راہل ترپاٹھی کے شاندار چھکے سے کے کے آر فائنل میں

کولکتہ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا ۔دہلی کیپیٹلس کی شروعات اچھی رہی لیکن کے کے آر اس کو 135 رن کے اسکور پر روکنے میں کامیاب رہی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

گیندبازوں کی بہترین کارکردگی کے بعد سلامی بلے باز وینکٹیش ایئر (55) اور گل (46) کی بہترین اننگز اور اس کے بعد آخری اوور کی پانچویں گیند پر راہل ترپاٹھی کے زبردست چھکے سے کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے دہلی کیپیٹلز پر دوسرے کوالیفائر میں تین وکٹوں سے جیت درج کر کے آئی پی ایل کے فائنل میں جگہ بنا لی ، جہاں اس کا مقابلہ جمعہ یعنی کل چنئی سپر کنگز سے دبئی میں ہوگا۔

دہلی نے سلامی بلے باز شیکھر دھون (36) اور سابق کپتان شریاس ایئر (ناٹ آؤٹ 30) کی اننگز کی مدد سے 20 اوور میں 5 وکٹوں پر 135 رن بنائے لیکن ایئر اور گل نے ابتدائی شراکتداری میں 12.2 اوور میں 96 رن جوڑ کر ہدف کو آسان بنا دیا ۔ لیکن اس کے بعد کے کے آراس کی بلے بازی ٹھیک نہیں رہی اور اس نے سات رن کے وقفے میں چھ وکٹیں گنوا دیں اور اس کا اسکور 19.4 اوور میں سات وکٹوں پر 130 رن ہو گیا ، لیکن ترپاٹھی نے آخری اوور میں آف اسپنر روی چندرن اشون کی پانچویں گیند پر سیدھا چھکا مار کر کولکتہ کو فائنل پہنچا دیا ۔ دہلی پچھلے سیزن میں رنر اپ رہی تھی لیکن اس باراس کا سفر دوسرے کوالیفائر میں ختم ہو گیا ۔


کولکتہ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا ۔ شکھر نے 39 گیندوں پر 36 رن میں ایک چوکا اور دو چھکے لگائے ۔ پرتھوی شاہ 12 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 18 رن بنا کرورون چکرورتی کی گیند پر ایل بی ڈبلیوآؤٹ ہوئے۔ شکھر کو بھی چکرورتی نے شکیب الحسن کے ہاتھوں کیچ کرایا ۔

تیسرے نمبر پر بھیجے گئے مارکس اسٹوئنس 23 گیندوں پر صرف ایک چوکا لگا کر 18 رن ہی بنا سکے۔ اسٹوینس کو شیوم ماوی نے بولڈ کیا۔ کپتان رشبھ پنت چھ گیندوں پر چھ رن بنا کر لوکی فرگوسن کا شکار بنے ۔ شمرون ہیٹ مائر نے 10 گیندوں میں دو چھکوں کی مدد سے 17 رن بنائے اور سنگل نکالنے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوئے ۔ شریاس ایئر نے اچھا کھیلتے ہوئے کچھ اچھے شاٹس لگائے اور آخری گیند پر چھکا لگا کر دہلی کو 135 تک پہنچا دیا۔ ایئر نے 27 گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 30 رن بنائے۔ کولکتہ کی جانب سے چکرورتی نے 26 رن پر دو وکٹ حاصل کئے جبکہ فرگوسن اور ماوی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */