پہلے ہی دن پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میں انگلینڈ نے توڑے کئی ریکارڈ، چار انگلش کھلاڑیوں نے لگا دی سنچری

انگلش بلے بازوں نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میں بھی یک روزہ کرکٹ کا نظارہ پیش کیا اور ٹیسٹ کے پہلے ہی دن 500 سے زیادہ رن بنانے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی۔

@englandcricket
@englandcricket
user

قومی آوازبیورو

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پہلے دن 506 رن کا بڑا اسکور کھڑا کر کے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری انگلینڈ ٹیم نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک محض 4 وکٹ کے نقصان پر 506 رن بنا لیے۔ ایسا ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے جب کسی ٹیم نے میچ کے پہلے ہی دن 500 رن کا اسکور پار کر لیا۔ اس کے علاوہ بھی انگلینڈ کی طرف سے کچھ اہم ریکارڈ توڑے گئے اور راولپنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن ان کے لیے یادگار ثابت ہوا۔

انگلینڈ کے چار بلے بازوں نے لگائی سنچری

پاکستان میں کھیلے جا رہے اس ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی طرف سے ایک یا دو کھلاڑی نے نہیں، بلکہ چار بلے بازوں نے سنچری اسکور کی۔ ان میں سلامی بلے باز جیک کراؤلی، بین ڈکٹ، اولی پوپ اور ہیری بروک شامل ہیں۔ سلامی بلے باز کے طور پر آئے جیک کراؤلی نے 111 گیندوں پر 122 رن کی اننگ کھیلی، جبکہ ان کے ساتھی بلے باز بین ڈکٹ نے 110 گیندوں پر 107 رن بنائے۔

ان کے بعد کھیلے آئے وکٹ کیپر بلے باز اولی پوپ نے بھی سلامی بلے بازوں کی طرح تیزی سے رن بنانا جاری رکھا۔ انھوں نے 104 گیندوں پر 108 رن بنائے۔ اس کے بعد پانچویں نمبر پر بلے بازی کرنے آئے ہیری بروک نے طوفانی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 81 گیندوں پر 101 رن بنا لیے اور ابھی آؤٹ بھی نہیں ہوئے ہیں۔


بے بس نظر آئے پاکستانی گیندباز

شاہین آفریدی کی غیر موجودگی میں پاکستانی گیندباز انگلینڈ کے سامنے پوری طرح بے بس نظر آئے۔ لیگ اسپنر زاہد محمود نے 2 وکٹ لیے اور محمد علی و حارث رؤف نے 1-1 وکٹ لیے، لیکن یہ گیندباز بھی بہت زیادہ اثرانداز دکھائی نہیں دیے۔ ہیری بروک نے خاص طور سے اپنی تیز بلے بازی کے دوران پاکستانی گیندبازوں کی حالت خستہ کر دی۔ بروک نے لیفٹ آرم سلو بالر سعود شکیل کے ایک ہی اوور میں لگاتار 6 چوکے جما کر ورلڈ ریکارڈ کی بھی برابری کر لی۔

112 سال بعد ٹوٹا ٹیسٹ کے پہلے دن سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ

انگلش ٹیم نے ٹیسٹ کا پہلا دن تیز بلے بازی کرتے ہوئے پوری طرح اپنے نام کر لیا ہے۔ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ کے پہلے دن انگلینڈ نے 506 رن بنا کر اب تک کی ٹیسٹ تاریخ میں پہلے دن بنائے گئے سب سے زیادہ 494 رن کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ یہ ریکارڈ پہلے آسٹریلیا کے نام تھا جس نے 1910 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ کے پہلے دن 494 رن بنائے تھے۔ یعنی تقریباً 112 سال بعد یہ ریکارڈ ٹوٹا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔