عالمی کپ 2019: آج بنگلہ دیش-جنوبی افریقہ میچ پر سب کی نظر، ہو سکتا ہے بڑا اُلٹ پھیر

کرکٹ عالمی کپ کا 5واں میچ آج جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے درمیان لندن کے اوول کرکٹ اسٹیڈیم میں دوپہر 3 بجے سے کھیلا جائے گا۔ پہلا میچ جنوبی افریقہ انگلینڈ سے ہار چکی ہے اس لیے آج کا میچ کافی اہم ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

جنوبی افریقہ کو آج آئی سی سی عالمی کپ کے اپنے دوسرے میچ میں دی اوول میدان پر بنگلہ دیش کا سامنا کرنا ہے۔ پہلے میچ میں چونکہ جنوبی افریقہ انگلینڈ سے 104 رنوں سے ہار گئی تھی، اس لیے آج کا میچ اس کے لیے بہت اہم ہے۔ چونکہ بنگلہ دیش ہمیشہ بڑا الٹ پھیر کے لیے مشہور رہی ہے اس لیے ذرا سی بھی لاپروائی جنوبی افریقہ کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ انگلینڈ کے خلاف جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کی کمزوری ابھر کر سامنے آئی تھی۔ ٹیم کی بلے بازی کپتان ڈوپلیسس اور کوئنٹن ڈیکوک پر ہی منحصر نظر آ رہی ہے۔ ان دونوں کے علاوہ ٹیم کے پاس کوئی دوسرا ایسا بلے باز نہیں جو کمال دکھا سکے یا ان دونوں کی طرح رن بنا سکے۔ ڈومنی اور ہاشم آملہ جیسے بلے بازی گزشتہ کچھ وقت سے کوئی کمال نہیں دکھا پا رہے ہیں۔


جہاں تک جنوبی افریقہ کی گیندبازی کا سوال ہے، اس شعبہ میں ٹیم اچھی نظر آر ہی ہے۔ انگلینڈ کے خلاف میچ میں مشکل حالات کے درمیان وکٹ حاصل کر کے گیندبازوں نے ثابت کیا تھا کہ وہ کسی بھی وقت اپنی کارکردگی سے سامنے والے بلے بازوں کو پریشان کر سکتے ہیں۔ ڈیل اسٹین کی غیر موجودگی میں ٹیم کچھ کمزور ضرور ہے اس لیے باقی گیندبازوں کو اچھا پرفارمنس دینا ہوگا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسٹین بنگلہ دیش کے خلاف بھی میدان پر نہیں اتریں گے۔

اسٹین کے علاوہ جنوبی افریقہ کے پاس کاگیسو ربادا اور لنگی نگیدی جیسے گندباز ہیں جو بے حد خطرناک ہیں۔ یہ دونوں اپنے دم پر کسی بھی ٹیم کو نمٹانے کا دم رکھتے ہیں۔ ویسے اسپن میں عمران طاہر بنگلہ دیش کے بلے بازوں کے لیے مصیبت بن سکتے ہیں۔ انھوں نے انگلینڈ کے خلاف بھی اچھی گیندبازی کی تھی اور اپنے پہلے اوور کی دوسری گیند پر ہی وکٹ لے کر میزبان ٹیم کو بیک فٹ پر لا دیا تھا۔


جہاں تک بنگلہ دیش کا سوال ہے، وہ اپنے کھلاڑیوں کو لگ رہی چوٹوں سے پریشان ہے۔ تمیم اقبال کو پریکٹس کے دوران کلائی میں چوٹ لگ گئی تھی جس کی وجہ سے وہ نیٹس سے واپس چلے گئے تھے۔ اب ان کی حالت کیسی ہے، یہ میچ شروع ہونے سے پہلے ہی چل پائے گا۔ کپتان مشرف مرتضیٰ کو بھی نسوں کے کھنچاو کی شکایت ہے۔ ہندوستان کے خلاف کھیلے گئے پریکٹس میچ میں انھیں کافی پریشانی ہو رہی تھی۔ مرتضیٰ نے حالانکہ بیان دیا تھا کہ وہ ٹھیک ہیں اور اپنے پہلے میچ میں کھیلیں گے۔

تیز گیندباز مستفیض الرحمن بھی پنڈلی میں چوٹ کے مسئلہ سے نبرد آزما ہیں۔ حالانکہ ان کے بھی پہلے میچ میں کھیلنے کے پورے امکان ہیں۔ محمود اللہ کو کندھے میں چوٹ لگی ہوئی ہے جب کہ شکیب الحسن کو پیٹھ میں تکلیف ہے۔ محمود اللہ کے چوٹ کے بارے میں تو زیادہ کچھ نہیں بتایا جا سکتا لیکن شکیب کے آج کھیلنے کے پورے امکان ہیں۔ اگر بنگلہ دیشی کھلاڑی اپنی چوٹ سے مقابلہ کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو یہ ٹیم خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ ویسے بھی یہ ٹیم ہمیشہ بڑی ٹیموں کے ساتھ الٹ پھیر کرنے کے لیے مشہور ہو چکی ہے۔


بنگلہ دیش کی بلے بازی اس وقت ٹھیک ٹھاک لگ رہی ہے۔ تمیم اقبال، سومیہ سرکار، لیٹن داس، مشفق الرحیم، محموداللہ اور شکیب ٹیم کی طاقت ہیں۔ مشفق الرحیم نے پریکٹس میچ میں اچھا کھیل دکھایا تھا اور وہ ٹھیک ٹھاک فارم میں نظر آ رہے ہیں۔ سومیہ سرکار اور تمیم اقبال اگر اچھا کھیل جاتے ہیں تو ٹیم کے لیے کافی مفید ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 02 Jun 2019, 1:10 PM