گل کی کپتانی، شامی ٹیم سے باہر، چیف سلیکٹر اجیت اگرکر کے چند اہم فیصلے
چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے گل کو کپتان اور شامی کو باہر رکھنے کا فیصلہ کیا۔ کوہلی کے ٹیسٹ سے ریٹائرمنٹ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپریل میں ہی ارادہ ظاہر کر دیا تھا

اجیت اگرکر، تصویر @BCCI
ہندوستانی ٹیم ایک لمبے عرصے بعد وراٹ کوہلی، روہت شرما اور روی چندرن اشون جیسے سینئر کھلاڑیوں کے بغیر کسی غیر ملکی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز کھیلنے جا رہی ہے۔ ہفتہ (24 مئی) کو ٹیم انڈیا کے چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے انگلینڈ دورہ کے لیے پریس کانفرنس کر 18 رکنی ٹیم کا اعلان کیا۔ ساتھ ہی روہت شرما کے استعفیٰ کے بعد نئے کپتان کے طور پر نوجوان بلے باز شبھمن گل کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران وراٹ کوہلی کے اچانک استعفیٰ لینے، ٹیم میں محمد شامی کا انتخاب نہ کرنے اور ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان جسپریت بمراہ کو کپتانی نہ دینے اور نائب کپتانی کی ذمہ داری رشبھ پنت کو سونپ دینے جیسے اہم سوال کا جواب بھی اجیت اگرکر نے دیا ہے۔
1- شبھمن گل کو کیوں کپتان بنایا گیا؟
ٹیم انڈیا کے چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے انگلینڈ دورہ کے لیے 18 رکنی ٹیم کے اعلان کے بعد کہا کہ ’’گزشتہ سال یا اس سے قبل سے ہم نے شبھمن گل (قیادت کے لیے) پر نظر رکھنا شروع کر دیا تھا۔ ہمیں یقین ہے کہ وہ اس عہدہ کے لیے سب سے موزوں ہیں۔ یہ کافی دباؤ والا کام ہے، لیکن وہ ایک شاندار کھلاڑی ہیں، ہم اسے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
2- رشبھ پنت کو نائب کپتان کیوں بنایا گیا؟
چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے کہا کہ ’’رشبھ پنت کو ٹیسٹ ٹیم کا نائب کپتان اس لیے بنایا گیا ہے کہ وہ ہمارے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔ ہمیشہ وکٹ کیپر گیم کو اچھی طرح سے سمجھتا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ شبھمن گل کے نائب کپتان بنائے گئے ہیں۔‘‘
3- ٹیم میں محمد شامی کا انتخاب کیوں نہیں کیا گیا۔
تیز گیند باز محمد شامی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ’’ان کے کام کا بوجھ اتنا نہیں ہے جتنا ہونا چاہیے۔ ہمیں امید تھی کہ وہ دستیاب ہوں گے، لیکن بد قسمتی سے ایسا نہیں ہو پایا۔ فی الحال وہ مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں۔‘‘
4- جسپریت بمراہ کو کیوں نہیں ملی کپتانی؟
چیف سلیکٹر نے کہا کہ ’’مجھے نہیں لگتا ہے کہ وہ پانچوں ٹیسٹ میچوں کے لیے دستیاب ہیں۔ یہ بات فزیو اور ڈاکٹروں نے ہمیں بتائی ہے۔ یہ کہنے کی ضرورت نہیں ہے کہ وہ ہمارے لیے کس قدر اہم ہیں۔ خواہ وہ 3 یا چار ٹیسٹ میچوں کے لیے ہی دستیاب کیوں نہ ہوں؟‘‘
5- کیا وراٹ کوہلی کے استعفیٰ کے بارے میں پہلے سے خبر تھی؟
چیف سلیکٹر نے وراٹ کوہلی کے استعفیٰ پر کہا کہ ’’کوہلی نے بی سی سی آئی کو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں اپریل ماہ کی شروعات میں ہی بتا دیا تھا۔ وراٹ نے کہا تھا کہ وہ ٹیسٹ سے ریٹائرمنٹ کا ذہن بنا چکے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔