ہندوستان اور آسٹریلیا کی خواتین ٹیموں کے درمیان ڈے-نائٹ ٹیسٹ میچ ڈرا

ہندوستان نے اگرچہ دو وکٹیں حاصل کرلی تھی لیکن گیلی گیند کو سوئنگ کرنا مشکل تھا اور آخری گھنٹے سے پہلے دونوں کپتان متھالی راج اور مگ لیننگ نے میچ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

گولڈ کوسٹ: ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان واحد دن رات ٹسٹ میچ اتوار کے روز چوتھے اور آخری دن ڈرا پر ختم ہوا۔ پنک بال ٹسٹ میچ کے ڈرا ہونے سے دونوں ٹیموں کو دو-دو پوائنٹ ملے۔ اس سیریز کی پوائنٹ ٹیبل میں چھ۔چار کی سبقت کے ساتھ میزبان ٹیم آگے ہے۔ ہندوستان کو سیریز اپنے نام کرنے کے لئے تین ٹی ٹوئنٹی مقابلے جیتنے ہوں گے۔

یہ میچ ہندوستان کے لیے کئی لحاظ سے شاندار رہا، جہاں اسمرتی مندھانا نے تاریخی سنچری اننگز کھیلی اور ہندوستان مسلسل چھٹی بار ٹیسٹ میچ میں ناقابل تسخیر رہا۔ ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز تین وکٹ پر 135 رن پر ڈیکلیئر کرکے آسٹریلیا کے سامنے 32 اوورز میں 272 رن کا ہدف رکھا جس کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا نے دو وکٹ پر 36 رنز بنائے اور میچ ڈرا پر ختم ہوا۔ ہندوستان نے اگرچہ دو وکٹیں حاصل کرلی تھی لیکن گیلی گیند کو سوئنگ کرنا مشکل تھا اور آخری گھنٹے سے پہلے دونوں کپتان متھالی راج اور مگ لیننگ نے میچ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔


بھارتی اننگز میں 127 رنز بنانے کے بعد پلیئر آف دی میچ بننے والی اسمرتی مندھانا نے اپنی اننگز کے بارے میں کہا، "یقینی طور پر یہ میری ٹاپ 3 اننگز میں سے ایک ہے۔ پہلے دن کے کھیل کے بعد میں اس رات کافی گھبرائی ہوئی تھی۔ 80 کے اسکور پر نو بال پر زندگی ملنے کے بعد، میں نے یہ ارادہ کرلیا تھا کہ مجھے اس موقع سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔ بطور کھلاڑی سفید کپڑا پہن کر ٹیسٹ میچ کھیلنا بڑی بات ہوتی ہے۔ آج حالات پہلے دن سے بہت مختلف تھے اور یہ صرف ٹیسٹ کرکٹ میں ہی ہوتا ہے۔

ہمارے پاس آئندہ ٹی 20 میچوں سے پہلے زیادہ وقت باقی نہیں ہے۔ ایک دن کے آرام کے بعد ہم مشق کریں گے۔ ویسے میں نے پھر بھی ٹی 20 کے انداز میں بلے بازی کی۔ "دوسری اننگز میں اسمرتی نے 48 گیندوں میں 31 رنز، شیفالی ورما نے 91 گیندوں میں 52 رنز اور پونم راؤت نے 62 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 41 رنز بنائے۔


ڈرا کے بعد کپتان متھالی راج نے کہا کہ اگر ہمیں پہلے گھنٹے میں 4 وکٹیں مل جاتی تو ہم میچ جاری رکھتے۔ بارش کی وجہ سے ہم نے کئی اوور ضائع کیے، پھر بھی ہم نے نتائج لانے کی کوشش کی۔ جھولن نے اچھی گیندبازی کی اور نوجوان تیزگیندبازوں کے ساتھ وقت گزارا۔ اسمرتی ہمیشہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی رہی ہیں۔ رچا گھوش اور یاستیکا بھاٹیا نے مجھے بہت متاثر کیا۔ مجھے امید ہے کہ ہرمن ٹی 20 میچ کھیلتے نظر آئیں گی۔

آسٹریلیا کی کپتان مگ لیننگ نے کہا کہ "اگر موسم اچھا ہوتا تو ہم چار دن میں بھی نتیجہ نکال لیتے۔ ہندوستان نے ہمیں مشکل پوزیشن میں ڈال دیا اور مجھے خوشی ہے کہ ٹیم نے شاندار واپسی کی۔ اگر آپ دیکھیں تو ہم نے میچ کے ہر دن فیلڈنگ کی ہے۔ اور ایسی صورتحال میں کھلاڑیوں کا جوش قابل تعریف تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔