جذبات کو قابو میں رکھنا میرے کول رہنے کا راز: ایم ایس دھونی

ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھونی نے کہا کہ میدان میں جذبات پر کنٹرول رکھنا ہی ان کے کول رہنے کا راز ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھونی نے کہا کہ میدان میں جذبات پر کنٹرول رکھنا ہی ان کے کول رہنے کا راز ہے۔ مہیندر سنگھ دھونی نے کہا، ’’ہر کھلاڑی کی طرح میں بھی اس وقت مایوس اور ناراض ہو جاتا ہوں جب حالات ہمارے موافق نہیں رہتے ہیں لیکن اس وقت میں صرف اپنے کھیل پر توجہ دیتا ہوں اور منفی طاقت سے دور رہتا ہوں۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’کرکٹ کے کسی بھی فارمیٹ میں، میں صورت حال کے مطابق اپنے کھیل پر توجہ دیتا ہوں، ٹیسٹ کرکٹ میں حکمت عملی بنانے کے لئے آپ کے پاس وقت ہوتا ہے لیکن ون ڈے میں وقت محدود ہوتا ہے اور یہ آپ کے لئے مشکل ہو جاتا ہے۔ ایسے ہی ٹوئنٹی -20 میں ہر پل پوزیشن مختلف ہے اور آپ کو کم وقت میں سوچ کر اپنی حکمت عملی طے کرنی ہوتی ہے اس لئے تینوں فارمیٹ الگ الگ ہیں۔‘‘


سال 2007 کے آئی سی سی ورلڈ کپ میچ میں روایتی حریف پاکستان کے خلاف بال آؤٹ کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم اس کے لئے تیار تھی اور جو اسٹمپس کو زیادہ مار کر سکتے تھے انہیں بولنگ کا موقع ملا۔ دھونی نے کہا، ’’ہمارے پاس اس سے پہلے تک بال آؤٹ کا کوئی تجربہ نہیں تھا، ہم صرف پریکٹس سیشن میں اس کی پریکٹس کرتے تھے۔ ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ اگر ایسی صورت بنی تو ہم ان کھلاڑیوں سے بولنگ کرائیں گے جو نیٹ سیشن کے وقت اسٹمپ پر زیادہ گیند ہٹ کرتے ہیں۔‘‘

دھونی نے 2007 ٹی -20 ورلڈ کپ جیتنے کا کریڈٹ پوری ٹیم کو دیا۔ انہوں نے کہا، ’’میرے خیال سے صرف کچھ کھلاڑی آپ کو جیت نہیں دلا سکتے۔ ٹیم میں تمام کھلاڑیوں کا تعاون ضروری ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم 2007 میں جیت سکے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Oct 2019, 8:00 PM