گوہاٹی ٹیسٹ: آخری سیشن میں ہندوستان کی مضبوط واپسی، جنوبی افریقہ نے پہلے دن گنوائے 6 وکٹ

گوہاٹی ٹیسٹ کے پہلے دن جنوبی افریقہ نے اچھی شروعات کے باوجود 247 رنز پر 6 وکٹیں کھو دیں۔ ہندوستان کی جانب سے کلدیپ یادو نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ بمراہ، سراج اور جڈیجہ نے ایک ایک شکار کیا

<div class="paragraphs"><p>گوہاٹی ٹیسٹ / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

گوہاٹی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز ہندوستانی ٹیم نے آخری سیشن میں شاندار واپسی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی مضبوط پیش قدمی کو سست کر دیا۔ برساپارا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس مقابلے میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے عمدہ شروعات کی مگر دن کے اختتام تک اس کے چھ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ کھیل ختم ہونے تک 81.5 اوورز میں جنوبی افریقہ نے 247 رنز اسکور کر لیے تھے اور ساتواں وکٹ باقی تھا۔

ٹیم کے کپتان ٹمبا باووما نے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جسے ان کے اوپنرز نے درست ثابت کیا۔ ایڈن مارکرم اور رائن ریکلٹن نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 82 رنز کی شراکت قائم کی۔ مارکرم نے اعتماد کے ساتھ 38 رنز بنائے، تاہم پہلے سیشن کی آخری گیند پر جسپریت بمراہ نے انہیں بولڈ کر کے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ دوسرے سیشن کی صرف تیسری گیند پر رائن ریکلٹن بھی 35 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے، یوں کھیل کا توازن ایک بار پھر بدلنے لگا۔

اس موقع پر ٹرسٹن اسٹبس اور کپتان باووما نے اننگز کو سہارا دیتے ہوئے تیسرے وکٹ کے لیے 84 رنز کی اہم شراکت نبھائی۔ باووما نے 92 گیندوں پر 41 رنز اسکور کیے، جس میں پانچ خوبصورت چوکے شامل تھے، جبکہ اسٹبس نے 49 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ جب جنوبی افریقہ کا مجموعہ 201 رنز تک پہنچا تو اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے اور میچ کا رخ تبدیل ہوتا محسوس ہوا۔


اس کے بعد ٹونی ڈی زورجی اور سینوران مٹھوسامی نے چھٹے وکٹ کے لیے 45 رنز جوڑتے ہوئے اسکور کو 250 کے قریب پہنچایا، تاہم ہندوستانی بولرز نے دباؤ برقرار رکھا۔ پہلے دن کے اختتام تک سب سے کامیاب بولر کلدیپ یادو رہے، جنہوں نے گھومتی ہوئی گیندوں سے بیٹسمینوں کو پریشان کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ بمراہ، محمد سراج اور رویندر جڈیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہندوستانی ٹیم اس میچ میں دو تبدیلیوں کے ساتھ اتری۔ شُبھمن گل گردن کی چوٹ کے باعث دستیاب نہیں تھے، اور ان کی جگہ ٹیم کی قیادت رشبھ پنت کے حوالے کی گئی۔ پنت ہندوستان کے 38ویں ٹیسٹ کپتان بن گئے ہیں اور وہ مہندر سنگھ دھونی کے بعد دوسرے وکٹ کیپر ہیں جنہیں یہ اعزاز ملا ہے۔

ٹیم میں اکشر پٹیل کے بجائے نتیش ریڈی اور گل کی جگہ سائی سدرشن کو شامل کیا گیا۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ نے کوربن بوش کی جگہ متھوسامی کو موقع دیا۔ یاد رہے کہ ہندوستانی ٹیم کولکاتا میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں 30 رنز سے شکست کھا کر سیریز میں پیچھے ہے۔ ایسے میں یہ میچ نہایت اہمیت اختیار کر گیا ہے، اور میزبان ٹیم سیریز 1-1 سے برابر کرنے کے ارادے سے میدان میں اتری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔