گجرات جائنٹس نے یوپی واریئرز کو 81 رن سے شکست دی
187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اترنے والی یوپی واریئرز کی شروعات خراب رہی کیونکہ 36 رن کے اسکور پر اس کی پانچ وکٹیں گر گئی تھیں۔
تصویر بشکریہ آئی اے این ایس
بیتھ مونی (ناٹ آؤٹ 96) اور ہرلین دیول (45) کی دھماکہ خیز اننگز کے بعد شاندار گیند بازی کی بدولت گجرات جائنٹس نے پیر کے روز ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کے 15ویں میچ میں یوپی واریئرز کو 81 رن سے شکست دی۔
187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اترنے والی یوپی واریئرز کی شروعات خراب رہی کیونکہ 36 رن کے اسکور پر اس کی پانچ وکٹیں گر گئی تھیں۔ یوپی کے یہ پانچوں بلے باز گجرات کے بولنگ اٹیک کے سامنے ڈبل فیگر تک بھی نہیں پہنچ سکے۔ دو بلے باز صفر پر آؤٹ ہوئے۔ 10 ویں اوور میں تنوجا کنور نے گریس ہیرس کو کیچ کرکے اتر پردیش کی بیٹنگ کی کمر توڑ دی، جو ایک اینڈ پکڑی ہوئی تھی اور رنز بنا رہی تھی۔ ہیرس نے 30 گیندوں پر (25) رنز بنائے۔ شینیل ہنری نے دھماکہ خیز اننگز کھیلنے کی کوشش کی اور وہ بھی تنوجا کنور کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئیں۔ ہنری نے 14 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے۔ اوما چھتری (17) 17ویں اوور میں آٹھویں وکٹ کے طور پر گری۔ کاشوی گوتم نے اسی اوور میں گوہر سلطانہ (0) کو آؤٹ کر کے گجرات کو نویں کامیابی دلائی۔ تنوجا کنور نے 18ویں اوور کی پہلی گیند پر سوفی ایکلسٹون (14) کو آؤٹ کر کے یوپی واریئرز کی اننگز 105 رنز پر ختم کر دی۔
گجرات جائنٹس کی طرف سے کاشوی گوتم اور تنوجا کنور نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ ڈینڈرا ڈوٹن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ میگھنا سنگھ اور ایشلے گارڈنر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل ایکانا اسٹیڈیم میں آج مونی کی بیٹنگ توجہ کا مرکز بنی۔ تاہم، مونی اپنے ڈبلیو پی ایل کیریئر کی پہلی سنچری بنانے سے محروم رہی، لیکن یہ ان کے ڈبلیو پی ایل کیریئر کا سب سے بڑا اسکور تھا۔ انہوں نے 59 گیندوں کا سامنا کیا اور 17 خوبصورت چوکے لگائے۔
ہارلین نے اپنی 32 گیندوں کی اننگز میں چھ بار گیند کو باؤنڈری کے پار پہنچایا۔ دوسرے سرے پر مضبوط بلے بازی کرتے ہوئے مونی نے یوپی کے گیند بازوں پر کوئی رحم نہیں کیا اور گراؤنڈ کے چاروں طرف پرکشش شاٹس مارتی رہی۔ گجرات کو کپتان ایشلے گارڈنر (11) اور ڈینڈرا ڈوٹن (17) کی صورت میں دو اور دھچکے لگے، جس سے گجرات کا رن ریٹ جزوی طور پر متاثر ہوا۔ دیپتی شرما نے اننگز کے 19ویں اوور میں فوبی لیچ فیلڈ کی وکٹ لے لی۔ یوپی کے لیے سوفی ایکلسٹون دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر بنیں، جب کہ دیپتی شرما، شینیل ہنری اور کرانتی گوڑ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔