کرکٹ: ہندوستان-انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ دلچسپ موڑ پر

ہندوستانی اسپن گیندباز روی چندرن اشون کی بہترین گیند بازی کی بدولت انگلینڈ کی دوسری اننگ 178 رن پر سمٹ گئی۔ اشون نے 61 رن دے کر 6 بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

چنئی: آف اسپنر روی چندرن اشون نے شاندار گیندباز ی کرتے ہوئے 61 رن پر چھ وکٹ لے کر انگلینڈ کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پیر کو دوسری اننگز میں 178 رن پر سمیٹ دیا جس سے ہندستان کو مقابلہ جیتنے کے لئے 420 رن کا مشکل ہدف ملا۔ ہندستان نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اسٹمپس تک ایک وکٹ کھو کر 39 رن بنا لئے ہیں اور اسے جیتنے کے لئے میچ کے آخری دن 90 اوور میں 381 رن بنانے ہیں۔

انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 578 رن کا بڑا اسکور بنایا جبکہ ہندوستان نے چوتھے دن چھ وکٹ پر 257 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور اس کی پہلی اننگز 337 رن پر ختم ہوئی۔ انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 241 رن کی اہم سبقت حاصل ہوئی۔ انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 178رن بنائے اور اس نے ہندوستان کے سامنے 420 رن کا مشکل ہدف رکھا۔

اشون نے دوسری اننگز میں گیند بازی کی شروعات کی اور ٹرن اور اچھال لیتی پچ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 17.3 اوور میں 61 رن پر چھ وکٹ لیکر انگلینڈ کو 46.3 اوور میں 178رن پر سمیٹ دیا۔ اشون نے اس طرح 28 ویں مرتبہ اننگز میں پانچ وکٹ لئے۔ اشون نے انگلینڈ کے خلاف چوتھی اننگز میں پانچ وکٹ اور چنئی میں تیسری بار اننگز میں پانچ وکٹ لئے۔ اشون نے اس طرح میچ میں نو وکٹ پورے کئے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں تین وکٹ لئے تھے۔


لیفٹ آرم اسپنر شاہباز ندیم نے پندرہ اوور میں 66 رن پر دو وکٹ، تیز گیند باز ایشانت شرما نے سات اوور میں 24 رن پر ایک وکٹ اور جسپریت بمراہ نے چھ اوور میں 26رن پر ایک وکٹ لیا۔ ایشانت دوسری اننگز میں ڈینیل لارنس کا وکٹ لینے کے ساتھ ہی 300وکٹ لینے والے چھٹے ہندوستانی گیندباز بن گئے۔ وہ ہندوستان کی طرف سے یہ کامیابی حاصل کرنے والے تیسر تیز گیند باز بن گئے۔

انگلینڈ کی دوسری اننگز میں کپتان جو روٹ نے سب سے زیادہ چالیس رن بنائے۔ رو ٹ نے 32 گیندوں کی اننگز میں سات چوکے لگائے۔ روٹ نے پہلی اننگز میں 218 رن کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ روٹ کا یہ 100واں ٹیسٹ ہے اور اس میچ میں انہوں نے مجموعی طور پر 258 رن بنائے۔


اولی پوپ نے 28، ڈومنک بیس نے 25، جوس بٹلر نے 24، ڈومنک سبلے نے 16اور ڈینئل لارنس نے 18رن بنائے۔ اوپنر روری برنس کا کھاتہ نہیں کھلا جبکہ بین اسٹوکس نے سات رن بنائے۔ انگلینڈ کے آخری چار وکٹ محض 13رن جوڑ کر گرے اور اس کی دوسری اننگز آخری سیشن میں 178رن پر سمٹ گئی۔ جیک لیچ آٹھ رن پر ناٹ آوٹ رہے۔

اشون نے دوسری اننگز میں گیند بازی کی شروعات کی اور پہلی ہی گیند پر برنس کو اجنکیا رہانے کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ اشون نے پھر سبلے، اسٹوکس، بیس، جوفرا آرچر اور جیمس اینڈرسن کے وکٹ لئے۔ ندیم نے پوپ اور بٹلر کو آوٹ کیا جبکہ ایشانت نے لارنس اور بمراہ نے کپتان روٹ کی بیش قیمتی وکٹ لیا۔انہوں نے کپتان کو ایل بی بلیو آوٹ کیا۔


اس سے پہلے ہندستان نے صبح چھ وکٹ پر 257 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ واشنگٹن سندر نے 33 رن، روی چندر ن اشون نے 8 رن سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ ہندستان کی پہلی اننگز 95.5 اوور میں 337 رن پر ختم ہوئی۔ سندر 138 گیندوں پر 12 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 85 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کے پاس کوئی جوڑی دار نہیں بچا کہ وہ اپنی سنچری مکمل کر پاتے۔ اشون نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 31 رن بنائے۔ ہندستان کے نیچے کے بلے باز کچھ زیادہ نہیں کر سکے اور جلدی جلدی آوٹ ہوگئے۔

شاہباز ندیم نے اور جسپریت بمراہ کا کھاتہ نہیں کھلا جبکہ ایشانت شرما نے چار رن بنائے۔ سندر اور اشون نے ساتویں وکٹ کے لئے 80 رن کی شراکت کی۔ ہندستان نے آخری چار وکٹ 32 رن جوڑ کر گنوائے۔ انگلینڈ کی طرف سے آف اسپنر بیس نے 76 رن پر چار وکٹ لئے جبکہ اینڈرسن، آرچر اور جیک لیچ نے دو دو وکٹ لئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔