وراٹ کوہلی نے نیوزی لینڈ کے جبڑے سے چھینی جیت، ٹیم انڈیا 4 وکٹ سے فتح یاب، محمد شامی پلیئر آف دی میچ قرار

آئی سی سی عالمی کپ میں اتوار کو نیوزی لینڈ کو 4 وکٹ سے ہرا کر ٹیم انڈیا نے ٹورنامنٹ میں مسلسل پانچویں جیت اپنے نام کر لی

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

دھرمشالہ: آئی سی سی عالمی کپ میں اتوار کو نیوزی لینڈ کو 4 وکٹ سے ہرا کر ٹیم انڈیا نے ٹورنامنٹ میں مسلسل پانچویں جیت اپنے نام کر لی۔ وراٹ کوہلی نے شاندار 95 رنوں کی اننگ کھیلی جبکہ محمد شامی نے 5 وکٹ حاصل کیے۔ 274 رنز کے ہدف کے جواب میں ہندوستانی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر میچ جیت لیا۔ وراٹ کوہلی نے 104 گیندوں پر 95 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ روہت شرما نے 46، رویندر جڈیجہ نے 39 اور کے ایل راہل نے 33 رنز بنائے۔ کیوی ٹیم کی جانب سے لوکی فرگوسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہندوستانی ٹیم نے دھرم شالہ اسٹیڈیم میں سب سے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔ اس سے قبل 227 رنز کا سب سے بڑا ہدف دھرم شالہ میں حاصل کیا گیا تھا۔ جنوری 2013 میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے اس ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کے خلاف 47.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر میچ جیت لیا تھا۔


قبل ازیں، ٹاس ہارنے اور پہلے بیٹنگ کرنے اتری نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 273 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل (130) نے شاندار سنچری اسکور کی جبکہ عالمی کپ میں اپنا پہلا میچ کھیل رہے محمد شامی نے 5 وکٹیں لے کر خود کو درست ثابت کیا۔

اس میچ میں ہندوستانی بولر محمد سراج نے اس وقت مضبوط آغاز کیا جب ان فارم بلے باز ڈیون کونوے کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 19 کے اسکور پر گری۔ محمد شامی نے ول ینگ کو بولڈ کیا۔ ینگ نے 17 رنز بنائے۔ سستے میں دو وکٹیں گرنے کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم نے شاندار واپسی کی۔ راچن رویندرا اور ڈیرل مچل کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 159 رنز کی مضبوط شراکت ہوئی۔


اس شراکت داری کے دوران رویندر جڈیجا سمیت ہندوستانی فیلڈرز نے تین کیچ چھوڑے۔ تاہم محمد شامی نے اس شراکت داری کا خاتمہ کیا اور رچن رویندرا (75 رنز) کو شبمن گل کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ رچن رویندرا نے 87 گیندوں میں چھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ اس کے بعد بڑے ٹوٹل کی طرف جانے والی کیوی ٹیم کے رنز کی رفتار میں وقفہ آیا اور بھارتی گیند بازوں نے ڈیتھ اوورز میں لگاتار وکٹیں حاصل کیں جب کہ دوسرے سرے پر مچل نے ورلڈ کپ کی پہلی اور مجموعی طور پر پانچویں ون ڈے سنچری اسکور کی۔ مچل نے 127 گیندوں پر 130 رنز میں نو چوکے اور پانچ چھکے لگائے۔

تاہم، شروع میں مہنگے ثابت ہونے والے چائنا مین بولر کلدیپ یادو نے واپسی کرتے ہوئے ٹام لیتھم اور گلین فلپس کو پویلین بھیج دیا۔ جسپریت بمراہ نے مارک چیپ مین کو آؤٹ کیا جبکہ محمد شامی نے 48ویں اوور میں لگاتار دو گیندوں پر مچل سینٹنر اور میٹ ہنری کو سستے میں بولڈ کر کے اپنے انتخاب کو درست ثابت کیا۔ شامی نے آخری اوور میں مچل کو وراٹ کوہلی کے ہاتھوں کیچ کروا کر میچ میں اپنی 5 وکٹیں مکمل کیں۔ لوکی فرگوسن اننگز کی آخری گیند پر رن ​​آؤٹ ہوئے اور نیوزی لینڈ کی اننگز 273 رنز پر سمٹ گئی۔

ہندوستان کی جانب سے محمد شامی نے سب سے زیادہ 5 وکٹیں اور کلدیپ یادو نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جسپریت بمراہ اور محمد سراج نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔ محمد شامی کو ان کی شاندار کارکردگی کے لیے پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔