چوتھا ٹیسٹ: انگلینڈ پر پھر ٹوٹا اکشر اور اشون کا قہر، انگلینڈ 205 رنوں پر ڈھیر

دن کے کھیل کے اختتام تک ، ہندوستان نے 12 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 24 رنز بنالئے ہیں، ہندوستان پہلی اننگز کے اعتبار سے 181 رنز پیچھے ہے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

احمد آباد: انگلش بلے بازوں کے لئے درد سر بن چکے بائیں ہاتھ کے اسپنر اکشر پٹیل اور آف اسپنر روی چندرن اشون نے ایک بار پھر خطرناک بولنگ کرتے ہوئے جمعرات کے روز چوتھے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے دن بالترتیب 4 اور 3 وکٹیں لیتے ہوئے انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 205 رنز پر سمیٹ دیا۔ دن کے کھیل کے اختتام تک ، ہندوستان نے 12 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 24 رنز بنالئے ہیں۔ ہندوستان پہلی اننگز میں 181 رنز سے پیچھے ہے۔

اکشر نے دوسرے ٹیسٹ میں اپنی فارم برقرار رکھتے ہوئے انگلش بلے بازوں کو ایک بار پھر نریندر مودی اسٹیڈیم کی پچ پر گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔ پچھلے میچ میں 11 وکٹیں حاصل کرنے والے پٹیل نے آخری ٹیسٹ میں 26 اوورز میں 68 رن پر چار وکٹیں حاصل کیں ، اشون نے 19.5 اوورز میں 43 رن پر تین ، فاسٹ بولر محمد سراج نے 14 اوورز میں 45 رن پر دو اورپارٹ ٹائم آف اسپنرواشنگٹن سندر نے سات اوور میں 14 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ ہندوستان نے اسٹمپس تک شبھمن گل کاوکٹ گنوایا جنہیں تیز گیندباز جیمس انڈرسن نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ روہت شرما آٹھ اور چیتشور پوجارا 15 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔


انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس نے سب سے زیادہ 55 اور ڈینیل لارنس نے 46 رنز بنائے۔ کپتان جو روٹ پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کو اچھی شروعات دینے کے لئے اوپنر جیک کرولی اور ڈومینک سیبلے ایک بار پھر اکشر کے سامنے بے بس نظر آئے۔ اکشرکا پہلا شکار سیبلےبنےجو دورن پر ہی اکشر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ اس کے بعد کرولی بھی نو رنز بنا کر چلتے بنے۔ اکشر نے انہیں محمد سراج کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ اس طرح انگلینڈ کے ابتدائی دو وکٹ بالترتیب 10 اور 15 رنز پر گرے۔

اشون بھی بولنگ محاذ پر پیچھے نہیں رہے۔ انہوں نے مڈل آرڈر بیٹسمین اولی پوپ کی صورت میں اپنا پہلا شکار کیا جو اچھا کھیلنے کے باوجود29 رنز پر شبھمن گل کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ اشون کا اگلانشانہ وکٹ کیپر بلے باز بین فاکس بنےجنہیں اشون نے ایک رن پر پویلین بھیج دیا۔ اس طرح اکشر اور اشون نے مجموعی طور پر سات وکٹ اپنے نام کئے۔


اس بار فاسٹ با لر محمد سراج کا بھی سکہ چمکا۔ انہوں نے جانی بیئرسٹو اور کپتان جو روٹ کی شکل میں اہم وکٹ حاصل کئے۔ سراج نے دونوں کو ایل بی ڈبلیو کیا۔ بیئرسٹو نے 28 اور روٹ صرف پانچ رنز بنا سکے اور مایوس ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ پہلے دن کے نقطہ نظر سے دیکھیں تو سندر نے بین اسٹوکس کا سب سے اہم وکٹ حاصل کیا۔ اسٹوکس انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بنے۔ ان کی 55 رنز کی نصف سنچری اننگ نے انگلینڈ کو 200 کے اسکور تک پہنچایا۔ اسٹوکس نے 121 گیندوں کی اننگ میں چھ چوکے اور دو چھکے لگائے۔

اکشر اور اشون کی جوڑی نے مسلسل تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے بلے بازی کی کمرتوڑ دی۔ جہاں اکشر نے اوپنرز کو اپنی گرفت میں لیا، وہیں اشون نے مڈل آرڈر کے دو اہم بلے بازوں کو اپنا شکار بنایا۔ انگلینڈ کا پہلا وکٹ 10 رنز کے اسکور پر گرا۔ اکشر نے پہلے دن کے چھٹے اوور کی دوسری گیند پر سبلےکو بولڈ کردیا۔ اس کے فورا بعد ہی انہوں نے کرولی کو کیچ آؤٹ کرایا۔ اس طرح انگلینڈ نے اپنادوسرا وکٹ 15 رنز پر گنوا دیا۔


اس کے بعد بولنگ کرنے آئے سراج نے بھی دم دار گیندبازی کی اور تجربہ کار بلے بازوں بیئرسٹو اور روٹ کا وکٹ اپنے نام کیا۔ بیئرسٹو اور روٹ کے شکل میں انگلینڈ کا بالترتیب تیسرا اورچوتھا وکٹ گرا۔ اس کے بعد اسٹوکس اور پوپ نے اپنی ذمہ داری سنبھالی اور کریز پر قدم جمائے۔ دونوں نے پانچویں وکٹ کے لئے 43 رنز کی شراکت کی، لیکن نوجوان گیندباز سندر نے اسٹوکس کو ایل بی ڈبلیو کرکے شراکت توڑ دی۔ اس طرح انگلینڈ کا پانچواں وکٹ 121 رنز پر گرا۔

اس کے بعد بیٹنگ کرنے آئے ڈینیئل لارنس بھی اچھے فارم میں دکھےاور انہوں نے پوپ کے ساتھ 45 رنز کی شراکت کی۔ اس درمیان اشون نے پوپ کو آؤٹ کرکے شراکت اور انگلینڈ کی امیدوں دونوں کو توڑدیا۔ لارنس بھی زیادہ دیر تک نہیں ٹک پائے اور اکشر کی گیند پر وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں اسٹمپ آوٹ ہوگئے۔ 170 رنز پریہ انگلینڈ کا ساتواں وکٹ تھا۔

اس کے بعد اکشر اور اشون نے 35 رن پر تین وکٹ گراکرانگلینڈ کو 205 رنز پر آل آؤٹ کردیا۔ وکٹ کیپر بین فاکس ایک، ڈوم بیس تین اور جیک لیچ تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تیز گیندباز جیمز اینڈرسن 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Mar 2021, 10:53 PM