ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹی-20 مقابلہ آج، محمد شامی پر سبھی کی نظریں
کولکاتا کے ایڈن گارڈنس کے میدان پر مقابلہ شام 7 بجے سے شروع ہوگا۔ اب تک یہاں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے دونوں مقابلوں میں انگلینڈ نے جیت حاصل کی ہے۔

ٹیم انڈیا (فائل)/ ٹوئٹر / @ICC
آسٹریلیائی دورہ کے دوران سے مسلسل مختلف وجوہات کی وجہ سے سرخیوں میں رہی ٹیم انڈیا آج اس سال کا اپنا پہلا ٹی-20 مقابلہ کھیلنے کے لیے میدان میں اترے گی۔ ٹیم انڈیا کو چیلنج دینے کے لیے سامنے انگلینڈ کی ٹیم ہے۔ دونوں ٹیمیں سیریز کے مقابلے مقابلے میں شام 7 بجے سے تاریخی ایڈن گارڈنس کے میدان میں زور آمائی کرتی ہوئیں نظر آئیں گی۔
کولکاتا کے ایڈن گارڈنس کی پچ کی بات کریں تو اسپنرس کے لیے یہ میدان مفید ہے۔ لیکن یہاں کئی بار ٹیموں کے ذریعہ بڑے اسکور بھی بنائے گئے ہیں۔ پچ کو دیکھتے ہوئے ٹیم انڈیا 3 اسپنرس کے ساتھ میدان میں اتر سکتی ہے۔ ویسے طویل عرصے بعد ٹیم میں واپسی کر رہے محمد شامی پر سبھی کی نظریں ہیں اور شائقین ان کے ذریعہ ایک بار پھر بہتر مظاہرہ کی امید کر رہے ہیں۔ دوسری طرف انگلینڈ کی ٹیم نے اپنے 11 کھلاڑیوں کا اعلان پہلے ہی کر دیا ہے اور وہ 4 تیز گیندباز اور 1 اسپنر کے ساتھ میدان میں نظر آنے والی ہے۔
ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان اب تک کُل 24 ٹی-20 مقابلے کھیلے گئے ہیں۔ اس دوران 13 مرتبہ ہندوستان نے بازی ماری ہے جبکہ 11 مرتبہ انگلینڈ کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ حالانکہ ایڈن گارڈنس کے میدان پر ہندوستان نہیں بلکہ انگلینڈ کا دبدبہ قائم ہے۔ یہاں دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 2 میچ کھیلے گئے ہیں جس میں انگلینڈ کو جیت حاصل ہوئی ہے۔
دونوں ٹیموں کے توازن کو دیکھتے ہوئے میچ دلچسپ ہونے کی امید کی جا رہی ہے۔ ٹاس کی اس مقابلے میں کافی اہمیت ہے کیونکہ ایڈین گارڈنس میں ہدف کا پیچھا کرنے والی ٹیم کا پلڑا اکثر بھاری ہوتا ہے۔ ٹاس شام 6:30 بجے ہوگا جبکہ مقابلے کی شروعات 7 بجے ہوگی۔ شائقین اس میچ کا لطف ٹی وی پر اسٹار اسپورٹس نیٹ ورک کے چینلز پر اٹھا سکتے ہیں جبکہ موبائل ایپ ہاٹ اسٹار پر میچ کا براہ راست نشریہ ہوگا۔
ہندوستان کی ممکنہ ٹیم:
سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، ابھیشیک شرما، تلک ورما، سوریہ کمار یادو (کپتان)، ہاردک پانڈیا، رِنکو سنگھ، اکچھر پٹیل، ارشدیپ سنگھ، روی بشنوئی، ورون چکرورتی اور محمد شمی۔
انگلینڈ کی ٹیم:
بین ڈکیٹ، فلپ سالٹ (وکٹ کیپر)، جوش بٹلر (کپتان)، ہیری بروک، لیام لونگسٹون، جیکب بیتھیل، جیمی اورٹن، گس ایٹنکسن، جوفرا آرچر، عادل رشید اور مارک ووڈ۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔