کولکاتہ ٹیسٹ کا پہلا دن رہا ہندوستانی گیندبازوں کے نام، 159 رن کے جواب میں ہندوستان کا اسکور 37/1
کولکاتہ ٹیسٹ میں پہلے روز کا کھیل ختم ہو گیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے 159 رن کے جواب میں ہندوستان نے 1 وکٹ کے نقصان پر 37 رن بنا لیے ہیں۔ یشسوی جیسوال 12 رن بنا کر مارکو یانسن کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

کولکاتہ ٹیسٹ میں پہلے روز کا کھیل ختم ہونے تک ہندوستان نے 1 وکٹ کے نقصان پر 37 رن بنا لیے ہیں۔ ہندوستان کے سلامی بلے باز یشسوی جیسوال 12 رن بنا کر مارکو یانسن کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ جبکہ دوسرے سلامی بلے باز کے ایل راہل 13 اور 3 نمبر پر بلے بازی کرنے آئے آل راؤنڈر واشنگٹن سندر 6 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ اس ٹیسٹ کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ ٹیم انتظامیہ نے واشنگٹن سندر کو تیسرے نمبر پر بلے بازی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ واشنگٹن سندر اس نئی ذمہ داری کو کیسے نبھاتے ہیں۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 55 اوورس میں صرف 159 رن بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ ان کا کوئی بھی بلے باز نصف سنچری بھی اسکور نہیں کر سکا۔
پہلے بلے بازی کرنے اتری جنوبی افریقہ کی ٹیم شروع میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 57 رنوں کی شراکت داری کی۔ اگر جنوبی افریقہ کی بلے بازی کی بات کی جائے تو سلامی بلے باز ایڈن مارکرم (31 رن) اور ریان ریکلٹن (23 رن) رنوں کا تعاون پیش کیا۔ تیسرے نمبر پر بلے بازی کرنے آئے آل راؤنڈر ویان ملڈر (24 رن) بھی جلد آؤٹ ہو گئے۔ چوٹ کی وجہ سے کافی دنوں بعد میدان میں اترنے والے کپتان ٹیمبا باؤما 3 رن بنا کر کلدیپ یادو کو اپنی وکٹ دے بیٹھے۔ ان کے علاوہ دیگر بلے بازوں کی بات کی جائے تو ٹونی دے زورزی (24 رن)، ٹرسٹن اسٹبس (15 رن) اور وکٹ کیپر بلے باز کائلے ویرنی (16 رن) بھی جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔
اگر میزبان ہندوستان کی گیند بازی کی بات کریں تو تمام گیند بازوں نے بہترین مظاہرہ کیا۔ ورلڈ چمپئن جنوبی افریقہ کی ٹیم کو صرف 55 اوورس کی گیند بازی میں 159 رنوں پر آل آؤٹ کر دیا۔ ٹیم انڈیا کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹ تیز گیند باز جسپریت بمرہ نے حاصل کیا، انہوں نے 14 اوورس کی گیند بازی میں 27 رن کے عوض 5 وکٹ حاصل کیے۔ ساتھ ہی وہ اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 16ویں بار ایک اننگ میں 5 وکٹ یا اس سے زیادہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ان کے علاوہ تیز گیند باز محمد سراج اور اسپن گیند باز کلدیپ یادو نے 2-2 وکٹ حاصل کیے، جبکہ آل راؤنڈر اکشر پٹیل 1 وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ واشنگٹن سندر اور رویندر جڈیجہ کو کوئی بھی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔