ہندوستان-انگلینڈ کے درمیان مانچسٹر میں ہونے والے ٹیسٹ پر خطرات کے بادل!

انڈین کرکٹ بورڈ کے سربراہ سورو گانگولی کا کہنا ہے کہ ’’اس وقت ہم نہیں جانتے کہ میچ ہو پائے گا یا نہیں، امید ہے کہ میچ ہوگا۔‘‘

ٹیم انڈیا / بی سی سی آئی / ٹوئٹر
ٹیم انڈیا / بی سی سی آئی / ٹوئٹر
user

تنویر

ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جا رہی پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ 10 ستمبر سے مانچسٹر واقع اولڈ ٹریفرڈ میں کھیلا جانا ہے، لیکن اس میچ پر خطرات کے بادل منڈلاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ دراصل انگلینڈ میں موجود ہندوستانی بریگیڈ کے کئی اراکین پہلے سے ہی کورونا کی زد میں آ چکے ہیں جس کی وجہ سے وہ 10 دنوں کے لیے کوارنٹائن میں ہیں، اور آج ہندوستانی ٹیم کا مزید ایک سپورٹ اسٹاف کورونا پازیٹو پایا گیا ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ آج یعنی 9 ستمبر کو ہندوستانی ٹیم کا پریکٹس سیشن کینسل کرنا پڑ گیا۔ سپورٹ اسٹاف کے کورونا پازیٹو آنے کی خبر کے بعد مکمل ہندوستانی ٹیم کو ہوٹل کے کمرے میں رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے اور سبھی کا آر ٹی-پی سی آر ٹیسٹ بھی کیا گیا ہے۔ اگر کسی کھلاڑی کی رپورٹ پازیٹو آتی ہے تو پھر پانچواں ٹیسٹ رد ہو سکتا ہے۔

اس تعلق سے انڈین کرکٹ بورڈ کے سربراہ سورو گانگولی کا بیان بھی میڈیا میں سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’اس وقت ہم نہیں جانتے کہ میچ ہو پائے گا یا نہیں۔ امید ہے کہ میچ ہوگا۔‘‘ ظاہر سی بات ہے کہ اب سب کچھ آر ٹی-پی سی آر ٹیسٹ کے ریزلٹ پر منحصر ہے۔ اگر ٹیم کا کوئی اہم کھلاڑی کورونا کی زد میں آ گیا تو میچ شروع ہونا ممکن نہیں ہو پائے گا۔


واضح رہے کہ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان لندن کے اوول میں کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ کے دوران ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ روی شاستری کورونا پازیٹو پائے گئے تھے۔ ان کے بعد ہندوستانی ٹیم کے گیندبازی کوچ بھرت ارون اور فیلڈنگ کوچ آر شری دھر بھی کورونا پازیٹو پائے گئے۔ تینوں ہی 10 دن کے لیے کوارنٹائن میں ہیں اور آخری ٹیسٹ کے لیے ٹیم کے ساتھ نہیں ہیں۔ آج ہندوستانی ٹیم کے جونیئر فیزیو یوگیش پرمار کورونا کی زد میں آ گئے ہیں جس کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم کافی فکرمند ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔