انگلینڈ نے کی تاریخ رقم، ٹی-20 میں عبور کیا 300 رنوں کا اسکور، ہندوستان کا ریکارڈ ٹوٹا

انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹی-20 مقابلے میں 304 رن بناتے ہوئے میچ 146 رنوں سے جیت لیا ہے۔ ٹیسٹ نیشن کے طور پر پہلی بار کوئی ٹیم 300 رنوں کے جادوئی اسکور تک پہنچی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>انگلینڈ کے ریکارڈ اسکور میں بٹلر اور سالٹ کی دھماکہ خیز اننگز۔ تصویر ’انسٹاگرام‘</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے ٹی-20 کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف مانچسٹر میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے مقابلے میں انگریز ٹیم نے 20 اوور میں صرف 2 وکٹ کے نقصان پر 304 رن بنا دیئے۔ یہ پہلی مرتبہ ہے جب کسی ٹیسٹ کھیلنے والے ملک نے دوسرے ٹیسٹ کھیلنے والے ملک کے خلاف بین الاقوامی ٹی-20 مقابلے میں 300 رنوں کا جادوئی ہندسہ عبور کیا ہے۔ اس سے پہلے سب سے بڑے اسکور کا ریکارڈ ہندوستان کے نام تھا جس نے گزشتہ سال بنگلہ دیش کے خلاف 297 رنوں کا عظیم اسکور بنایا تھا۔

انگلینڈ کی دھماکہ خیز اننگز کے ہیرو رہے فل سالٹ اور جوس بٹلر۔ دونوں نے سلامی بلے باز کے طور پر جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے گیند بازوں کی کمر توڑ دی۔ بٹلر نے صرف 30 گیندوں میں 83 رن بنائے جس میں 8 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ وہیں فل سالٹ نے تو انتہا ہی کر دی۔ انہوں نے صرف 60 گیندوں میں بغیر آؤٹ ہوئے 141 رن بنا دیئے، جس میں 15 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔


سلامی بلے بازوں بٹلر اور سالٹ کی دھماکہ خیز اننگز کے علاوہ جیکب بیتھل نے 14 گیندوں پر 26 اور کپتان ہیری بروک نے صرف 21 گیندوں پر تابڑ توڑ 41 رن بنائے۔ انگلینڈ کا دوسرا وکٹ 221 رنوں پر گرا لیکن اس کے بعد بھی رن بنانے کی رفتار کم نہیں ہوئی اور آخر تک سالٹ اور بروک نے ٹیم کو ریکارڈ توڑ 304 کے اسکور تک پہنچا دیا۔

305 رنوں کا پیچھا کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی شروعات بے حد خراب رہی۔ انگلینڈ کے گیند بازوں نے مسلسل وکٹ نکالتے ہوئے مخالف ٹیم کو 16.1 اوور میں 158 رنوں پر ہی سمیٹ دیا۔ جنوبی افریقی کپتان مارکرم نے ٹیم کے لیے سب سے زیادہ 41 رن بنائے جبکہ بیورم فورٹن نے 32 رنوں کی اننگز کھیلی۔ ڈؑونووان فریرا اور ٹرسٹن اسٹبس نے 23-23 رنوں کا تعاون دیا۔ انگلینڈ کی طرف سے آرچر سب سے کامیاب گیندباز رہے۔ انہوں نے 3 وکٹ لیے جبکہ سیم کرن، ڈاسن اور ول جیکس نے بھی اچھی گیندبازی کرتے ہوئے 2-2 وکٹ چٹکائے۔ 146 رنوں کی شاندار جیت کے ساتھ انگلینڈ نے سیریز میں 1-1 سے برابری کر لی ہے۔


ریکارڈ کی بات کی جائے تو بین الاقوامی ٹی-20 کی تاریخ میں یہ تیسرا موقع ہے جب کسی ٹیم نے 300 رنوں کا عظیم اسکور پار کیا ہے۔ حالانکہ اس سے پہلے یہ کارنامہ صرف غیر ٹیسٹ ٹیمیں کر پائی تھیں۔ 2023 میں نیپال نے منگولیا کے خلاف 314 رن بنائے تھے وہیں 2024 میں زمبابوے نے گامبیا کے خلاف 344 رن ٹھوک ڈالے تھے۔ انگلینڈ نے اس لسٹ میں ٹیسٹ نیشن کے طور پر اپنی جگہ بنا لی ہے۔ اس طرح انگلینڈ نے اب بطور ٹیسٹ نیشن ونڈے اور ٹی-20 دونوں فارمیٹ میں سب سے بڑا اسکور بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ ونڈے میں انگلینڈ نے نیدر لینڈ کے خلاف 498 رن بنائے تھے۔

ٹی-20 انٹرنیشنل کے کے ٹاپ-10 بڑے اسکور:

زمبابوے: 344/4 بمقابلہ گامبیا، نیروبی (روآرکہ)، 2024

نیپال: 314/3 بمقابلہ منگولیا، ہانگجھوو، 2023

انگلینڈ: 304/2 بمقابلہ جنوبی افریقہ، مانچسٹر، 2025

ہندوستان: 297/6 بمقابلہ بنگلہ دیش، حیدر آباد 2024

زمبابوے: 286/5 بمقابلہ سیشلس، نیروبی (جم)، 2024

ہندوستان: 283/1 بمقابلہ جنوبی افریقہ، جوہانسبرگ، 2024

افغانستان: 278/3 بمقابلہ آئر لینڈ، دہرہ دون، 2019

چیک جمہوریہ: 278/4 بمقابلہ ترکی، انفوو کاؤنٹی، 2019

نائیجیریا: 271/4 بمقابلہ آئیوری کوسٹ، عبوجہ، 2024

ملیشیا: 268/4 بمقابلہ تھائی لینڈ، ہانگجھو، 2023

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Sep 2025, 10:11 AM