چمپئنز ٹرافی 2025: ہندوستانی ٹیم کی جرسی پر نظر آئے گا پاکستان کا نام، لیکن کیوں؟
چمپئنز ٹرافی 2025 میں ہندوستانی ٹیم اپنا پہلا مقابلہ 20 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔ ہندوستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ اپنے روایتی حریف پاکستان کے خلاف 23 فروری کو کھیلے گی۔

تصویر@mufaddal_vohra
پاکستان کی میزبانی میں کھیلی جانے والی ’چمپئنز ٹرافی 2025‘ کی شروعات 19 فروری سے ہونے والی ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان کے تمام میچ بشمول فائنل (اگر پہنچتی ہے) ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی میں کھیلے جائیں گے۔ ویسے تو پاکستان کی میزبانی میں کھیلی جانے والی چمئنز ٹرافی 2025 شروع سے ہی تنازعہ کا شکار رہی ہے، اب ایک نیا تنازعہ شروع ہو گیا تھا جس پر بی سی سی آئی نے بریک لگا دیا ہے۔ حالیہ دنوں میں کچھ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ ہندوستانی ٹیم نے اپنی جرسی پر پاکستان کا نام لکھوانے سے منع کر دیا ہے۔ لیکن بی سی سی آئی نے ایسی کسی بھی خبر کو محض افواہ قرار دیا ہے۔
واضح ہو کہ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق جو بھی ملک آئی سی سی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرتا ہے اس کا نام ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کی جرسی پر ہوتا ہے۔ بی سی سی آئی کے نئے سکریٹری دیوجیت سائکیا نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ چمپئنز ٹرافی کے دوران بی سی سی آئی جرسی سے متعلق تمام اصول پر عمل کرے گا۔ حال ہی میں پاکستانی میڈیا نے بھی اس ایشو کو اٹھایا تھا اور بی سی سی آئی پر ہندوستانی ٹیم کی جرسی پر پاکستان کا نام لکھوانے سے منع کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ چمپئنز ٹرافی 2025 میں ہندوستانی ٹیم اپنا پہلا مقابلہ 20 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔ ہندوستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ اپنے روایتی حریف پاکستان کے خلاف 23 فروری کو، جبکہ اپنے گروپ اسٹیج کا آخری میچ 2 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ اس کے بعد سیمی فائنل اور فائنل کھیلا جائے گا۔ اگر ہندوستانی ٹیم سیمی فائنل اور فائنل کے لیے کوالیفائی کرتی ہے تو یہ مقابلے ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی میں ہی کھیلے جائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔