چیمپئنز ٹرافی 2025: دو ٹیمیں سیمی فائنل میں، گروپ بی میں تین دعویدار، جانیں تازہ صورتحال
چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ اور ہندوستان پہنچ چکے ہیں، جبکہ گروپ بی میں جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور افغانستان میں سے دو ٹیمیں جگہ بنا سکتی ہیں۔ فیصلہ آئندہ میچوں پر منحصر ہوگا

چیمپین ٹرافی 2025 / Getty Images
چیمپئنز ٹرافی 2025 اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور سیمی فائنل کی دوڑ مزید سنسنی خیز ہو گئی ہے۔ گروپ اے سے ہندوستان اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے لیکن گروپ بی میں ابھی بھی تین ٹیمیں دعویدار ہیں۔ اس گروپ میں جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور افغانستان کے درمیان سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے سخت مقابلہ جاری ہے، جبکہ انگلینڈ پہلے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکا ہے۔
گروپ بی کی تازہ صورتحال کے مطابق، جنوبی افریقہ +2.140 کے نیٹ رن ریٹ (این آر آر) کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ آسٹریلیا +0.475 کے رن ریٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ افغانستان نے اب تک دو میچ کھیلے ہیں، جن میں ایک جیتا اور ایک ہارا ہے اور اس کا نیٹ رن ریٹ -0.990 ہے۔ دوسری طرف، انگلینڈ کا نیٹ رن ریٹ -0.305 ہے اور وہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکا ہے۔
اگر 28 فروری کو آسٹریلیا افغانستان کے خلاف جیت جاتا ہے تو وہ پانچ پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا اور اس کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کی ٹیم بھی سیمی فائنل میں جگہ بنا لے گی لیکن اگر افغانستان یہ میچ جیت لیتا ہے، تو اس کے چار پوائنٹس ہو جائیں گے اور وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا، جبکہ آسٹریلیا کو اپنے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے میچ کے نتیجے پر انحصار کرنا ہوگا۔
جنوبی افریقہ کا انگلینڈ کے خلاف میچ یکم مارچ کو کراچی میں ہوگا۔ اگر جنوبی افریقہ یہ میچ جیت لیتا ہے تو اس کے پانچ پوائنٹس ہو جائیں گے لیکن اگر وہ ہار جاتا ہے تو اس کے تین پوائنٹس ہی رہیں گے، جبکہ انگلینڈ جیت کر بھی صرف دو پوائنٹس حاصل کر سکے گا۔
دلچسپ صورتحال یہ ہے کہ اگر آسٹریلیا افغانستان سے ہار جاتا ہے، تب بھی اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا امکان باقی ہے، مگر اس کے لیے اسے امید رکھنی ہوگی کہ انگلینڈ جنوبی افریقہ کو بڑے مارجن سے شکست دے، تاکہ نیٹ رن ریٹ کے حساب سے آسٹریلیا کو فائدہ پہنچے۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سیمی فائنل کے لیے اگلے دو میچز فیصلہ کن ثابت ہوں گے اور گروپ بی کی صورتحال ابھی تک واضح نہیں ہو سکی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔