حیدرآباد پر چھ وکٹ کی شاندار جیت سے چنئی پلے آف میں

چنئی سپرکنگز نے پلے آف میں بنا لی ہے۔ چنئی نے پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوچکی سن رائزرس حیدرآباد کو جمعرات کو آئی پی ایل مقابلے میں چھ وکٹ سے شکست دیکر پلے آف کا ٹکٹ حاصل کر لیا

آئی پی ایل / ٹوئٹر
آئی پی ایل / ٹوئٹر
user

یو این آئی

شارجہ: آئی پی ایل فہرست میں چوٹی پر چل رہی چنئی سپرکنگز نے پلے آف میں بنا لی ہے۔ چنئی نے پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوچکی سن رائزرس حیدرآباد کو جمعرات کو آئی پی ایل مقابلے میں چھ وکٹ سے شکست دیکر پلے آف کا ٹکٹ حاصل کر لیا۔

چنئی نے حیدرآباد کو 20اوور میں سات وکٹ پر 134رن پر روکا اور 19.4اوور میں چار وکٹ پر 139 رن بناکر جیت حاصل کی اور پلے آف میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ چنئی کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے جیت کا چھکا مارا اور ٹیم کو گیارہ میچوں میں نویں جیت دلائی۔

چنئی کے لئے اس کے تیز گیند باز جوش ہلزووڈ نے چار اوور میں 24رن دیکر تین وکٹ حاصل کئے جبکہ کیربیائی آل راونڈر ڈوین براوو نے محض 17رن دیکر دو وکٹ لئے۔ شاردل ٹھاکر نے چار اوور میں 37رن پر ایک وکٹ اور رویندر جڈیجہ نے تین اوور میں محض 14رن دیکر ایک وکٹ لیا۔


حیدرآباد کی طرف سے سلامی بلے باز اور وکٹ کیپر ردھیمان ساہا نے 46گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 44رن کی اننگز کھیلی۔ ابھیشیک شرما اور عبدالسمد دونوں نے 18-18رن بنائے۔ ابھیشیک نے 13گیندوں پر ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا جبکہ سمد نے 14گیندوں میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ افغانی کھلاڑی راشد خان نے 13گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 17رن بنائے۔

حیدرآباد کے کپتان کین ولیمسن نے 11گیندوں پر دوچوکوں کی مدد سے 11رن بنائے اور انہیں براوو نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ اوپنر جیسن رائے سات گیندوں میں دو رن بناکر ہزلووڈ کے شکار بنے۔ پریم گرگ دس گیندوں میں سات رن بناکر آوٹ ہوئے جبکہ جیسن ہولڈر پانچ گیندوں میں پانچ رن بنکر باونڈری پر دیپک چہار کے ہاتھوں بہترین کیچ کے ذریعہ آوٹ ہوئے۔


چنئی کی ٹیم کے لئے پچھلے سیزن میں پلے آ ف کی دوڑ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بنی تھی لیکن اس بار وہ پلے آف میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بنی ہے۔ چنئی کے کپتان دھونی اپنی عادت کی طرح میچ کو آخری اوور تک لے گئے اور سدھارتھ کول کے اس اوور کی چوتھی گیند پر مڈآن کے اوپر سے زبردست چھکا لگاکر میچ ختم کر دیا۔

چنئی کو میچ میں شرت راج گائکواڈ اور فاف ڈوپلیسس نے اوپنگ شراکت میں 10.1اوور میں 75رن جوڑکر ٹیم کو شاندار شروعات دی۔ گائکواڈ نے 38گیندوں پر 45رن میں پانچ چوکے اور دو چھکے لگائے۔ جیسن ہولڈر نے گائکواڈ کا وکٹ لیا۔ معین علی 17گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 17رن بناکر راش خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ راشد کی گیند معین کے پیر سے لگ کر گری اور اسٹمپ میں گھس گئی۔


ہولڈر نے 16ویں اوور میں سریش رینا کو دو رن پر ایل بی ڈبلیو کی اور اپنے اس اوور کی پانچویں گیند پر فاف ڈوپلیسس کو کو ل کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ ڈو پلیسس نے 36گیندوں پر 41رن میں تین چوکے اور دو چھکے لگائے۔ امباتی رائیڈو نے 13گیندوں پر ناٹ آوٹ 17رن میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایاج جبکہ دھونی نے 11گیندوں پر ناٹ آوٹ 14رن میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ جوش ہزلووڈ کو پلیئر آف دی میچ کا انعام ملا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔