائے ہیں۔ سلامی بلے باز مینک اگروال نے پہلی اننگز میں دو رنز بنائے تھے لیکن دوسری اننگز میں انہوں نے 120 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے شاندار 61 رن بنائے۔ اس بنیاد پر مینک کا اوپننگ میں جگہ محفوظ ہے۔ مینک کے جوڑی دار کے طور پر گل نے اپنا دعویٰ مضبوطی کے ساتھ پیش کیا ہے۔ گل نے پہلی اننگز میں 43 رن بنائے تھے اور دوسری اننگز میں انہوں نے 78 گیندوں پر 65 رن میں دس چوکے لگائے۔ مینک اور گل نے دوسرے وکٹ کے لئے 104 رن جوڑے۔ مینک اور ہنوما نے تیسرے وکٹ کے لئے 63 رن کا تعاون دیا۔


ٹسٹ نائب کپتان اجنکیا رہانے نے پہلے پریکٹس میچ میں سنچری بنائی تھی اور یہاں دوسری اننگز میں انہوں نے 71 گیندوں میں 38 رن بنائے۔ ہنوما اور رہانے نے چوتھے وکٹ کے لئے 78 رن کی رفاقت کی۔ ہنوما نے پھر پنت کے ساتھ پانچویں کی ناٹ آوٹ ساجھیداری میں 136 گیندوں میں 147 رن جوڑے۔

پنت نے دن کے آخری اوور میں جیک ولڈرمتھ کی گیندوں پر چار چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 22 رن بنائے اور اپنی سنچری دن کی آخری گیند پر مکمل کی۔ انہوں اپنی شاندار بلے بازی سے ایڈیلیڈ میں پہلے ٹسٹ کے لئے اپنا دعویٰ مضبوطی کے ساتھ پیش کیا ہے۔ آسٹریلیا اے کی طرف سے مارک اسٹیکیٹی نے 54 رن پر دو وکٹ جبکہ ولڈرمتھ نے 79 رن پر ایک وکٹ اور مشیل سویپسن نے 148 رن پر ایک وکٹ حاصل کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */