جنوبی افریقہ کی جیت کام نہ آئی ، انگلینڈ اور آسٹریلیا سیمی فائنل میں پہنچ گئیں

جنوبی افریقہ نے دو وکٹوں پر 189 رنز کا بڑا اسکور بنایا لیکن اس کے گیند بازوں کو سیمی فائنل میں جانے کے لیے انگلینڈ کو 131 رنز پر روکنا تھا لیکن لیکن ایسا نہ ہو سکا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

ریسی وان ڈیر ڈوسین (ناٹ آؤٹ 94) اور ایڈن مارکرم (ناٹ آؤٹ 52) کی شاندار نصف سنچری اور ان کے بیچ 52 گیندوں پر 103 رن کی ناٹ آوٹ شراکت اور تیزگیندباز کیگیسیو ربادا کی ہیٹ ٹرک کی بدولت جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے گروپ ایک مقابلے میں سنیچر کے روز 10 رن سے شکست دے دی لیکن وہ سیمی فائنل میں نہیں پہنچ سکا ۔ اس گروپ سے انگلینڈ اور آسٹریلیا نے پہلے اور دوسرے مقام پر رہتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ۔

جنوبی افریقہ نے دو وکٹوں پر 189 رنز کا بڑا اسکور بنایا لیکن اس کے گیند بازوں کو سیمی فائنل میں جانے کے لیے انگلینڈ کو 131 رنز پر روکنا تھا لیکن ایسا نہ ہو سکا اور انگلینڈ نے آٹھ وکٹوں پر 179 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے برابر آٹھ پوائنٹس رہے لیکن نیٹ رن رن ریٹ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم شکست کھا گئی اور اسے ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا۔


پلیئر آف دی میچ وان ڈیر ڈوسین نے 60 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 94 رنز کی اپنی شاندار اننگز میں پانچ چوکے اور چھ چھکے لگائے جبکہ مارکرم نے 25 گیندوں پرناٹ آوٹ 52 رن میں دو چوکے اور چار چھکے لگائے۔ دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے صرف 52 گیندوں میں 103 رنز کی زبردست شراکت داری کی۔
وان ڈیر ڈوسین نے کسی جنوبی افریقی بلے باز کی طرف سے عالمی کپ میں سب سے بڑا سکور بنایا۔ سلامی بلے باز ریزا ہینڈرکس دو رن بناکر اور کوئنٹن ڈی کاک27 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 34 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے آف اسپنر معین علی نے 27 اور لیگ اسپنر عادل راشد نے 32 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا جبکہ تیز گیندباز مارک ووڈ نے چار اوورز میں 47 رنز دیے۔


ہدف کے تعاقب میں اوپنر جیسن رائے چار چوکوں کی مدد سے 15 گیندوں میں 20 رنز بنانے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔ جوس بٹلر نے 15 گیندوں پر 26، معین علی نے 27 گیندوں میں تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 37 رنز، ڈیوڈ ملان نے 26 گیندوں پر 33 اور لیام لیونگسٹون نے 17 گیندوں پر ایک چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے۔

لیونگ اسٹون نے اننگز کے 16ویں اوور میں ربادا کی پہلی تین گیندوں پر چھکے لگائے۔ انگلینڈ کو آخری اوور میں جیت کے لیے 14 رنز درکار تھے لیکن ربادا نے پہلی گیند پر کرس ووکس، دوسری گیند پر ایان مورگن اور تیسری گیند پر کرس جارڈن کی وکٹیں لے کر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ مورگن نے 17 رنز بنائے۔ انگلینڈ ہدف سے آخر میں دور رہ گیا اور جنوبی افریقہ نے جیت کے ساتھ ورلڈ کپ میں اپنی مہم ختم کی ۔ ربادا نے 48 رن پرتین وکٹیں حاصل کیں جب کہ تبریز شمسی اور ڈوین پریٹوریئس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔