نئے کپتان ایر کی دھماکہ خیز اننگز کی بدولت دلی کی فتح

دلی کی سات میچوں میں یہ دوسری جیت ہے اور اس نے خود کو آٹھویں اور پھسڈی مقام سے اوپر اٹھالیا ہے۔ دوسری جانب کالکاتا کو سات میچوں میں چوتھی ہار کا سامنا کرنا پڑا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کپتانی سنبھالتے ہی نوجوان بلے باز شریئش ایر نے تیکھے تیور دکھاتے ہوئے فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں محض 40 گیندوں میں تین چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 93 رن کی طوفانی اننگز کھیلی جس کی بدولت دلی ڈیئر ڈیولس نے کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف جمعہ کو آئی پی ایل 11 کے مقابلے میں 55 رن سے جیت دلادی۔

نئے کپتان کے آتے ہی دلی کی قسمت بھی بدل گئی ور اس نے آخرکار جیت کے دیدار کرادیئے۔ دلی نے 20 اوور میں چار وکٹ پر 2019 رن کا آئی پی ایل 11 کا اب تک کا بہتر اسکور بنانے کے بعد کولکاتا کو 9 وکٹ پر 164 رن پر تھام لیا۔ دلی کی سات میچوں میں یہ دوسری جیت ہے اور اس نے خود کو آٹھویں اور پھسڈی مقام سے اوپر اٹھالیا ہے۔ دوسری جانب کالکاتا کو سات میچوں میں چوتھی ہار کا سامنا کرنا پڑا۔

اس میچ سے آئی پی ایل میں کپتانی کا آغاز کرنے والے ایر نے نوجوان گیند باز شیوم ماوی کے اننگز کے آخری اورر میں چار فلک بوس چھکے اور ایک چوکا اڑاتے ہوئے 29 رن حاصل کئے جس کی بدولت دلی نے اس سیزن میں نہ صرف اپنا بہترین اسکور بنایا بلکہ آئی پی ایل 11 کابھی اب تک کا بہترین اسکور بنادیا۔ دلی نے آخری چار اوور میں 76 رن حاصل کئے۔ ایر اپنی اس بہترین اننگز کی بدولت میچ آف دی میچ بھی قرار دیئے گئے۔

دلی کے بڑے اسکور کے آگے کے کے آر کا چیلنج شروع میں ہی دم توڑ گیا اور اس نے 46 رن تک اپنے چار وکٹ گنوادیئے۔ کرس لن پانچ، روبن اتھپا ایک، سنیل نرائن 26 اور نتیش رانا آٹھ رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔

کلین میکسویل نے لن کو، ٹرینٹ بولٹ نے اتھپا اور نرائن کو نیز اویش خان نے ران آؤٹ کیا۔ رہی سہی کسر لیگ اسپنر امت مشرا نے کولکاتا کے کپتان دنیش کارتک کو آؤٹ کرکے پوری کردی۔ کارتک نے 18 رن بنائے۔

کارتک کا وکٹ ٹیم کے 77 کے اسکور پر گرا لیکن اس کے بعد نوجوان بلے باز شبھ من گل اور آندرے رسیل وکٹ پر جم گئے۔ دونوں نے ٹیم کے اسکور کو 141تک پہنچا دیا۔ حالات دلچسپ ہوتے کہ ایر کے تھرو پر گل رن آؤٹ ہوگئے۔ گل نے 29 گیندوں پر 37 رن میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

گل اور رسیل نے چھٹے وکٹ کے لئے 64 رن کا اضافہ کیا۔ اویش نے رسیل کو بولڈ کرکے کولکاتا کی مزاحمت ختم کردی۔ رسیل نے 30 گیندوں میں 44 رن پر تین چوکے اور چار چھکے لگائے۔ کولکاتا کی ٹیم 164 رن ہی بناسکی۔ بولٹ، میکسویل، اویش اور مشرا نے دو دو وکٹ لئے۔

گوتم گھمبیر کے کپتانی چھوڑنے کے بعد ایّر کو کپتان بنایا گیا ہے اور انہوں نے دھماکہ خیز اننگز کھیل کر سب کو دکھادیا کہ وہ کپتانی کی ذمہ داری سنبھالنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ گمبھیر کو اس میچ میں آخری گیارہ میں بھی نہیں رکھا گیا جس کا راست اثر دلی کی بلے بازی پر نظر آیا جو آج پوری طرح بدلی ہوئی نظر آئی۔ ایر نے گلین میکسویل کے لئے 73 رن کی بڑی شراکت داری کی۔

انڈر۔19 ٹیم کے تیز گیند باز شیوم ماوی سب سے مہنگے گیند باز رہے جنہوں نے چار اوور میں ایک وکٹ لیکر 58 رن دیئے۔ انہوں نے اپنے اور اننگز کے آخری اوور میں 29 رن خرچ کئے۔

سلامی بلے باز کولن منرو (32) اور انڈر۔ 19 ٹیم کے کپتان پرتھوی شا (62) نے دلی ڈیئر ڈیولس کو شاندار آغاز دیا۔ پہلے اوور میں صرف تین رن حاصل کرنے والی گھریلو ٹیم نے تیسرے اوور تک اسکور بورڈ پر 31 رن لگا دیئے تھے۔

گمبھیر کی جگہ اترے منرو رنگ میں نظر آئے۔ اننگز کے دوسرے اوور کی پانچویں گیند پر چھکے کے ساتھ منرو نے تیزی سے رن حاصل کرنا شروع کئے۔ اپنا 200 واں ٹی۔20 کھیل رہے پیوش چاولہ کے دوسرے اور اننگز کے تیسرے اوور میں پہلے منرو نے دو چوکے لگائے۔ اس کے بعد شاندار فارم میں نظر آرہے شا نے بھی دو چوکے لگائے۔ پانچ اوور تک دلی نے دس رن فی اوور کی رفتار سے 50 رن بنالئے تھے۔دلی کے لئے پہلے وکٹ کی شراکت داری 59 رن اور دوسرے وکٹ کے ساجھیداری میں 68 رن کا اضافہ ہوا۔

گیند بازی میں تبدیلی کے بعد ملی کامیابی کے بعد کے کے آر کے کپتان دنیش کارتک نے گیند بازی میں تبدیلی کرکے شیوم ماوی، مشیل جانسن اور سنیل نارائن کو حملے کرنے پر لگایا۔ حالانکہ جانسن رن رفتار روکنے میں ناکام رہے لیکن ماوی نے آتے ہی منرو کو پریشان کیا اور اپنے دوسرے اوور میں انہیں پویلین کا راستہ دکھایا۔ ماوی کی 143 کی رفتار سے کئے گئے یارکر کو بھانپنے میں منرو ناکام رہے اور بولڈ ہوئے۔

اس دوران چھوٹے قد کے پرتھوی لگاتار کے کے آر کے لئے لاعلاج رہے۔ انہوں نے کولکاتا کے کسی گیند باز کو نہیں چھوڑا اور شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 38 گیند میں نصف سنچری پوری کی۔ اس دوران انہوں نے چھ چوکوں کے ساتھ ایک چھکا بھی لگایا۔ دوسری جانب نئے کپتان ایر نے ذمہ داری بخوبی ادا کی اور شا کو کھیلنے کا پورا موقع دیا۔ دونوں نے محض 34 گیند میں دوسرے وکٹ کے لئے 50 رن کی شراکت داری پوری کی۔ ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے شاہ نے 44 گیندوں میں 62 رن کی اننگز کھیلی اور چاولہ کے پہلے شکار بنے۔

ایر نے اس کے بعد دھواں دھار بلے بازی کرتے ہوئے 29 گیندوں میں نصف سنچری لگائی۔ حالانکہ اس دوران دلی کے اسٹار بلے باز رشبھ پنت کھاتہ کھولے بغیر ہی جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔

اس سے قبل شا اور ایر نے 68 رنوں کی شراکت داری کرکے دلی کو مضبوط اسکور کی طرف گامزن کیا۔ اس کے بعد دوسری جانب اترے گلین میکسویل نے بھی کپتان کا ساتھ دیا اور جارحانہ بلے بازی شروع کردی ۔ دونوں نے مل کر دلی کو 200 کے پار پہنچا دیا۔ حالانکہ آخری اوور میں میکسویل رن آؤٹ ہوئے۔ میکسویل نے 18 گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 27 رن بنائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔