دہلی کیپٹلس نے یوپی واریئرس کو سات وکٹوں سے ہرایا
یوپی واریئرز کے لئے کرن نوگیرے اور دنیش ورندا کی اوپننگ جوڑی نے اچھی شروعات کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لئے 66 رن جوڑے پھر بھی کوئی کام نہیں آئے۔
تصویربشکریہ آئی اے این ایس
کپتان میگ لیننگ (69) اور اینابیل سدرلینڈ (ناٹ آؤٹ 41) کی شاندار اننگز کی بدولت دہلی کیپٹلس نے بدھ کو ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کے چھٹے میچ میں یوپی واریئرس کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ تین میچوں میں دہلی کی یہ دوسری جیت ہے۔
167 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری دہلی کی شیفالی ورما اور کپتان میگ لیننگ کی اوپننگ جوڑی نے اچھی شروعات کی اور پہلے وکٹ کے لیے 65 رنز جوڑے۔ دیپتی شرما نے شیفالی ورما (26) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد جمائمہ روڈریگز کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئیں۔ کپتان میگ لیننگ نے 49 گیندوں میں 12 چوکوں کی مدد سے 69 رنز بنائے۔ اینابیل سدرلینڈ (41) اور ماریزان کپ (29) رن بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ دہلی کیپٹلس نے 19.5 اوور میں تین وکٹ پر 167 رن بنا کر سات وکٹ سے میچ جیت لیا۔ یوپی واریئرز کی جانب سے سوفی ایکلسٹون، دیپتی شرما اور گریس ہیرس نے ایک ایک وکٹ لیا۔
اس سے پہلے کل یہاں دہلی کیپٹلس کی کپتان میگ لیننگ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری یوپی واریئرز کے لئے کرن نوگیرے اور دنیش ورندا کی اوپننگ جوڑی نے اچھی شروعات کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لئے 66 رن جوڑے۔ چھٹے اوور میں انابیل سدرلینڈ نے دنیش ورندا (16) کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد انہوں نے کرن نوگیرے کو بھی آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ کرن نوگیرے نے 27 گیندوں میں چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 51 رنز کی طوفانی اننگ کھیلی۔ تالیا میک گرا (ایک)، کپتان دیپتی شرما (سات)، گریس ہیرس (12) اور سوفی ایکلسٹن (2) رن بناکر آؤٹ ہوئیں۔ شویتا سہراوت نے 33 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 37 رنز بنائے۔ انہیں ماریزان کپ نے آؤٹ کیا۔ شینیل ہنری نے 15 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 33 رنوں کی اننگ کھیلی۔ یوپی واریئرز نے مقررہ 20 اوور میں سات وکٹوں پر 166 رنز بنائے۔
دہلی کیپٹلس کے لیے اینابیل سدرلینڈ نے دو وکٹ لیے۔ ماریزان کپ، جیس جانسٹن، اروندھتی ریڈی اور منو مانی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔