کرکٹ عالمی کپ: پاکستان کے لیے 'کرو یا مرو' کا مقابلہ، افریقہ کو ہر قیمت پر دینی ہوگی شکست

ہندوستان میں جاری ورلڈ کپ 2023 کے 25 ویں میچ میں سری لنکا کی انگلینڈ کے خلاف شاندار جیت نے پاکستان کو آج کرو یا مرو کی صورتحال پر پہنچا دیا

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

چنئی: ہندوستان میں جاری ورلڈ کپ 2023 کے 25 ویں میچ میں سری لنکا کی انگلینڈ کے خلاف شاندار جیت نے پاکستان کو آج کرو یا مرو کی صورتحال پر پہنچا دیا۔ پاکستان کا مقابلہ آج جنوبی افریقہ سے ہوگا اور اسے اس کو ہر حال میں جیتنا ہوگا۔ یہ میچ دوپہر 2 بجے سے چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اچھی شروعات کے بعد پاکستان کو آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں لگاتار تین میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پانچویں میچ میں افغانستان سے شکست کے بعد پاکستانی ٹیم اور کپتان بابر اعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ جبکہ ٹیمبا باوما کی ٹیم جنوبی افریقہ نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ نیدرلینڈز کے خلاف شکست کو چھوڑ کر باقی چار میچز میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔


آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے بنگلور میں ہونے والے میچ میں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور خرابی کھیل کے سبب پوری انگلش ٹیم 33.2 اوورز میں 156 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سری لنکا نے ہدف صرف 22.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، اس شاندار کامیابی نے لنکن ٹائیگرز کو پوائنٹس ٹیبل پر 5 ویں پوزیشن پر پہنچا دیا جس کے بعد پاکستان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

ہندوستان 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ 8، 8 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر جبکہ آسٹریلیا 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

سری لنکا 4 پوائنٹس اور 0.205- کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ 5 ویں اور پاکستان 4 پوائنٹس 0.400- نیٹ رن ریٹ کے ساتھ چھٹے نمبر پر چلا گیا، افغانستان 7 ویں، بنگلا دیش 8 ویں، انگلینڈ 9 ویں اور نیدرلینڈز آخری نمبر پر ہے۔


پاکستان کیلئے آج کا میچ کرو یا مرو کی صورتحال اختیار کر گیا ہے کیونکہ میچ ہارنے کے باعث پاکستان کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی تمام امیدیں دم توڑ جائیں گی، جیتنے پر بھی اگلے مرحلے میں جانے کے لیے آسٹریلیا کے آئندہ ہونے والے میچز پر انحصار کرنا ہوگا۔ پاکستانی ٹیم میگا ایونٹ میں 5 میچز کھیل چکی جن میں سے 2 میں کامیاب ہوئی اور 3 میں ناکامی کا سامنا کر چکی ہے جبکہ جنوبی افریقہ بھی 5 میچز کھیل کر 4 میں کامیاب اور صرف ایک میں ناکام ہوئی ہے۔

پاکستان کے ساتھ ون ڈے میں باہمی ریکارڈ کے مطابق جنوبی افریقہ کی ٹیم کا پلڑا بھاری ہے، دونوں کے درمیان 82 ون ڈے میچز کھیلے گئے ہیں جن میں 30 میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی جبکہ 51 میچز جنوبی افریقہ نے جیتے ہیں اور ایک میچ بغیر نتیجہ رہا۔ ورلڈ کپ میچز میں بھی پروٹیز کو گرین شرٹس پر برتری حاصل ہے، پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں ورلڈ کپ میچز میں 5 بار آمنے سامنے آئیں، 3 میچز میں جنوبی افریقہ نے کامیابی حاصل کی جبکہ 2 میچز میں جیت پاکستان نے اپنے نام کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔