چمپئنز ٹرافی کے درمیان انگلش کپتان جوس بٹلر نے استعفیٰ کا کیا اعلان، ٹیم پہلے ہی ٹورنامنٹ سے ہو چکی ہے باہر

ٹورنامنٹ کا گروپ اسٹیج ختم ہونے سے عین قبل 28 فروری کو انگلینڈ کے کپتان جوس بٹلر نے ایک پریس کانفرنس میں کپتانی سے استعفیٰ کا اعلان کیا۔ خاص بات یہ ہے کہ انگلینڈ کا آخری میچ کل جنوبی افریقہ سے ہے۔

تصویر ٹوئٹر  / ,@RealPCB
تصویر ٹوئٹر / ,@RealPCB
user

قومی آواز بیورو

چمپئنز ٹرافی سے گروپ اسٹیج میں ہی باہر ہونے والی پاکستانی ٹیم میں زبردست اتھل پتھل کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، لیکن کوئی بڑی خبر آنے سے پہلے انگلش خیمہ نے حیران کر دیا ہے۔ انگلینڈ کے کپتان جوس بٹلر نے آج اچانک اپنے عہدہ سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔ حالانکہ وہ چمپئنز ٹرافی کے آخری لیگ میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف کپتانی کرتے ہوئے ضرور دکھائی دیں گے۔

چمپئنز ٹرافی میں انگلینڈ کی ٹیم نے انتہائی خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، اور اسی لیے بٹلر نے کپتانی سے ہٹنے کا فیصلہ لیا۔ انگلینڈ کو اس ٹورنامنٹ میں اپنے شروعاتی دونوں مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلی شکست آسٹریلیا سے ملی تھی جب 351 رنوں کا دفاع بھی انگلش ٹیم نہیں کر پائی۔ دوسری شکست افغانستان سے ملی تھی جس نے انگلینڈ کو ٹورنامنٹ سے باہر کا راستہ دکھا دیا۔ اب بٹلر چاہیں گے کہ کل جنوبی افریقہ کے خلاف آخری لیگ مقابلے میں فتح کے ساتھ اپنی کپتانی ختم کریں۔


چمپئنز ٹرافی کا گروپ اسٹیج ختم ہونے سے عین قبل 28 فروری کو انگلینڈ کے کپتان نے ایک پریس کانفرنس میں اپنے فیصلے سے لوگوں کو مطلع کیا۔ بٹلر نے 2022 میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی کپتانی سنبھالی تھی۔ اب جبکہ انھوں نے کپتانی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے، تو ساتھ ہی یہ وضاحت بھی کی ہے کہ وہ دونوں (ٹی-20 اور یک روزہ) ہی فارمیٹ میں بطور کھلاڑی سلیکشن کے لیے دستیاب رہیں گے، بشرطیکہ کوچ میک کولم انھیں ٹیم میں رکھنا چاہیں۔

بٹلر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کپتانی سے ہٹنے کا فیصلہ ٹیم کے لیے اور خود اپنی بھلائی کے لیے انھوں نے بہتر سمجھا۔ انھوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ نیا کپتان آنے والے وقت میں کوچ برینڈین میک کولم کے ساتھ مل کر ٹیم کو آگے لے جائے گا۔ بٹلر نے میڈیا کے سامنے یہ اعتراف بھی کیا کہ ان کی کپتانی کا مستقبل اس ٹورنامنٹ کے ریزلٹ پر مرکوز تھا، اور کوچ میک کولم کے ساتھ مل کر وہ اپنی حالت کو بدلنے کی امید کر رہے تھے، لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔


قابل ذکر ہے کہ بٹلر نے 2022 میں انگلینڈ کی کپتانی اس وقت سنبھالی تھی جب ایان مورگن نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد اپنی کپتانی میں پہلے ہی بڑے ٹورنامنٹ میں جوس بٹلر نے کامیابی کا پرچم لہرایا تھا۔ ان کی کپتانی میں ہی انگلینڈ نے ٹی-20 عالمی کپ 2022 جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔ لیکن اس کے بعد سے ہی انگلینڈ کی کارکردگی لگاتار خراب ہوتی گئی۔ یک روزہ عالمی کپ 2023 میں ٹیم پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہو گئی اور ٹی-20 عالمی کپ 2024 میں گرتے پڑتے سیمی فائنل میں تو پہنچی، لیکن ہندوستان سے شکست ملی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔