چمپئنز ٹرافی: بٹلر اپنی کپتانی کے آخری میچ میں بھی انگلینڈ کو جیت نہیں دلا سکے، جنوبی افریقہ نے 7 وکٹ سے ہرایا

ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کل ٹورنامنٹ کا آخری لیگ میچ کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی ٹیم فتحیاب ہوتی ہے تو اس کا مقابلہ پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے ہوگا، ورنہ اسے جنوبی افریقہ سے چیلنج ملے گا۔

<div class="paragraphs"><p>جنوبی افریقہ کی جیت کے ہیرو ہنرک کلاسین اور وان ڈر ڈوسین، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/ICC">@ICC</a></p></div>

جنوبی افریقہ کی جیت کے ہیرو ہنرک کلاسین اور وان ڈر ڈوسین، تصویر@ICC

user

قومی آواز بیورو

’چمپئنز ٹرافی 2025‘ انگلینڈ ٹیم کے لیے انتہائی مایوس کن ثابت ہوا۔ وہ اپنا آخری لیگ میچ بھی آج جنوبی افریقہ سے انتہائی شرمناک انداز میں 7 وکٹ سے ہار گئی۔ جوس بٹلر کے لیے بطور کپتان یہ آخری میچ تھا اور وہ امید کر رہے تھے کہ کپتانی اننگ کا خاتمہ فتح کے ساتھ کریں، لیکن جنوبی افریقہ نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ اس شکست کے بعد انگلینڈ ’گروپ بی‘ آخری پائیدان پر کھڑی دکھائی دے رہی ہے۔ دوسری طرف جنوبی افریقہ نے 5 پوائنٹس کے ساتھ پہلے مقام پر قبضہ کر لیا ہے۔ آج کے میچ نے چاروں سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا نام طے کر دیا ہے، حالانکہ کس کا مقابلہ کس کے ساتھ ہوگا، یہ ابھی طے نہیں ہو پایا ہے۔

اس ٹورنامنٹ کا آخری مقابلہ کل ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ’گروپ اے‘ کی یہ دونوں ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں اور دونوں ہی ٹیموں کے 4-4 پوائنٹس ہیں۔ کل جو بھی ٹیم فتحیاب ہوگی، وہ گروپ میں پہلے مقام پر پہنچے گی اور شکست خوردہ ٹیم دوسرے مقام پر رہے گی۔ ہندوستانی ٹیم فتحیاب ہوتی ہے تو 4 مارچ کو پہلے سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا، ورنہ اسے جنوبی افریقہ سے چیلنج ملے گا۔ دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو کھیلا جائے گا، لیکن کل کا میچ ختم ہونے کے بعد ہی پتہ چل پائے گا کہ کون سی ٹیمیں لاہور میں مد مقابل ہوں گی۔


بہرحال، آج کراچی واقع نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا انگلینڈ بمقابلہ جنوبی افریقہ میچ ایک طرح سے رسمی تھا۔ ایسا اس لیے کیونکہ افغانستان کے لیے سیمی فائنل میں پہنچنا تبھی ممکن ہو پاتا اگر جنوبیا فریقہ کو انگلینڈ 207 رنوں سے شکست دیتا۔ چونکہ انگلش ٹیم آج محض 179 رن ہی بنا سکی، اس لیے دوسری اننگ شروع ہونے سے پہلے ہی جنوبی افریقہ سیمی فائنل پہنچ گیا۔ پھر جب جنوبی افریقہ کی بلے بازی شروع ہوئی تو انگلینڈ کبھی بھی جیت کے قریب دکھائی نہیں دیا۔ جیت کے لیے ضروری 180 رنوں کا ہدف جنوبی افریقہ نے محض 3 وکٹ کے نقصان پر 29.1 اوورس میں ہی حاصل کر لیا۔

آج پورے میچ میں جنوبی افریقہ کے گیندباز اور بلے باز ہی چھائے رہے۔ پہلے گیندبازی میں مارکو جانسن اور ویان مولڈر نے 3-3 وکٹ لے کر انگلش بلے بازی کی کمر توڑی، پھر بلے بازی میں راسی وان ڈر ڈوسین (87 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 72 رن) اور ہنرک کلاسین (56 گیندوں پر 64 رن) نے انگلینڈ کی شکست کو یقینی بنا دیا۔ گیندبازی تو اسپنر کیشو مہاراج نے بھی شاندار کی، جنھوں نے ہیری بروک اور لیونگسٹن جیسے اہم بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 1-1 وکٹ لنگی اینگیڈی اور کگیسو رباڈا کو بھی ملے۔


انگلینڈ کی بات کریں تو بلے بازی میں جو روٹ (37 رن)، جوفرا آرچر (25 رن)، بین ڈکیٹ (24 رن) اور کپتان جوس بٹلر (21 رن) ہی کچھ حد تک مزاحمت کر سکے، باقی کوئی 20 رن تک بھی نہیں پہنچ سکا۔ 5 کھلاڑی تو دوہرے ہندسہ میں بھی داخل نہیں ہو سکے۔ اسی طرح گیندبازی میں جوفرا آرچر نے 2 وکٹ ضرور حاصل کیے، لیکن 9 اوورس میں 55 رن خرچ کر دیے۔ ایک وکٹ عادل رشید کے حصے میں آیا جنھوں نے 7 اوورس میں 37 رن دیے۔ باقی گیندبازوں نے وکٹ بھی نہیں لیا اور 6 سے زیادہ کے ریٹ سے رن دیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔