فخر زمان کے شاندار 193 رن کے باوجود پاکستان کی دوسرے ون ڈے میں شکست

جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں پر 341 رنز کا مضبوط اسکور بنایا ، جبکہ پاکستان کی ٹیم ایک بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نو وکٹوں پر 324 رنز ہی بناسکی۔

فائل تصویر یو این آئی
فائل تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

پاکستان کے سلامی بلے باز فخرزمان جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں 193 رن کی شاندار اننگز کھیلنے کے باوجود ٹیم کو جیت نہیں دلا سکے اور پاکستانی ٹیم کو دوسرے ون ڈے میچ میں 17 رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔میزبان جنوبی افریقہ نے تین میچوں کی سیریز میں 1-1 سے برابری حاصل کرلی۔

ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں پر 341 رنز کا مضبوط اسکور بنایا ، جبکہ پاکستان کی ٹیم ایک بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نو وکٹوں پر 324 رنز ہی بناسکی۔


پاکستان کے لئے سلامی بلے باز فخر زمان نے 155 گیندوں پر 18 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے زبردست 193 رنز بنائے لیکن آخری اوور کی پہلی ہی گیند پر ان کے رن آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی میچ اور سیریز جیتنے کی امیدیں ٹوٹ گئی۔ فخر زمان کو ان کی شاندار اننگز کے لئے پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

فخر زمان ایک سرے پر جمے رہے ، حالانکہ پاکستان کی ٹیم کے دوسرے سرے پر وکٹیں گرتی رہیں لیکن فخر زمان کے رن آوٹ ہونے کے بعد ٹیم کی جیت کی امیدیں دم توڑ گئیں۔ زمان 312 کے اسکور پر ٹیم کے نویں بلے باز کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی ٹیم پھر 324 تک ہی پہنچ سکی۔


اس سے قبل ، جنوبی افریقہ کے لئے ان کے ٹاپ آرڈر کے تمام بلے بازوں نے رن جوڑے ۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے اوپنر کوئنٹن ڈی کاک نے 8 ، مارکرم نے 39 ، کپتان ٹمبا باوما نے 92 ، ریسی وان ڈیر ڈوسن نے 60 اور ڈیوڈ ملر نے ناٹ آوٹ 50 رنز بنائے۔ فخر زمان پاکستانی ٹیم کو فتح تو نہ دلا سکے لیکن اس عمدہ اننگز کی بدولت انہوں نے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔

فخر زمان ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں ہدف کے تعاقب میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے بلے باز بن گئے۔ون ڈے کرکٹ میں فخر زمان سمیت متعدد بلے باز ڈبل سنچری اسکور کر چکے ہیں لیکن انہوں نے یہ تمام اننگز پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کھیلیں۔اس کے برعکس فخر نے یہ اننگز ہدف کے تعاقب میں اسکور کھیلی اور نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔اس سے قبل ہدف کے تعاقب میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ آسٹریلیا کے شین واٹسن کے پاس تھا جنہوں نے 2011 میں بنگلہ دیش کے خلاف 185 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔اس سے قبل پاکستان کے کسی بھی کھلاڑی نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 150 رنز سے زائد کی اننگز نہیں کھیلی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔