ابھشیک شرما کے طوفان میں اڑ گیا انگلینڈ، ٹی-20 سیریز میں ہندوستان کا 7 وکٹ سے فاتحانہ آغاز

انگلینڈ نے 20 اوورس میں 132 رن بنائے تھے، ہندوستانی ٹیم نے 133 رنوں کا ہدف محض 12.5 اوورس میں 3 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا، ابھشیک شرما نے 34 گیندوں پر 79 رنوں کی طوفانی اننگ کھیلی۔

<div class="paragraphs"><p>ابھشیک شرما، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>

ابھشیک شرما، تصویر@BCCI

user

قومی آواز بیورو

ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف 5 ٹی-20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آج فتح کے ساتھ 0-1 کی سبقت حاصل کر لی ہے۔ آج ہندوستانی جیت کے ہیرو 3 وکٹ لینے والے اسپن گیندباز ورون چکرورتی اور 79 رنوں کی طوفانی اننگ کھیلے والے سلامی بلے باز ابھشیک شرما رہے۔ ورون چکرورتی کو ان کی بہترین گیندبازی کے لیے پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

کولکاتا کے ایڈن گارڈنس میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ہندوستانی کپتان سوریہ کمار یادو نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم 20 اوورس میں 132 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ انگلینڈ کی جانب سے کپتان جوس بٹلر (44 گیندوں پر 68 رن) واحد ایسے بلے باز رہے جنھوں نے ہندوستانی گیندبازوں کی دھنائی۔ باقی کوئی بھی بلے باز میدان میں زیادہ دیر جم کر نہیں کھیل سکا۔ انگلینڈ کی جانب سے دوسرا سب سے بڑا اسکور 17 رنوں کا ہیری بروک نے بنایا۔ 2 کھلاڑی تو صفر پر آؤٹ ہو گئے اور دیگر 6 کھلاڑی دوہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ پائے۔


ہندوستان کی جانب سے عرشدیپ سنگھ اور ورون چکرورتی کی گیندبازی شروع سے ہی بہت شاندار رہی۔ عرشدیپ سنگھ نے جہاں 4 اوورس میں محض 17 رن دے کر 2 شروعاتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، وہیں ورون چکرورتی نے 4 اوورس میں 23 رن دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ ان 3 وکٹوں میں ایک جوس بٹلر کا انتہائی اہم وکٹ بھی شامل تھا۔ اکشر پٹیل نے بھی اچھی گیندبازی کی جنھوں نے 4 اوورس میں 22 رن دے کر 2 وکٹ حاصل کیے۔ 2 وکٹ ہاردک پانڈیا کو بھی ملے، لیکن انھوں نے 4 اوورس میں 42 رن خرچ کر دیے۔ روی بشنوئی وکٹ سے محروم رہے جنھوں نے 4 اوورس میں 22 رن دیے۔

جب ہندوستان کی بلے بازی شروع ہوئی تو جوفرا آرچر کو چھوڑ کر کسی بھی انگلش گیندباز کو بلے بازوں نے نہیں بخشا۔ سلامی بلے باز سنجو سیمسن (20 گیندوں پر 26 رن) اور کپتان سوریہ کمار یادو (صفر) کو جوفرا نے ہی اپنے تیسرے اوور میں پویلین بھیج دیا۔ لیکن اس وقت تک 4.5 اوورس میں 41 رن بن چکے تھے۔ انگلینڈ کی ٹیم امید کر رہی تھی کہ مزید کچھ وکٹ جلدی لے کر میچ کو دلچسپ بنایا جائے، لیکن ایسا کچھ ہوتا دکھائی نہیں دیا۔ ابھشیک شرما کی طوفانی بلے بازی نے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔ تیسرے وکٹ کی شکل میں جب وہ آؤٹ ہوئے تو ہندوستان کا اسکور 11.5 اوورس میں 125 رن پہنچ چکا تھا۔ یعنی جیت کے لیے 8 رنوں کی ضرورت تھی۔ ابھشیک شرما نے 34 گیندوں پر 8 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 79 رن بنائے۔ انھیں عادل رشید نے گیری بروک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ تلک ورما 16 گیندوں پر 19 رن بنا کر اور ہاردک پانڈیا 4 گیندوں پر 3 رن بنا کر ناٹ آؤٹ لوٹے۔


انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے 4 اوورس میں 21 رن دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عادل رشید کے حصے میں ایک وکٹ آیا جنھوں نے 2 اوورس میں 27 رن خرچ کر دیے۔ انھوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں ابھشیک شرما کا ایک کیچ بھی چھوڑ دیا تھا جب ابھشیک 40 رن بھی نہیں بنا سکے تھے۔ اس کے بعد پھر عادل کی تین گیندوں پر ابھشیک نے 2 چھکے اور 1 چوکا لگا کر ظاہر کر دیا تھا کہ اب میچ انگلینڈ سے بہت دور جا رہا ہے۔ گس ایٹکنسن نے تو 2 اوورس میں 38 رن خرچ کر دیے، جبکہ مارک ووڈ نے 2.5 اوورس میں 25 رن دیے۔ جیمی اوورٹن اور لیام لیونگسٹن نے 1-1 اوورس کیے جن میں انھوں نے بالترتیب 10 اور 7 رن دیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔