اینڈرسن کی 600 وکٹ، ٹیسٹ ڈرا، سیریز انگلینڈ کے نام

38سالہ اینڈرسن اپنے 156ویں میچ میں اس کامیابی پر پہنچے ہیں۔ اینڈرسن یہ کامیابی حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے تیز گیندباز اور اوورآل چوتھے گیند باز بنے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا بشکریہ گلاٹا نیوز
تصویر سوشل میڈیا بشکریہ گلاٹا نیوز
user

یو این آئی

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ انگلینڈ کے تیز گیندبا ز جیمس اینڈرسن کی 600وکٹ پورے کرنے کی شاندار کامیابی کے ساتھ منگل کو پانچویں اور آخری دن ڈرا پر ختم ہوگیا۔

میچ کا آخری دن بارش سے بری طرح متاثر رہا اور بارش انگلینڈ کی سیریز کو 2-0سے جیتنے اور آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ فہرست میں دوسرے مقام پر پہنچنے کی امیدوں کے درمیان رخنہ بن گئی۔ انگلینڈ نے پہلاٹیسٹ جیتنے کے بدولت تین میچوں کی سیریز 1-0سے اپنے نام کی۔ انگلینڈ نے اس سے پہلے ویسٹ انڈیز سے کورونا کے درمیان تین میچوں کی سیریز 2-1سے جیتی تھی۔


یہ میچ تو ڈرا رہا لیکن بارش اور خراب روشنی سے متاثر اس ٹیسٹ کو اینڈرسن کی 600وکٹیں لینے کی کامیابی کے لئے یا د رکھا جائے گا۔ اینڈرسن نے پہلی اننگز میں پانچ اور دوسری اننگز میں دو وکٹ لیکر اپنے 600 وکٹ پورے کئے۔

اینڈرسن نے پاکستان کے خلاف تیسرے او ر آخری ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری دن منگل کو بارش کے بعد کھیل شروع ہونے پر اپنا 600واں وکٹ لینے میں زیادہ وقت نہیں لگایا۔ اینڈرسن نے پاکستان کے کپتان اظہر علی کو سلپ میں اپنے کپتان جو روٹ کے ہاتھوں کیچ کراکر 600واں شکار کیا۔


38سالہ اینڈرسن اپنے 156ویں میچ میں اس کامیابی پر پہنچے ہیں۔ اینڈرسن یہ کامیابی حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے تیز گیندباز اور اوورآل چوتھے گیند باز بنے ہیں۔

اینڈرسن سے پہلے یہ کامیابی ہندستان کے انل کمبلے (619)، آسٹریلیا کے شین وارن (708) اور سری لنکا کے متھیا مرلی دھرن (800) کو حاصل تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Aug 2020, 7:40 AM