دہلی کے میدان میں کوہلی کا جادو، شائقین کی بےتابی میں دھکا مکی، فین نے میدان میں گھس کر پیر چھو لیے!

دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں وراٹ کوہلی کا میچ دیکھنے کے لیے صبح 3 بجے سے فینس نے لائنیں لگانی شروع کر دی تھیں۔ افرا تفری میں تمام فینس کے جوتے چپل پیچھے چھوٹ گئے۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

ٹیم انڈیا کے اسٹار کھلاڑی وراٹ کوہلی کے لیے ان کے فینس کی دیوانگی کس حد تک ہے اس سے ہر کوئی واقف ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ میں اس کی مثال ہمیں مسلسل دیکھنے کو ملتی رہتی ہیں لیکن اب گھریلو کرکٹ میں بھی فینس کے درمیان کوہلی کا وہی کریز دیکھنے کو ملا ہے۔ دراصل وراٹ کوہلی طویل عرصے بعد رنجی مقابلہ کھیلنے کے لیے میدان میں اترے ہیں۔ یہ مقابلہ دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں دہلی اور ریلوے کی ٹیم کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ ہے کہ وراٹ کوہلی کو دیکھنے کے لیے صبح 3 بجے سے ہی فینس نے اسٹیڈیم کے باہر لائنیں لگانی شروع کر دی تھیں۔ گیٹ کھلنے تک بھاری بھیڑ اسٹیڈیم کے باہر جمع ہو گئی اور پھر دھکا مکی شروع ہو گئی جس سے کچھ فینس کو ہلکی چوٹیں بھی آئیں۔

'انڈیا ٹوڈے' کی خبر کے مطابق بتایا گیا ہے کہ گیٹ نمبر 16 کے باہر بھیڑ نے ایک دوسرے کو دھکا دینا شروع کیا، اس سے فینس گیٹ کے قریب گر گئے اور انہیں چوٹیں آئیں۔ اس دوران ایک بائک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کم سے کم 3 لوگوں کو چوٹ لگی ہے۔ گیٹ کے قریب زخمی فینس کو ڈی ڈی سی اے کی سیکوریٹی اور پولیس کے ذریعہ ٹریٹ کیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک زخمی فین کو پیر پر پٹی لگانے کی ضرورت پڑی۔ حالات کو قابو میں کرنے کی کوشش میں ایک سیکوریٹی گارڈ بھی زخمی ہوا ہے۔


اس افرا تفری میں تمام فینس کے جوتے چپل پیچھے چھوٹ گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈی ڈی سی اے کو اتنی بڑی بھیڑ آنے کی امید نہیں تھی۔ پہلے فینس کے لیے صرف تین گیٹ کھولے گئے تھے جس میں گیٹ نمبر 16 بھی شامل تھا لیکن پھر بڑی تعداد میں فینس کو دیکھ کر ایک اضافی گیٹ بھی کھول دیا گیا۔ پہلے صرف گوتم گمبھیر اسٹینڈ کھولا گیا تھا لیکن پھر ایک اور اسٹینڈ کو کھولنا پڑا۔

کوہلی کے اس میچ کو یادگار بنانے کے لیے دہلی اور ضلع کرکٹ یونین نے خاص انتظامات کیے تھے اور شائقین کے لیے فری انٹری بھی رکھی تھی۔ حالانکہ میچ کے دوران کوہلی کے ایک فین نے میدان میں گھس کر سیکوریٹی میں سیندھ لگا دی۔ اس فین کے آگے سبھی سیکوریٹی اہلکار بے بس نظر آئے اور اس نے سیدھے وراٹ کوہلی کے نزدیک پہنچ کر ان کے پیر چھو لیے۔ لمحے بعد سیکوریٹی اہلکار نے فین کو کوہلی سے دور کر دیا۔

غور طلب ہے کہ وراٹ کوہلی طویل عرصے بعد رنجی ٹرافی میں واپسی کر رہے ہیں۔ انہوں نے رنجی ٹرافی کا اپنا آخری مقابلہ نومبر 2012 میں کھیلا تھا۔ اب تقریباً 12 سال بعد وہ گھریلو کرکٹ میں واپسی کر رہے ہیں جس سے ان کے فینس بھی پُرجوش ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔