آئی پی ایل میچ دیکھنے والوں کے لئے خوشخبری، دہلی میٹرو نےتمام لائنوں پر آخری ٹرین کا وقت بڑھایا
دہلی میٹرونے دہلی میں ہونے والے آئندہ آئی پی ایل میچوں کو لے کر بڑا فیصلہ لیا ہے۔ دہلی والوں کی سہولت کے لیے تمام لائنوں پر آخری ٹرین کے وقت کی حد میں توسیع کا اعلان کیا گیا ہے۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم یعنی فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ کے نام سے مشہور گراؤنڈ میں ہونے والے آئندہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے T-20 میچوں کے پیش نظر، دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے ایک بڑا فیصلہ لیا ہے۔ میٹرو نے میچ دیکھنے والوں کی سہولت کے لیے تمام لائنوں پر آخری ٹرین کے اوقات میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔ اس میں ایئرپورٹ ایکسپریس لائن بھی شامل ہے۔
خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ڈی ایم آر سی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میچ کے بعد بھاری رش کو سنبھالنے کے لیے میچ کے دنوں میں ٹرین کے 76 اضافی ٹرپ چلائے جائیں گے۔ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے تاکہ میچ دیکھ کر واپس آنے والے تماشائی میٹرو سروس سے آسانی سے استفادہ کر سکیں اور انہیں کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
میچ کے دنوں میں آخری میٹرو ٹرینیں معمول سے ایک سے دو گھنٹے زیادہ چلیں گی۔ یہ فیصلہ تماشائیوں کے محفوظ اور آرام دہ سفر کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ ڈی ایم آر سی نے کہا کہ یہ اضافی خدمات 13یعنی کل، 16، 27 اور 29 اپریل اور 11 مئی کو لاگو ہوں گی، جب آئی پی ایل کے میچ ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
ارون جیٹلی اسٹیڈیم دہلی گیٹ اور آئی ٹی او میٹرو اسٹیشن کے قریب واقع ہے، جو وائلٹ لائن پر آتے ہیں۔ یہ لائن کشمیری گیٹ سے راجہ نہر سنگھ تک جاتی ہے۔ میچ دیکھنے آنے والے زیادہ تر لوگ ان اسٹیشنوں سے میٹرو کا استعمال کرتے ہیں۔
تاہم جنک پوری ویسٹ سے کرشنا پارک ایکسٹینشن تک میٹرو سروس کی آخری ٹرین کے وقت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ ڈی ایم آر سی نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر ضرورت ہو تو میچ کے لحاظ سے آخری ٹرین کا وقت مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔
دہلی میٹرو کے اس قدم سے نہ صرف ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا بلکہ میچ کے بعد لوگوں کی شہر میں محفوظ واپسی بھی یقینی ہوگی۔ لوگوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ سفر کے لیے میٹرو سروسز کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور میٹرو عملے کی ہدایات پر عمل کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔