چمپئنز ٹرافی 2025: ’کفر ٹوٹا خدا خدا کر کے‘، ہندوستان اپنے سبھی میچ دبئی میں کھیلے گا، پاکستان کو نہیں ملے گا معاوضہ!
پاکستان بورڈ کو امید تھی کہ ہائبرڈ ماڈل کے عوض اسے کروڑوں روپے ملیں گے لیکن ایسا نہیں ہو رہا، ساتھ ہی ہندوستان اگر فائنل میں پہنچا تو یہ بھی دبئی میں کھیلا جائے گا بصورت دیگر فائنل لاہور میں ہوگا۔
چمپئنز ٹرافی، تصویر@TheRealPCB
’چمپئنز ٹرافی 2025‘ کو لے کر جاری رسہ کشی بالآخر ختم ہو گئی معلوم پڑ رہی ہے۔ یعنی ’کفر ٹوٹا خدا خدا کر کے‘۔ موصولہ خبروں کے مطابق آئی سی سی نے چمپئنز ٹرافی 2025 ہائبرڈ ماڈل پر کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور یہ ایک غیر رسمی میٹنگ میں طے پایا۔ جو خبریں سامنے آ رہی ہیں اس کے مطابق ہندوستانی ٹیم اپنے سبھی میچ دبئی میں کھیلے گی۔ یہ بھی طے پایا ہے کہ اگر ہندوستان اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچتا ہے تو فائنل مقابلہ بھی دبئی میں ہی کھیلا جائے گا، بصورت دیگر فائنل مقابلہ لاہور یعنی پاکستان میں کھیلا جائے گا۔
بڑی خبر یہ بھی ہے کہ ہائبرڈ ماڈل کے باوجود پاکستان کو آئی سی سی کوئی اضافی رقم یعنی معاوضہ نہیں دینے والا۔ پاکستان بورڈ کو امید تھی کہ ہائبرڈ ماڈل کی صورت میں اسے کروڑوں روپے ملیں گے، لیکن اس کی امید پر پانی پھر گیا ہے۔ یہ جانکاریاں پاکستان کے اسپورٹس جرنلسٹ مرزا اقبال بیگ نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر ویڈیو پیغام کے ذریعہ بھی دیا ہے۔ انھوں نے بتایا ہے کہ بیشتر چیزیں طے پا گئیں ہیں، لیکن چند ایک چیزیں آنے والے دنوں میں فائنل ہو جائیں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ 2026 میں ہونے والے ٹی-20 عالمی کپ میں ہندوستان اور پاکستان کا میچ کولمبو میں کھیلا جائے گا، لیکن یہ صرف لیگ مقابلے کے لیے طے پایا ہے۔ اگر دونوں ٹیمیں سیمی فائنل یا فائنل میں مد مقابل ہوتی ہیں تو پاکستان کو ہندوستان کا دورہ کرنا ہوگا۔ پاکستان کے لیے ایک اچھی خبر یہ سامنے آئی ہے کہ اسے 2027 میں ویمنس ٹرافی دینے کے لیے آئی سی سی راضی ہے۔
بہرحال، جئے شاہ کے آئی سی سی چیئرمین بننے کے بعد یہ پہلا بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے۔ اب امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی آئی سی سی چمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان بھی کر دے گا۔ یہ ٹورنامنٹ 19 فروری 2025 سے 9 مارچ 2025 کے درمیان کھیلا جائے گا، اس لیے میچ کا شیڈول جاری ہونے میں مزید تاخیر ممکن نہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔