کرکٹ: ایشین گیمز میں افغانستان نے کیا بڑا الٹ پھیر، سیمی فائنل میں پاکستان کی شکست

ایشین گیمز کرکٹ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں آج افغانستان نے آسانی کے ساتھ پاکستان کو 4 وکٹ سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی، فائنل میں 7 اکتوبر کو اس کا مقابلہ ہندوستان سے ہوگا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

تنویر

ایشین گیمز میں کرکٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں آج جہاں ہندوستان نے بہ آسانی بنگلہ دیش کو شکست دے کر فائنل کا ٹکٹ کٹا لیا، وہیں دوسرے سیمی فائنل میں افغانستان نے بڑا الٹ پھیر کرتے ہوئے پاکستان کو 4 وکٹ سے پٹخنی دے دی۔ اب 7 اکتوبر کو فائنل میں افغانستان کا مقابلہ ہندوستان سے گولڈ میڈل کے لیے ہوگا، جبکہ کانسہ کا تمغہ حاصل کرنے کے لیے پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں بھی 7 اکتوبر کو ہی نبرد آزما ہوں گی۔

آج دوسرے سیمی فائنل میچ میں افغانستان کے کپتان گلبدین نائب نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا۔ اس فیصلے کو افغانستان کے گیندبازوں نے درست ثابت کیا، کیونکہ ہر تھوڑے وقفے پر پاکستان کا وکٹ گرتا رہا اور پوری ٹیم 18 اوورس میں ہی محض 115 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سب سے زیادہ 24 رن سلامی بلے باز عمیر یوسف نے بنائے اور 7 کھلاڑی تو دوہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکے۔


افغانستان کی طرف سے گیندباز فرید احمد کی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے 3 اوورس میں محض 15 رن دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ 2-2 وکٹ قیس احمد (3 اوورس میں 11 رن) اور ظہیر خان (3 اوورس میں 20 رن) کو حاصل ہوئے، جبکہ 1-1 وکٹ کپتان گلبدین نائب (4 اوورس میں 29 رن) اور کرم جنت (2 اوورس میں 12 رن) نے لیے۔

116 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے اترے افغانستان کے سلامی بلے باز محمد صدیق اللہ اٹل 5 رن، محمد شہزاد 9 رن، شاہد اللہ بغیر کوئی رن بنائے جلدی جلدی ضرور آؤٹ ہو گئے، لیکن نور علی زادران نے اچھی بلے بازی کی۔ انھوں نے 33 گیندوں پر 39 رن بنائے، جنھیں افسر ززئی کا تھوڑا بہت ساتھ ملا جنھوں نے 13 رنوں کا تعاون کیا۔ پھر کریم جنت بھی محض 3 رن بنا کر ہی آؤٹ ہو گئے، لیکن کپتان گلبدین نائب کی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے 19 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 26 رن بنائے۔ شرف الدین اشرف نے بھی ناٹ آؤٹ 6 رنوں کا تعاون کیا۔ اس طرح 116 رنوں کا ہدف افغانستان نے 17.5 اوورس میں 6 وکٹ کے نقصان پر ہی حاصل کر لیا۔


پاکستان کی طرف سے گیندبازی انتہائی مایوس کن رہی، کیونکہ عامر جمال اور قاسم اکرم بہت خرچیلے ثابت ہوئے۔ دونوں نے مل کر 4.5 اوورس میں 47 رن خرچ کر دیے اور صرف قاسم ہی 1 وکٹ حاصل کر سکے۔ عرفات منہاس نے ضرور اچھی گیندبازی کی جنھوں نے 3 اوورس میں 11 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔ 2 وکٹ عثمان قادر نے بھی لیے جنھوں نے 4 اوورس میں 20 رن دیے۔ 1 وکٹ صفیان مقیم کو حاصل ہوا جنھوں نے 4 اوورس میں 18 رن دیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔