چیمپئنز ٹرافی: آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان اہم مقابلہ آج لاہور میں
چیمپئنز ٹرافی 2025 کے چوتھے میچ میں آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں آسٹریلیا اور انگلینڈ آمنے سامنے ہوں گے۔ پچ بلے بازوں کے لیے سازگار، جبکہ اسپنرز کو بعد میں مدد مل سکتی ہے

آئی اے این ایس
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں آج آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا چوتھا میچ کھیلا جائے گا، جس میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی۔ دونوں ٹیموں کا حالیہ ون ڈے ریکارڈ جدوجہد سے بھرا ہوا ہے۔ آسٹریلیا اپنی پچھلی دو سیریز میں سری لنکا (0-2) اور پاکستان (1-2) سے شکست کھا چکا ہے، جبکہ انگلینڈ ورلڈ کپ 2023 کے بعد سے کوئی بھی ون ڈے سیریز جیتنے میں ناکام رہا ہے۔ جو بٹلر کی قیادت میں انگلینڈ حالیہ سیریز میں ہندوستان سے 0-3 سے ہار چکا ہے۔ آسٹریلیا کی قیادت پیٹ کمنز کی غیر موجودگی میں اسٹیو اسمتھ کریں گے۔
ون ڈے کرکٹ میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کی روایتی حریفانہ تاریخ طویل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 161 ون ڈے کھیلے جا چکے ہیں، جن میں آسٹریلیا نے 91 اور انگلینڈ نے 65 جیتے ہیں۔ دو میچ ٹائی رہے، جبکہ تین بے نتیجہ رہے۔ گزشتہ 10 ون ڈے مقابلوں میں آسٹریلیا نے 8 میں کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ انگلینڈ صرف 2 میں جیت سکا ہے، جس سے آسٹریلیا کو برتری حاصل دکھائی دیتی ہے۔
قذافی اسٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کا یہ پہلا میچ ہوگا۔ اس گراؤنڈ کی پچ بلے بازوں کے لیے سازگار سمجھی جاتی ہے، جہاں یکساں باؤنس اور فلیٹ وکٹ بیٹنگ کو آسان بناتے ہیں۔ تاہم، جیسے جیسے میچ آگے بڑھے گا، اسپنرز کو مدد ملنے کی توقع ہے۔ تیز گیندبازوں کے لیے یہاں زیادہ سوئنگ یا باؤنس دستیاب نہیں ہوتا، جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
یہاں اب تک 74 ون ڈے کھیلے جا چکے ہیں، جن میں 37 مرتبہ پہلے بیٹنگ اور 35 بار پہلے باؤلنگ کرنے والی ٹیم کو کامیابی ملی ہے۔ پہلی اننگز کا اوسط اسکور 253 جبکہ دوسری اننگز میں یہ گھٹ کر 217 تک آجاتا ہے، جو پچ کے آہستہ ہونے کی علامت ہے۔ اسی بنا پر ٹاس جیتنے والی ٹیم ممکنہ طور پر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دے سکتی ہے۔
لاہور میں موسم آج سازگار رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پورے میچ کے دوران موسم صاف رہنے کا امکان ہے اور بارش کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے۔ درجہ حرارت دن میں 20 ڈگری سیلسیئس جبکہ شام کے وقت 15-20 ڈگری سیلسیئس کے درمیان رہے گا۔
اس میچ میں کئی کھلاڑیوں پر نظریں ہوں گی۔ آسٹریلیا کی جانب سے کپتان اسٹیو اسمتھ، گلین میکسویل اور ٹریوس ہیڈ کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، جبکہ ایڈم زیمپا اسپن شعبے میں اہم ثابت ہوں گے۔ انگلینڈ کے لیے جو بٹلر، ہیری بروک اور لیام لیونگسٹن پر انحصار ہوگا، جبکہ جوفرا آرچر اور عادل رشید بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اسکواڈز
انگلینڈ: فلپ سالٹ، بین ڈکٹ، جیمی اسمتھ، جو روٹ، ہیری بروک، جو بٹلر (کپتان)، لیام لیونگسٹن، برائڈن کارس، جوفرا آرچر، عادل رشید، مارک ووڈ، جیمی اوورٹن، ساکب محمود، ٹام بینٹن، گس ایٹکنسن۔
آسٹریلیا: میتھیو شارٹ، ٹریوس ہیڈ، جیک فریزر میک گرک، اسٹیون اسمتھ (کپتان)، جوش انگلس، ایرون ہارڈی، گلین میکسویل، سین ایبٹ، بین ڈوئارشیس، ایڈم زیمپا، تنویر سنگھا، نیتھن ایلس، اسپینسر جانسن، مارنس لبوشین، ایلکس کیری۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔