کلائیو لائیڈ ’نائٹ ہڈ‘ کے خطاب سے سرفراز، کرکٹ ویسٹ انڈیز نے پیش کی مبارکباد دی

کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتانوں میں سے ایک کلائیو لائیڈ کو کرکٹ کے لیے ان کی خدمات کے لیے یہ اعزاز دیا گیا ہے، انہیں بدھ کے روز ڈیوک آف کیمبرج نے ونڈسر کیسل میں اعزاز سے نوازا۔

کلائیو لائیڈ، تصویر آئی اے این ایس
کلائیو لائیڈ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سینٹ جانس (اینٹیگا): کرکٹ ویسٹ انڈیز (سی ڈبلیو آئی) نے ویسٹ انڈیز کے عظیم کھلاڑی سر کلائیو لائیڈ کو نائٹ ہڈ کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے۔ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتانوں میں سے ایک، کلائیو لائیڈ کو کرکٹ کے لیے ان کی خدمات کے لیے یہ اعزاز دیا گیا ہے۔ انہیں بدھ کے روز ڈیوک آف کیمبرج نے ونڈسر کیسل میں اعزاز سے نوازا۔

سی ڈبلیو آئی کے صدر رکی اسکیرٹ نے اس موقع پر کہا، سی ڈبلیو آئی اور ویسٹ انڈیز کرکٹ میں شامل سبھی لوگوں کی طرف سے میں سر کلائیو کو اعزاز کے لئے مبارکباد دیتا ہوں۔ سر کلائیو کرکٹ کی تاریخ میں ایک خصوصی مقام رکھتے ہیں۔ پہلا کرکٹ عالمی کپ جیتنے والے کھلاڑیوں نے پوری دنیا میں ویسٹ انڈیز کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لارڈز کی وہ جیت ویسٹ انڈیز کرکٹ میں ایک بہت اہم لمحہ تھا جب ہم نے یہ ثابت کیا کہ ہم سر کلائیو کی قیادت میں دنیا کی بہترین ٹیم ہیں۔ سر کلائیو نے ویسٹ انڈیز اور عالمی سطح پر کھیل کی ترقی میں بہت زیادہ تعاون کیا ہے اور کرکٹ شائقین کو اس اعزاز کا خیر مقدم کرنا چاہیے۔


سر کلائیو کی قیادت میں 1975 میں کھیلے گئے پہلے کرکٹ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے فائنل میں ویسٹ انڈیز نے لارڈز میں آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔ چار سال بعد انہوں نے ایک بار پھر ویسٹ انڈیز کو عالمی اعزاز دلایا۔ اس بار انہوں نے انگلینڈ کو تاریخی مقام پر شکست دی۔ انہوں نے 110 ٹیسٹ اور 87 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے اور ان کا شمار اب تک کے کامیاب ترین کپتانوں میں ہوتا ہے۔ ان کی کپتانی میں ٹیم نے بغیر کسی شکست کے 27 ٹیسٹ میچ کھیلے جس میں مسلسل 11 فتوحات شامل ہیں۔ وہ ویسٹ انڈیز ٹیم کے سابق مینیجر اور سلیکٹر اور آئی سی سی کے میچ ریفری بھی رہے۔ انہیں 2009 میں آئی سی سی کرکٹ ہال آف فیم میں شامل کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔