چمپئنز ٹرافی 2025: ہندوستان اور پاکستان کا مقابلہ یو اے ای میں 23 فروری کو کھیلا جائے گا، اہم تفصیلات آئیں سامنے
ہندوستان کا پہلا مقابلہ 20 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف اور آخری مقابلہ 2 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا جائے گا، ہندوستان ٹورنامنٹ کھیلنے پاکستان نہیں جائے گا اور اس کے سبھی میچ یو اے ای میں ہوں گے۔

چمپئنز ٹرافی 2025 کو لے کر دھیرے دھیرے چیزیں صاف ہوتی جا رہی ہیں۔ پہلے یہ طے پایا کہ مقابلہ ہائبرڈ ماڈل میں کھیلا جائے گا، اور اب یہ بھی طے پا گیا ہے کہ ہندوستانی ٹیم اپنے سبھی میچ یو اے ای میں کھیلے گی۔ جو خبریں سامنے آ رہی ہیں اس میں بتایا جا رہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلہ 23 فروری یعنی اتوار کے روز کھیلا جائے گا۔
جیسی امید کی جا رہی تھی، ٹھیک ویسا ہی دیکھنے کو مل رہا ہے۔ آخر کار پی سی بی (پاکستان کرکٹ بورڈ) کے چیئرمین محسن نقوی اور یو اے ای کے سینئر وزیر و امیرات کرکٹ بورڈ کے چیف شیخ ناہیان المبارک کے درمیان پاکستان میں ہوئی ملاقات کے بعد اس بات پر مہر لگ گئی کہ ہندوستان اپنے سبھی مقابلے یو اے ای میں کھیلے گا اور ہند-پاک مقابلہ کے لیے 23 فروری دن کا مقرر ہوا۔ پی سی بی ترجمان عامر امیر نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ’’پی سی بی نے یو اے ای کو نیوٹرل مقام کے طور پر منتخب کیا ہے۔‘‘
جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، اس کے مطابق ہندوستان اپنا پہلا میچ 20 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔ دوسرا میچ پاکستان کے خلاف 23 فروری کو تیسرا و آخری لیگ میچ 2 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ چونکہ ہندوستان نے چمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان نہ جانے کا فیصلہ پہلے ہی کر لیا تھا، اس لیے کافی غور و خوض کے بعد یو اے ای کو ہندوستان کے سبھی مقابلے کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ اگر ہندوستان سیمی فائنل میں پہنچتا ہے تو پہلا سیمی فائنل بھی یو اے ای میں ہی ہوگا۔ اگر ہندوستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کرتا تو پھر سبھی سیمی فائنل میچ پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ ہندوستان اگر 9 مارچ کو فائنل مقابلہ کھیلتا ہے تو یہ مقابلہ بھی یو اے ای میں ہی کھیلا جائے گا، ورنہ فائنل لاہور میں ہوگا۔
واضح رہے کہ چمپئنز ٹرافی میں 2 گروپ بنائے گئے ہیں۔ گروپ ’اے‘ میں ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ گروپ ’بی‘ میں افغانستان، آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں ہیں۔ چمپئنز ٹرافی کا پہلا میچ 19 فروری کو میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کا دوسرا گروپ مقابلہ بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی میں 27 فروری کو ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔