کرکٹ عالمی کپ: آسٹریلیا کے خلاف جیت کے ارادے کے ساتھ مہم کا آغاز کرنے اترے گی ٹیم انڈیا

گھریلو ہجوم کی موجودگی میں ہندوستانی ٹیم اتوار کو آئی سی سی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف اپنی مہم کا آغاز بلند حوصلے کے ساتھ کرے گی

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکرہ ایکس /&nbsp;@cricketworldcup</p></div>

تصویر بشکرہ ایکس /@cricketworldcup

user

یو این آئی

چنئی: گھریلو ہجوم کی موجودگی میں ہندوستانی ٹیم اتوار کو آئی سی سی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف اپنی مہم کا آغاز بلند حوصلے کے ساتھ کرے گی۔

آسٹریلیا کے لیے اب تک سازگار چیپاک اسٹیڈیم کی پچ پر دونوں ٹیموں کو دباؤ اور گرمی کو برداشت کرنا پڑے گا ۔کپتان روہت شرما، وراٹ کوہلی کے علاوہ شبھ من گل ، سوریہ کمار یادو اور ہاردک پانڈیا پر خاص طور پر مہمانوں کی نظریں ہوں گی جو دنیا کے کسی بھی گیندبازوں کی جم کر پٹائی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ کلدیپ یادو اور روی چندرن اشون ٹرننگ والی پچ پر آسٹریلیائی بلے بازوں کا امتحان لیں گے۔

چیپاک پچ پر درمیانی اوورز میں ہندوستانی اسپنرز کی کارکردگی فیصلہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔ ہندوستان نے چیپاک میں 14 ون ڈے میں سے سات جیتے ہیں اور چھ میں شکست کھائی ہے جبکہ ایک میچ رد ہوگیا تھا۔ آسٹریلیا نے یہاں چھ میں سے پانچ ون ڈے جیتے ہیں۔

گو کہ شبھمن گل کی پلیئنگ الیون میں شمولیت کے حوالے سے سسپنس موجود ہے لیکن کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہ وہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ میچ کے آغاز سے قبل کریں گے کیونکہ وہ پر امید ہیں کہ گل اپنی بیماری سے صحت یاب ہونے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔


میچ سے پہلے کی پریس کانفرنس میں روہت نے کہا کہ ان کے پاس تین تیز گیند بازوں اور تین اسپن گیند بازوں کو کھیلنے کا متبادل موجود ہے۔ اس سلسلے میں ہاردک پانڈیا کا کردار اہم ہوگا۔

روہت شرما کے لیے بطور کپتان ورلڈ کپ ٹرافی حاصل کرنے کا یہ پہلا اور آخری موقع ہوگا، جب کہ ہندوستانیوں کے دلوں میں بسنے والے وراٹ کوہلی بھی توقعات کے شدید دباؤ میں ہوں گے۔ وہ ایک روزہ میچوں میں سنچریوں کے معاملے میں بھی اپنے آئیڈیل سچن تیندولکر کی برابری کرنا پسند کریں گے۔

کل کا میچ ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کے حوصلے بلند کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ یہاں جو بھی ٹیم میچ جیتے گی، اس کے لیے اگلے چیلنج سے نمٹنا ذہنی طور پر بہت آسان ہو جائے گا۔ چیپاک کی پچ پر دونوں ٹیموں کے درمیان یادگار میچز کھیلے گئے ہیں، جن میں 1986 کا ٹائی ٹیسٹ میچ، 2001 کی ٹیسٹ سیریز کا فیصلہ کن اور ریلائنس کپ میں قریبی مقابلہ شامل ہے۔

روہت، کوہلی اور اشون کے علاوہ رویندر جڈیجہ اور محمد شامی کے لیے بھی یہ آخری ورلڈ کپ ہو سکتا ہے۔ اس لیے وہ یہ ٹورنامنٹ جیت کر تاریخ میں اپنا نام لکھنا چاہیں گے۔ روہت کو بلے باز کے طور پر اپنی جارحیت کو برقرار رکھنا ہوگا۔ اس کے علاوہ یہ طے کرنا ہے کہ اشون کو تیسرے ماہر اسپنر کے طور پر کب میدان میں لانا ہے اور 360 ڈگری کے بلے باز سوریہ کمار یادو کو کس بنیاد پر کارآمد ثابت کرنا ہے۔


ٹیمیں:

ہندوستان: روہت شرما (کپتان)، ایشان کشن، وراٹ کوہلی، شریس ایر، کے ایل راہل، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، روی چندرن اشون، کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ، محمد سراج، محمد شامی، سوریہ کمار یادو ،شبھمن گل،شاردول ٹھاکر۔

آسٹریلیا: پیٹ کمنز (کپتان)، اسٹیو اسمتھ، ایلکس کیری، جوش انگلس، شان ایبٹ، ایشٹن ایگر، کیمرون گرین، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، مچل مارش، گلین میکسویل، مارکس اسٹونس، ڈیوڈ وارنر، ایڈم زمپا، مچل اسٹارک۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔