عالمی کپ 1983 میں فتح یاب ٹیم انڈیا کے رکن سابق کرکٹر یشپال شرما کا انتقال

سابق انڈین کرکٹر اور 1983 کے عالمی کپ کی فتح یاب ٹیم کا حصہ رہے یشپال شرما کا منگل کی صبح حرکت قلب بند ہو جانے سے انتقال ہو گیا، وہ 66 سال کے تھے

یشپال شرما / آئی اے این ایس
یشپال شرما / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: سابق انڈین کرکٹر اور 1983 کے عالمی کپ کی فتح یاب ٹیم کا حصہ رہے یشپال شرما کا منگل کی صبح حرکت قلب بند ہو جانے سے انتقال ہو گیا، وہ 66 سال کے تھے۔ یشپال شرما نے انگلینڈ کے خلاف لارڈس کے تاریخی میدان پر 1979 میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تھا جبکہ 1983 میں انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلا۔ یشپال شرما نے 1978 میں ونڈے میں ڈیبیو کیا تھا اور 1985 میں اپنا آخری ونڈے مقابلہ کھیلا۔

عالمی کپ کی فتح یاب ٹیم میں یشپال شرما کے ساتھ کھیلنے والے سابق ہندوستانی کرکٹر مدن لال نے اپنے ساتھی کھلاڑی کے انتقال پر کہا کہ وہ یقین نہیں کر پا رہے ہیں کہ یشپال نہیں رہے۔ انہوں بتایا کہ انہوں نے پنجاب سے کھیل کی شروعات کی تھی اور پھر عالمی کپ میں ایک ساتھ کھیلے۔


مدن لال نے بتایا کہ کپل دیو اور ٹیم کے دیگر ارکان سے ان کی بات ہوئی ہے، ہر کوئی اس خبر سے حیران ہے۔ یشپال شرما اپنے پیچھے اپنی اہلیہ اور تین بچوں کو چھوڑ کر گئے ہیں۔ یشپال شرما کے بچے بیرون ملک میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ یشپال شرما ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے نیشنل سلیکٹر بھی رہ چکے ہیں۔

سابق کرکٹر کیرتی آزاد نے یشپال کے انتقال پر کہا کہ ’’آج ہمارا کنبہ ٹوٹ گیا ہے۔ یشپال شرما نے ہی 1983 کے عالمی کپ کی جیت کا ایجنڈا طے کیا تھا۔ ابھی 25 جون کو ہی ان سے میری ملاقات ہوئی تھی اور اس وقت وہ کافی خوش تھے۔ وہ ہماری ٹیم کے جسمانی طور پر سب سے زیادہ صحت مند کھلاڑیوں میں سے ایک تھے۔‘‘ کیرتی آزاد کے مطابق، آج صبح وہ چہل قدمی کے بعد واپس لوٹے تو ان کے سینے میں درد ہوا، انہیں اسپتال لے جایا گیا، جہاں انہیں ان کا انتقال ہو گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔