ہندوستان کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم میں ہوئی 4 تبدیلی، کپتان اسٹوکس بھی باہر
اینڈرسن-تندولکر ٹرافی میں اب تک کھیلے گئے 4 ٹیسٹ کے بعد انگلینڈ نے ہندوستان پر 1-2 کی برتری بنائی ہوئی ہے۔ ہندوستان آخری ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز کو برابری پر ختم کرنا چاہے گا۔
بین اسٹوکس، آئی اے این ایس
ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان 5 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلی جا رہی ہے، جس کا آخری ٹیسٹ میچ 31 جولائی یعنی کل سے لندن کے کیننگٹن اوول اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اینڈرسن-تندولکر ٹرافی نام سے کھیلی جا رہی یہ سیریز اس وقت دلچسپ موڑ پر پہنچ گئی ہے۔ 4 ٹیسٹ میچوں کے بعد انگلینڈ کی ٹیم 1-2 سے برتری حاصل کر چکی ہے اور ہندوستان آخری ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز کو برابری پر ختم کرنا چاہے گا۔
اس درمیان انگلینڈ نے آخری ٹیسٹ میچ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا ہے۔ انگلینڈ نے اپنی ٹیم میں مجموعی طور پر 4 تبدیلی کی ہے۔ سب سے اہم تبدیلی بین اسٹوکس کی شکل میں ہوئی ہے، جو کہ اب تک سیریز میں کپتانی کر رہے تھے۔ اسٹوکس دائیں کندھے کی چوٹ کے سبب اس ٹیسٹ میں نہیں کھیل پائیں گے۔ ان کے علاوہ اسپنر لیام ڈاؤسن، تیز گیندباز جوفرا آرچر اور برائیڈن کارس بھی پلیئنگ الیون سے باہر کیے گئے ہیں۔
انگلینڈ نے اپنی نئی پلیئنگ الیون میں نوجوان بلے باز جیکب بیتھل کو شامل کیا ہے۔ ان کے علاوہ گس ایٹکنسن اور جیمی اوورٹن کو بھی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ تیز گیندباز جوش ٹنگ بھی آخری ٹیسٹ میچ کا حصہ ہوں گے۔ آخری ٹیسٹ سے بین اسٹوکس کا باہر ہونا انگلینڈ کے لیے سب سے بڑا جھٹکا ہے۔ گزشتہ دونوں میچوں میں وہ پلیئر آف دی میچ بنے تھے۔ وہ فی الحال اس سیریز میں 17 وکٹ کے ساتھ سب سے کامیاب گیندباز بھی ہیں۔ اتنا ہی نہیں، ایک سنچری کی مدد سے انھوں نے 304 رن بھی بنائے ہیں۔ اب ان کی غیر موجودگی میں اولی پوپ ٹیم کی قیادت کریں گے۔
انگلینڈ کی پلیئنگ الیون:
جیک کرالی، بین ڈکیٹ، اولی پوپ (کپتان)، جو روٹ، ہیری بروک، جیکب بیتھل، جیمی اسمتھ (وکٹ کیپر)، کرس ووکس، گس ایٹکنسن، جیمی اوورٹن اور جوش ٹنگ۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔