پاکستان پہنچی انگلش کرکٹ ٹیم پر ’نامعلوم وائرس‘ کا حملہ، ٹیسٹ سیریز شروع ہونے سے ایک دن قبل 14 اراکین بیمار

انگلینڈ 17 سالوں میں پہلی بار تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچی ہے، ڈیلی میل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بین اسٹوکس کی ٹیم کے تقریباً ایک درجن کھلاڑی وائرس سے متاثر ہیں۔

بین اسٹوکس، تصویرآئی اے این ایس
بین اسٹوکس، تصویرآئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

انگلینڈ کی پاکستان کے خلاف تاریخی ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کو زوردار جھٹکا لگا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستان کے دورہ پر پہنچی انگلش ٹیم کے تقریباً ایک درجن کھلاڑیوں پر وائرس نے حملہ کر دیا ہے۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں کھیلا جانا ہے، اور اس سے ٹھیک ایک دن پہلے انگلش کھلاڑیوں پر وائرس کے حملے نے میچ کو لے کر کئی طرح کے شبہات کھڑے کر دیئے ہیں۔

ڈیلی میل کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بین اسٹوکس کی ٹیم کے تقریباً ایک درجن کھلاڑی وائرس سے متاثر ہیں۔ بین اسٹوکس کے بارے میں بھی کہا جا رہا ہے کہ وہ وائرس حملہ کی زد میں ہیں۔ بی بی اسپورٹس کے مطابق 14 کھلاڑیوں پر نامعلوم وائرس کا اثر دیکھنے کو مل رہا ہے، اور انگلش بریگیڈ کے جن اراکین کو انفیکشن ہوا ہے ان میں سے نصف کھلاڑی اور اسٹاف ممبرس ہیں۔ انگلینڈ نے 3 ٹیسٹ میچ کی سیریز کے لیے 15 کھلاڑیوں کو پاکستان بھیجا ہے، ان میں سے تقریباً نصف کھلاڑیوں پر وائرس کا حملہ ہوا ہے۔ ایسے میں پہلا ٹیسٹ میچ کیسے کھیلا جائے گا، اس سلسلے میں ابھی تک کوئی وضاحت نہیں دی گئی ہے۔


رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ بھی ممکن ہے کہ سبھی کھلاڑی میچ شروع ہونے سے پہلے ٹھیک ہو جائیں، کیونکہ وائرس کا تعلق کھانے کے ساتھ نہیں دیکھا جا رہا ہے۔ ایک نامعلوم ٹیم ترجمان نے ڈیلی میل کو بتایا ہے کہ علامت کووڈ انفیکشن کی طرح نہیں ہے۔ صرف پانچ کھلاڑی (جیک کراؤلی، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک اور کیٹون جیننگز، جو پہلے ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ہیں) نے راولپنڈی اسٹیڈیم میں متبادل نیٹ سیشن میں حصہ لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔