2 سابق کرکٹرس کی موت سے ویسٹ انڈیز کرکٹ میں غم کی لہر، کلائڈ بٹس اور جو سولومن کا انتقال

ویسٹ انڈیز کے سابق اسپن گیندباز کلائڈ بٹس نے 66 سال میں اور بلے باز جو سولومن نے 93 سال کی عمر میں دنیا کو الوداع کہہ دیا، ان دونوں کھلاڑیوں کی موت کی خبر سے کرکٹ طبقہ غمگین ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ویسٹ انڈیز کرکٹ</p></div>

ویسٹ انڈیز کرکٹ

user

قومی آوازبیورو

ویسٹ انڈیز کرکٹ کے لیے آج غمناک دن ہے، کیونکہ ملک کے 2 سابق کرکٹرس اس دنیا کو چھوڑ کر چلے گئے۔ سابق اسپن گیندباز کلائڈ بٹس نے 66 سال کی عمر میں اور بلے باز جو سولومن نے 93 سال کی عمر میں اس دنیا کو الوداع کہہ دیا۔ ان کرکٹرس کے انتقال کے بعد ویسٹ انڈیز کرکٹ میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بورڈ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کے ذریعہ دونوں سابق کرکٹرس کے انتقال کی جانکاری دی۔

ویسٹ انڈیز کے سابق آف اسپن گیندباز کلائڈ بٹس کی موت ایک کار حادثہ میں ہوئی۔ انھوں نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ ہندوستانی ٹیم کے خلاف کھیلا تھا۔ کلائڈ بٹس 1980 کی دہائی میں ویسٹ انڈیز ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ بٹس نے 1985 میں ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبو کیا تھا اور 1988 میں ہندوستان کے خلاف اپنا آخری میچ کھیلا۔ کلائڈ بٹس نے ویسٹ انڈیز کے لیے مجموعی طور پر 7 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 10 وکٹ اپنے نام کیے۔ اس دوران انھوں نے 108 رن بھی بنائے۔


ویسٹ انڈیز اور گویانا کے سابق بلے باز جو سولومن کا انتقال بھی ہفتہ کے روز ہوا۔ انھوں نے 93 سال کی عمر پائی۔ جو سولومن کو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلا میچ ٹائی کرنے کے لیے ہمیشہ یاد کیا جاتا رہے گا۔ سولومن نے ویسٹ انڈیز کے لیے 1958 سے 1965 کے درمیان 27 ٹیسٹ میچ کھیلے جس میں انھوں نے 34 کی اوسط سے 1326 رن بنائے۔ انھوں نے 26 سال کی عمر میں اپنا پہلا فرسٹ کلاس کرکٹ کیریر شروع کیا تھا۔ انھوں نے اپنی پہلی تین فرسٹ کلاس اننگز میں سنچرئی لگائی جس میں جمائیکا کے خلاف 114 رن، بارباڈوز کے خلاف 108 رن اور پاکستان کے ویسٹ انڈیز دورہ پر پریکٹس میچ میں 121 رن شامل تھے۔ اس کے بعد وہ ہندوستانی دورہ کے لیے ویسٹ انڈیز ٹیم میں منتخب ہوئے تھے۔ چوتھے ٹیسٹ میچ میں انھوں نے دہلی میں ناٹ آؤٹ 100 رن بنائے اور اس سیریز میں 117 کی اوسط سے رن بنائے تھے۔

1960 میں سولومن کو ٹیسٹ تاریخ کا پہلا ٹیسٹ میچ ٹائی کرانے کے لیے ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔ آسٹریلیا کے خلاف گابا میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں یہ کمال دیکھنے کو ملا تھا۔ آسٹریلیا کو 8 گیند میں 6 رن چاہیے تھے اور 3 وکٹ باقی تھے۔ آسٹریلیا کے رچی بیناڈ اور والی گراٹ جلدی آؤٹ ہو گئے۔ اب آسٹریلیا کو 2 گیند میں ایک رن چاہیے تھا اور 1 وکٹ باقی تھا۔ آسٹریلیا کے لنڈسے کلائن آخری بلے باز بچے تھے اور سنگل لینا چاہتے تھے، لیکن سولومن کے ڈائریکٹ تھرو نے پوری کہانی بدل دی۔ ڈائریکٹ تھرو سے ایان میکیف رن آؤٹ قرار دیے گئے اور یہ پہلا ٹائی ٹیسٹ میچ بن گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔